ایچ ٹی وی اردو

خشک جلد والے یہ چیزیں نہ لگائیں

dry skin

ہم میں سے اکثر لوگ جلد اور بالوں کی خوبصورتی بڑھانے کے لئے کیمیکل والی پروڈکٹس کے بجائے قدرتی چیزوں کو فوقیت دیتے ہیں ۔اور یہ غلط بھی نہیں بہت سی قدرتی اشیاء جیسے ہلدی،چکنی مٹی اورشہد جلد اور بالوں کے لئے نہایت مفید ہیں۔لیکن اپنی جلد کے لئے استعمال کرتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھنا چاہئے کہ ان کو ایسے اجزاء کے ساتھ شامل کیا جائے جو جلد کے لئے نقصان دہ نہ ہوں دوسری طرف یہ بات بھی ذہن میں رکھنی چاہئے کہ عمر کے لحاظ سے جلد کی ضرورت بھی الگ ہوتی ہے۔یعنی جو چیز آپ 16سال کی عمر میں جلد پر لگا رہی ہیں وہ 20سال کی عمر میں نہیں لگاسکتیں۔پھر ان چیزوں کے استعمال کا دارومدار موسم پر بھی ہوتا ہے یعنی آپ جس علاقے میں رہ رہے ہیں وہاں کا موسم سرد اور خشک ہے یا گرم اور نمی والا ہے۔اس کے علاوہ آپ سردی میں جو چیز جلد پر استعمال کرتے ہیں وہ گرمی میں استعمال نہیں کرسکتے۔
آپ کے کچن میں کچھ چیزیں ایسی بھی موجود ہوتی ہیں جو جلد کے لئے تو مفید ہیں لیکن خشک جلد کے لئے نقصان دہ ہو سکتی ہیں ۔

بیسن:

عرصہ دراز سے فیس ماسک،ابٹن اور اسکرب بنانے کے لئے بیسن کا استعمال کیا جاتا رہا ہے۔لیکن کیونکہ بیسن میں چکنائی کو کم کرنے والی خصوصیات موجود ہیںاس لئے اس کا استعمال سردیوں میں نہیں کرنا چاہئے کیونکہ اس موسم میں خشکی بڑھ جاتی ہے اورچکنی جلد کو بھی نمی اور توانائی کی ضرورت ہوتی ہے اس کے علاوہ خشک جلد والوں کو کسی بھی موسم میں خالی بیسن کا استعمال نہیں کرنا چاہئے جب تک کہ اس میں دہی ،دودھ یا تازہ کریم شامل نہ کی جائے ۔


مزید جانئے :گرمیوں میں جلد کے عام مسائل

چاول کا آٹا:

جلد کو ٹائٹ کرنے کے لئے چاول کے آٹے کا استعمال قدرتی فیس ماسک میں کیا جاتا ہے۔چاول کے آٹے میں اسٹارچ وافر مقدار میں ہوتا ہے لہٰذایہ جلد کو خشک کردیتا ہے جس کی وجہ سے جلد کھنچی ہوئی اور سخت ہو جاتی ہے۔اگر آپ کی جلد خشک ہے تو اپنے فیس پیک میںچاول کے آٹے کا استعمال نہ کریںکیونکہ یہ آپ کی جلد کی نمی کو ختم کرکے جلد پر لکیریں اور جھریاں ڈال دے گا ۔

لیموں:

خوبصورتی کو بڑھانے والی اشیاء میں لیموںکو خاص مقبولیت حاصل ہے۔لیکن خشک جلد پر اور خاص طور پر سردیوں میں جلد کے لئے فیس پیک اور ماسک میںلیموں کا استعمال نہیں کرنا چاہئے کیونکہ اپنی تیزابی خصوصیت کی وجہ سے یہ جلد میں جلن اورخارش پیدا کر سکتا ہے۔اگر آپ کی جلد خشک ہے تو لیموں کو خالص شکل میں نہیں لگانا چاہئے۔بلکہ اسے ایسی چیزوں کے ساتھ ملا کر لگانا چاہئے جو جلد کو نمی فراہم کرسکیں جیسے زیتون کا تیل،گلسرین یا ناریل کا تیل وغیرہ۔ان چیزوں کو لیموں کے ساتھ ملا کر جلد پر اچھی طرح مساج کرنے سے جلد حیرت انگیز طور پر خوبصورت ہو جائے گی۔


یہ بھی پڑھئے : میک اپ کے بنا جلد چمکدار بنائیں گلیسرین سے

کھیرا:

کھیرا جلد کو تازگی اور تسکین بخشتا ہے۔عام طور پراس کا استعمال آنکھوںکے گرد حلقے ختم کرنے اور تھکی ہوئی آنکھوں کو تازگیء بخشنے کے لئے کیا جاتا ہے۔اپنے کسیلے پن کی وجہ سے کھیرا جلد کی چکنائی کو اپنے اندر جذب کرلیتا ہے۔لہٰذا خشک جلد پر کھیرا استعمال کرنے کے بجائے آنکھوں کے گردشہد اور تیل سے مساج کرنا چاہئے۔سردیوں میں آنکھوں کو سکون پہنچانے کے لئے ٹی بیگس کا استعمال کریں۔

آلو:

آلو میں اسٹارچ وافر مقدار میں موجود ہے اس لئے جلد کو ٹائٹ کرنے کے لئے اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔ نارمل جلد پر سردی میں اور خشک جلد پر کسی بھی موسم میں آلو کا استعمال نہیں کرنا چاہئے۔کیونکہ اس سے جلد خشک اور بد رنگ دکھائی دیتی ہے۔یہ سادہ سی چیز آپ کو نقصان پہنچا سکتی ہے خاص کر اگر آپ اسے خشک جلدپر استعمال کریں گے تو اس سے جلد میں سوزش پیدا ہو جائے گی۔
اوپر بیان کی گئی تمام قدرتی اشیاء واقعئی کمال دکھا سکتی ہیں اگر ان کااستعمال موسم اور جلد کی ساخت کے لحاظ سے کیا جائے۔اس کے علاوہ یہ بات بھی پتہ ہونی چاہئے کہ فیس پیک بنانے کے لئے اس کی کتنی مقدار شامل کی جائے۔ان اشیاء کے استعمال کے لئے موسم کاصحیح ہونا نہایت ضروری ہے ۔اسلئے انھیں استعمال کرنے کے لئے سمجھداری سے کام لینا چاہئے۔


اس بارے میں جانئے : خوبصورت نظر آنے کے راز آپ بھی جانئے