اچھی صحت یا ذائقہ؟انتخاب آپ کا!

783

کہاوت ہے کہ زندہ رہنے کے لیے کھاؤ ،کھانے کے لیے زندہ نہ رہو لیکن آجکل لگتاہے کہ لوگ صرف کھانے کے لئے ہی زندہ رہتے ہیں۔جگہ جگہ کھلے ریسٹورنٹ اور ان پر لگا رش اس بات کا ثبوت ہیں کہ لوگ اب گھرکے کھانے کے بجائے باہر کا کھانا زیادہ پسند کرتے ہیں ۔یہ جانتے ہوئے بھی کہ وہ صحت کے لئے سخت مضر ہے۔ عقلمندی کا تقاضہ تو یہ ہونا چاہئے کہ اب آپ اپنے گھر کے کھانے سے بھی ان چیزوں کو نکال دیں جو آپ کے لئے مضر صحت ہیں۔ جنمیں سفید آٹا،سفید چاول ، سفید چینی ،فارمی انڈے اور مرغی، کھلا تیل اور گھی سرفہرست ہیں۔

ذیل میں آپکی اور آپکے گھر والوں کی صحت کے لئے چند حقائق درج ذیل ہیں جن پر عمل کرنا یقیناًآپکے لئے مفید ہوگا :

۱۔چکنائی کا کم استعمال

کھانے پکانے میں تیل کا استعمال کم کردیں ۔ آپ جو کھانا دو سے تین بڑے چمچ تیل میں پکاتی ہیں اگرآپ اسے ایک دم کم کریں گی تو یقیناًآپکے لئے یہ مشکل ہوگا اور ممکن ہے کہ آپکے گھر والے کم تیل میں پکے کھانے کو پسند نہ کریں ۔اسکے لئے اگر آپ تھوڑا تھوڑاکرکے روزانہ کی بنیاد پر تیل کی مقدار کم کریں گی تو یقیناًآپکو مشکل کا سامنانہیں کرناپڑے گا۔پکانے کے لئے سن فلاور ، کنولا اور سویابین کے تیلوں کا استعمال مفید ہے۔

۲۔خالص گندم

خالص گندم سے بنی اشیاء ریشے سے بھرپور ہوتی ہیں۔ سفید میدے اور آٹے کے بجائے خالص چکی کا آٹا استعمال کریں۔بھوسی ملے آٹے سے بنی چپاتی اور ڈبل روٹی آپکوشاید سفید آٹے والا ذائقہ نہ دیں لیکن صحت کے لیے بے حد عادی بھی ہوجائیں گے ۔اگر آپ کسی بھی چیز کے فائدے اور نقصانات کو مدنظر رکھتے ہوئے استعمال کریں گے تو اسکا استعمال آپکے لئے آسان ہوجائے گا۔

۳۔سفید چاول کی جگہ براؤن چاول

اگر آپ سفید چاولوں کی جگہ براؤن چاول کا استعمال کریں تو یہ آپکے لئے بے حد مفید ہوگا۔براؤن چاول وٹامنز اور معدنیات سے بھرپور ہوتے ہیں ۔ براؤن چاول میں موجود سلینیئم کئی بیماریوں کے خطرات کو کم کرتا ہے ۔ اس سے وزن بھی کم ہوتا ہے اور ہاضمہ بھی درست رہتا ہے ۔

۴۔چینی کا استعمال محدود

چینی کا بے جااستعمال آپکے لئے خطرناک ثابت ہوسکتاہے اور خاص طور پر جب آپ سفید چینی کا استعمال کریں تب۔ ہمارے ہاں ہر چیز کو اسکی اصلی حالت سے تبدیل کرکے اسکی ظاہری شکل کو خوبصورت اور ذائقہ میں اضافہ کے ساتھ مارکیٹ میں لایا جاتاہے اور معصوم عوام صرف ذائقہ کی خاطر اپنے لئے نقصان دہ چیز کا انتخاب کرلیتی ہے۔عام چینی کی جگہ گڑ یا براون شکر کا استعمال بہتر ہے۔

۵۔بغیر چکنائی والا گوشت

آپ جب بھی گوشت خریدیں تو کوشش کریں کہ وہ چکنائی سے پاک ہو اگر قصائی خود چربی صاف نہ کرے جو کہ عموما ً نہیں کرتے ، تو آپ کو چاہئے کہ آپ اپنے گھر پر خود اسکی صفائی کریں ۔بغیر چربی کے روکھاگوشت آپ بآسانی کھا سکتے ہیں۔یہ آپکے لئے چکنائی والے گوشت کے مقابلے میں فائدہ مند ثابت ہوگا۔گھر کی نہاری ،قورمہ اور بریانی اگر آپ روکھے گوشت اور براؤن رائس اور کم تیل میں پکائیں تو یہ آپکو شاید باہر والا ذائقہ تو نہ دے لیکن بھرپور صحت ضرور دیں گے۔

۶۔نمک کا کم استعمال

نمک کھانے کا ایک اہم جزو ہے لیکن اپنی غذ امیں ذائقہ کو بڑھانے کے لئے نمک کا زائد استعمال آپکے لئے خطرناک ثابت ہوسکتاہے۔ ذائقہ کے لئے نمک کے بجائے لیموں کارس،اور سرکہ وغیرہ کا استعمال مفید ہے عموماًلوگ سلاد کے ساتھ ساتھ مختلف پھلوں پر بھی نمک چھڑک کر کھانے کے عادی ہوتے ہیں اور اس بات سے قطعی ناواقف کہ یہ نمک انکی صحت کے لئے کس قدر خطر ناک ثابت ہوسکتاہے۔

۷۔جنک فوڈ

جنک فوڈ کا فیشن ہر خاص و عام میں آجکل اِن ہے باہر کے بروسٹ ،برگر ،فرینچ فرائیز اور بہت کچھ لوگ بڑے شوق سے اور فخر کے ساتھ خود بھی کھاتے ہیں اور اپنے بچوں کو بھی کھلاتے ہیں اور جب خاندان کے کچھ لوگ جمع ہوں تو یہ بتانا فخر محسوس کرتے ہیں کہ ہم نے فلاں جگہ سے فلاں چیزکھائی۔ وہ اس بات سے بے خبر ہوتے ہیں کہ یہ جنک فوڈ کھانے سے انکی اور انکے گھر والوں کی صحت پر کیا اثر پڑتاہے۔ اگر یہی کھاناگھر پر تیار کرلیں تو یہ انکے گھر والوں کے لئے اچھی صحت کا ضامن ہوگا۔

۸۔کولڈ ڈرنکس

موجودہ دور میں کوئی بھی دعوت کولڈ ڈرنک کے بغیر ادھوری تصور کی جاتی ہے بچے ہوں یا بڑے سب ہی ایک سے زائد گلاس کولڈ ڈرنک کے پی رہے ہوتے ہیں جو آپکی صحت کو کھوکھلا کرنے کے لئے کافی ہے اگر اسکے بجائے فریش جوس کا استعمال کیا جائے تو یہ آپکی صحت اور آپکی مہمان نوازی پر اچھے اثرات مرتب کرسکتی ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...