فلو میں کون سی غذائیں کھانی چاہئیں؟

2,208

موسم جب بھی تبدیل ہوتا ہے ، انسانی صحت پر اپنے اثرات ضرور مرتب کرتا ہے۔سرد موسم آجائے تو ڈاکٹرز کے پاس نزلہ ، زکام کے مریضوں کی قطار لگ جاتی ہے، گرمی کی شدت میں اضافہ ہو جائے تو مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد اسپتالوں کا رخ کرتے ہیں۔کچھ لوگ ان بیماریوں کو موسمی بیماریاں سمجھ کر نظر انداز کردیتے ہیں اور کچھ لوگ گھریلو ٹوٹکے استعمال کر کے ان بیماریوں سے پیچھا چھڑانے میں مصروف ہو جاتے ہیں لیکن نزلہ زکام جیسی بیماریوں کا درست علاج ڈاکٹرز کے پاس جا کر ہی ملتا ہے۔گھریلو ٹوٹکوں اور گرم غذاؤں کے استعمال سے مرض وقتی طور پر تو ٹھیک ہو سکتا ہے لیکن مرض کی اصل وجہ ڈاکٹر ہی بتا سکتے ہیں۔لہٰذہ وہ لوگ جو کبھی کبھی خود کو ڈاکٹر سمجھ لیتے ہیں دوسروں کے امراض پر اپنا ہاتھ صاف کرنے لگتے ہیں، جو ڈاکٹرز کے لیے بھی صحیح نہیں ہے اور مریض کے لیے تو بالکل بھی درست نہیں۔

گھر کی بزرگ خواتین تو اکثر ان چھوٹی موٹی بیماریوں میں ڈاکٹر کے پاس جانا ایسا سمجھتی ہیں جیسے کوئی گناہ۔اور ان ڈاکٹرز کے خلاف ایسے ایسے شواہد پیش کرتی ہیں کہ جانے والا الجھ کر رہ جاتا ہے، اور بالآخر ڈاکٹرز کے پاس جانے کی بجائے گھریلو نسخوں پر ہی اکتفا کرتا ہے لیکن وہ لوگ جو شعور رکھتے ہیں ہر قسم کی بیماری کے لیے ڈاکٹر سے ہی رجوع کرتے ہیں خواہ وہ نزلہ زکام ہی کیوں نہ ہو۔ایسے امراض میں دوائیں اپنی خاص اہمیت رکھتی ہیں کیوں کہ انھیں خاص طور پر ان امراض کی وجوہات کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا جاتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ کبھی انسان دو ہفتے میں بھی گھریلو ٹوٹکو ں سے ٹھیک نہیں ہوتا اور پھر تھک ہا ر کر اسے ڈاکٹر کے پاس ہی جانا پڑتا ہے۔

خیر یہ تو تھی ایک بات لیکن اصل بات یہ ہے کہ مرض کیسا ہی کیوں نہ ہوآرام آنا شرط ہے۔وہ آرام ڈاکٹرز کی تجویز کردہ ادویات سے ہویا گھریلو نسخوں سے اصل مقصد شفا یاب ہونا ہے۔ اگر گھر میں بھی ان امراض کا علاج کیا جا رہا ہے تو یہ بات ذہن میں رکھنے کی ضرورت ہے کہ فلو میں کن غذاؤں کا استعمال مفید ہے۔

فلو(زکام) میں مفید غذائیں

* خشک میوے جات بادام، پستہ، حلوہ، چلغوزے، مونگ پھلی ، اخروٹ گاجر کا استعمال جسم کو گرمی پہنچاتاہے جس سے نزلہ اور زکام ہوا ہو جاتے ہیں۔مرغن اور تیز مرچ مسالے کی غذائیں بھی اس میں مفید ثابت ہوتی ہیں۔
*نزلے اور زکام میں سبز چائے، چکن کارن سوپ ، شہد اور دارچینی کا استعمال فائدہ پہنچا تا ہے۔اس کے علاوہ سبزیوں کا سوپ بھی نہایت مفید ہے۔
* پھل، سبزیاں لہسن، سرکہ، ہلدی اور کالی مرچ وغیرہ یہ تمام غذائیں جسم کے معدافتی نظام کو مضبوط بناتی ہیں، اور نزلے زکام میں اکسیر کا کام کرتی ہیں۔
* نمک کا استعمال اور نمک کے پانی سے غرارے گلے کی سوزش کو ختم کرتے ہیں اس کے علاوہ نزلے سے دشمنی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
*ادرک ، دار چینی اور شہد اگر یکجا ہوجائیں تو زکام ایسے غائب ہوتا ہے جیسے کہ کبھی ہوا ہی نہیں تھا۔اس کے ساتھ ساتھ اگر شہد میں ایک چٹکی پسی ہوئی کالی مرچ بھی شامل کردی جائے تو کیا ہی بات ہے۔
* نزلے زکام میں وٹامن سی کا استعمال حیرت انگیز طور پر نزلے کو ختم کرتا ہے۔
* نزلے زکام میں لہسن کی چائے۔۔۔ایسا آرام پہنچائے کہ مریض دیکھتا رہ جائے۔۔۔لہسن کے دو تین جوے گرم پانی میں ابال کر کسی صاف کپڑے سے چھان کر نیم گرم پانی پینے سے دائمی زکام بھی جان چھوڑ دیتا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...