منہ کی حفاظت صحت کی ضمانت!

2,384

20مارچ کو اورل ہیلتھ کا عالمی دن منایا جاتا ہے ۔دانت ہماری مجموعی صحت اور ہماری شخصیت پر اثر ڈالتے ہیں لیکن اکثر ہم اپنے منہ اور دانتوں کی صحت کو مناسب توجہ نہیں دیتے ۔ جس طرح چہرہ انسانی شخصیت کا آئینہ دار ہوتاہے اسی طرح منہ کی صحت بھی صحت مند اورپر کشش نظر آنے کے لیے ضروری ہے ۔

دانت،مسوڑھے اور زبان کی صحت کو برقرار رکھنے کے لئے منہ کی دیکھ بھال کرنے کی ضرورت ہوتی ہے ۔منہ کے مسائل میں منہ کی بو،منہ کا خشک ہونا، ٹھنڈااورگرم لگنا، جبڑوں میں دردیاسوجن، زبان اور گلے کا کینسر ، منہ اور زبان کے زخم ، پیدائشی نقائص مثلاً کلیفٹ ہونٹ اور تالووغیرہ اور مسوڑھوں اور دانتوں کے مسائل شامل ہیں۔ یہ تمام مسائل آپکے پورے جسم کو متاثر کرسکتے ہیں ان مسائل کی تشخیص اور مناسب دیکھ بھال کے ساتھ یہ تمام مسائل کا حل ممکن ہے۔سمجھیئے آپکا منہ آپکے جسم کی کھڑکی ہے، یہ آپ میں غذائیت کی کمی یا عام انفیکشن کی علامات کو ظاہر کرسکتاہے۔

آپ کے منہ کی صحت اور مجموعی صحت کے درمیان تعلق کو سمجھ کر آپ اپنی بہتر نگہداشت اور صحت کا بہتر خیال رکھ سکتے ہیں ۔

اورل ہیلتھ اور مجموعی صحت

جسم کی طرح ہمارے منہ میں بھی بیکٹیریا زموجود ہوتے ہیں۔منہ میں پائے جانے والے بیکٹیریا میں سے اکثر نقصان دہ نہیں ہوتے ،اگرمنہ میں موجود بیکٹیریا صحت مند ہے توکیویٹیز کا خطرہ کم پایا جاتاہے۔عام طور پرروزانہ برش اور فلاسنگ قدرتی دفاع اور اچھی اورل ہیلتھ کے لیے ضروری ہے۔ غیر مناسب دانتوں اور منہ کی صفائی کی وجہ سے بیکٹیریا پھیل کر انفیکشن جیسے دانتوں کی سڑن اور دیگر مسوڑھوں کی بیماریاں ہو سکتی ہیں۔ دانتوں میں موجو دبیکٹیریا ایسڈبناتے ہیں اور اس ایسڈ سے دانت گھل جاتے ہیں ۔ہضم کا فعل منہ سے ہی شروع ہوتاہے ۔یہی وجہ ہے کہ جن لوگوں کے دانت گر جاتے ہیں انکے نظام ہاضمہ میں ضرور فرق پڑتاہے اور صحت پر مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

بعض اوقات کچھ ادویات جیسے ڈی کنجیسٹنٹ ،اینٹی ہسٹامینزاور پین کلروغیرہ منہ کو خشک کردیتی ہیں۔ تھوک منہ کی نقصان دہ بیکٹیریا سے حفاظت کرتا ہے ۔ منہ کی خشکی نقصان دہ بیکٹیریاز کے پیدا ہونی کی وجہ بن سکتی ہے ۔

شوگر اور ایڈز کی بیماری کی وجہ سے انفیکشن کے خلاف جسم کی مزاحمت کم ہوجاتی ہے جس سے اورل ہیلتھ کے مسائل زیادہ شدت اختیار کر سکتے ہیں۔

حفاظتی اقدامات

خواہ بچے ہوںیا بڑے ، آپ کے دانتوں کی صحت اہم ہے ۔ محققین نے وضاحت کی ہے کہ جب منہ میں تیزابیت بڑھ جاتی ہے تو اس سے کیویٹیز ( بچوں کی ایک عام دانتوں کی بیماری)اور دانتوں کے دوسرے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ عموماً لوگ دانتوں میں درد کی شکایت یا پھر کسی دوسر ے مسئلہ کے تحت ہی ڈاکٹر کے پاس جاتے ہیں لیکن باقاعدگی سے ڈاکتر سے منہ کا معائنہ اور دانتوں وغیرہ کا چیک اپ کرانا صحت کے کئی مسائل سے بچا سکتا ہے ۔ منہ کی حفاظت کرنے کے لیے ذیل میں بیان کی گئی تجاویز آپکے لئے معاون ثابت ہوسکتی ہیں:۱۔اگر آپ کو دانتوں کے درد کا سامناہوتو آپ فوراً ڈینٹسٹ کے پاس جائیں۔

1۔باقاعدگی سے دانتوں کاچیک اپ کرائیں چاہے درد ہو یا نہ ہو۔
2۔ دن میں دو بار برش کریں،رات سونے سے پہلے اور صبح ناشتے کے بعد۔
3۔ اپنے دانتوں کو دن میں ایک مرتبہ ضرور فلاس کریںیا پھر دوسرے انٹرڈینٹل کلینر کی مدد سے صفائی کریں۔
4۔ہر تین سے چار ماہ کے درمیان اپنا ٹوتھ برش تبدیل کریں۔
5۔اسنیکس کو محدود کرکے متوازن غذا کا استعمال کریں۔
6۔ چھوٹے بچوں کو چاکلیٹ اور ٹافیز وغیرہ سے جتناہو سکے دور رکھیں۔


شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...