کیلے میں چھپا طاقت کا خزانہ

35,188

کیلا وہ پھل ہے جو آپ کو صحت اور طاقت بخشنے آیا ہے۔یہ آپ کے لئے ایک پر فیکٹ پھل ہے جو کہ آپ کی زندگی بدل سکتا ہے ۔کہیں بھی کسی بھی وقت اس کو مختلف قسم کے کھانے اور پینے میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔اگر آپ اپنے بچے کا دودھ چھڑا نا چاہ رہی ہیں تو بھی یہ آپ کے بچے کے لئے بہترین اور بھرپور غذا ہے،اگر آپ اپنے لئے فوری توانائی والی ڈرنک بنانا چاہتے ہیں تو بھی کیلے میں دودھ مکس کریں ،بلینڈ کریں ،لیجیے آپ کی توانائی سے بھری ڈرنک تیار ہے۔یہ پکنک اور پارٹیز وغیر ہ کے لئے بھی بالکل پر فیکٹ پھل ہے جس کو چھیلنا ،کھانا آسان ہے اور اس کو کھانے میں آپ کے ہاتھ پیر بھی خراب نہیں ہوتے ،اس کو برتنا،استعمال کرنا آسان ہے۔ویسے بھی اس کی غذائیت کے باعث اس کا پھلوں میں الگ ہی مقام ہے ۔اس میں بہت زیادہ مقدار میں پوٹاشیم موجود ہوتا ہے جس کی وجہ سے یہ بے شمار بیماریوں سے بچاتا ہے۔آیوڈین کی کمی کو دور کرتا ہے ،پٹھوں کو مضبوط کرتا ہے،اس میں ٹھوس غذائیت زیادہ اور پانی کم ہوتا ہے

آپ کے دل کا بہترین دوست:

اس کو اگر پوٹاشیم کا سپر فروٹ کہا جائے تو بے جا نہ ہو گا ۔کیلا ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے میں بہت کام آتا ہے ۔یہ اسٹروک اور ہارٹ اٹیک سے بھی بچاتا ہے ۔بلڈ پریشر کو اعتدال میں رکھنے کے لئے ڈاکٹرز نہ صرف نمک (سوڈیم)کے کم استعمال کا مشورہ دیتے ہیں بلکہ ہائی پوٹاشیم لینے کی بھی تاکید کرتے ہیں ۔کیلے میں پوٹاشیم کے علاوہ فائبر،وٹامن سی،اور بی 6بھی پایا جاتا ہے جو کہ دل کی صحت کے لئے بہترین ہے۔

صحت بخش توانائی کا ذریعہ:

آپ نے یہ محسوس کیا ہو گا کہ جب بھی آپ کیلا کھاتے ہیں آپ کو اپنے اندر طاقت و توانائی محسوس ہو تی ہے ۔یہی وجہ ہے کہ جو لوگ اپنی خوبصورتی اور فٹنس کو بہت اہمیت دیتے ہیں وہ عموماً اپنے جم اور ورک آؤٹ سے پہلے دو کیلے کھا لینا پسند کرتے ہیں تاکہ ان کی انرجی ورک آؤٹ کرتے ہوئے کم نہ رہے اور بلڈ شوگر لیول بڑھا رہے۔کیلا کھانے سے ورک آؤٹ کے دوران پٹھوں کے کھنچاؤ یا اس میں بَل پڑ جانے کی بھی شکایت پیدا نہیں ہوتی۔اس کے علاوہ رات میں سوتے ہوئے جن لوگوں کی نَس چڑھ جاتی ہے اس سے وہ شکایت بھی دور ہوجاتی ہے۔

خوش رکھنے والا پھل:

کیلا آپ کے ڈپریشن کو بھی دور کرتا ہے اور آپ کو خوش ہونے میں مدد دیتا ہے۔کیونکہ اس میں ٹرپٹوفن پایا جاتا ہے۔جو کہ سیروٹونن میں تبدیل ہو جاتا ہے جو کہ موڈ کو خوشگوار بنا نے کا نیورو ٹرانسمیٹر ہے۔اسی لئے آپ کیلا کھا کر اپنا موڈ بھی خوشگوار کر سکتے ہیں۔اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ پھل آپ کی بلڈ شوگر لیول کو بڑھا کر آپ کا ذہنی دباؤ ختم کرتا ہے ۔اس کے علاوہ جن حاملہ خواتین کو صبح اٹھ کر طبیعت بوجھل اور خراب لگتی ہے ان کو بھی کیلا کھانے سے افاقہ ہوتا ہے۔

ذہنی دباؤ سے نجات:

پوٹاشیم کی مناسب مقدار لینے سے آپ کی دل کی دھڑکن صحیح رہتی ہے۔اور اس کی وجہ سے آپ کے دماغ کو آکسیجن ملتی رہتی ہے ۔اپنے جسم کے پانی کے توازن کو درست رکھنے اپنے نظامِ انہظام کو صحیح رکھنے میں بھی یہ مددگار ہے ،اس کے علاوہ اس کی وجہ سے آپ کے ذہنی دباؤ میں کمی آتی ہے اور آپ اچھا محسوس کرتے ہیں۔

اپنے آپ کو متحرک اور اسمارٹ بنائیں:

کوشش کریں کہ کسی امتحان یا پریزینٹیشن پہ جانے سے پہلے کیلا کھا کر جائیں ،کیلے میں موجود پوٹا شیم لیول آپ کو الرٹ،تیز،متحرک اور اسمارٹ رکھتا ہے آپ کے سوچنے سمجھنے کی صلاحیت بہتر ہو جاتی ہے۔اور آپ اپنا بہترین کام پیش کرنے کے لئے تیار ہو جاتے ہیں ۔

آپ کے پیٹ کا بہترین محافظ:

کیلے میں موجودپیکٹن اورہضم کرنے والے انزائمز آپ کے جسم سے تیزابیت اور بھاری غذا جو کہ ہضم ہونے میں پریشان کن ہو ،ایسی تمام چیزوں کو کیلے میں موجود اجزاء جسم سے نکال باہر کر دیتے ہیں ۔قبض یا دست کی سورت میں یہ جب آپ کے جسم کو پریشان کرتے ہیں تو کیلا ان دونوں صورتوں میں اس کو ٹھیک کر دیتا ہے۔یہ نہ صرف آپ کے ہاضمے کو درست کرتا ہے بلکہ آپ کے الیکٹرولائٹس کو بھی محفوظ رکھتا ہے۔ایک قدرتی پری بایو ٹک اور اینٹیسڈ کے طور پر بھی کیلا دوست بیکٹیریا کی حفاظت کرتا ہے اور معدے کے السر،سینے کی جلن اور تیزابیت سے بچاتا ہے۔

ڈائیٹ غذا:

اگر آپ اپنے وزن کو کم کرنا چاہ رہی ہوں لیکن آپ اپنے میٹھے کی طلب پر قابو نہ پا سکیں تو آپ کیلے کی مٹھاس پر آجائیں یعنی کیلے سے اپنی یہ طلب پوری کریں،یہ کم کیلوری پھل ہے لیکن اس میں پانی کم اور فائبر زیادہ ہے جس کی وجہ سے آپ کا ہاضمہ کچھ سست ہوجاتا ہے ۔اور اسی بناء پر آپ کو بار بار بھوک نہیں لگتی اور کھانے کی طلب کم ہوتی ہے

نظر کی تیزی:

وٹامن اے اوربیٹا کیروٹین کا بنیادی ذریعہ ہونے کی وجہ سے کیلاآپ کی آنکھ کے قرنیہ کی روشنی کو درست رکھتا ہے اور آپ کی نظر کو بھی صحیح رکھتا ہے۔اس کو کھانے سے آپ کی نظر تیز ہوتی ہے ۔
ان سب خصوصیات کو پڑھ کر پتہ چلتا ہے کہ کیلے میں قدرت نے کتنی ساری غذائیت پوشیدہ رکھی ہے ،یہ ایک سستا پھل ہے جو کہ ہر ایک کی پہنچ میں ہے(رمضان کے علاوہ)یہ ہماری پوری جسمانی صحت کے لئے ایک اہم پھل ہے جس کے اہم غذائی اجزاء کینسر کی بھی روک تھام کرتے ہیں ۔اس میں موجود فائبر کی بڑی مقداربڑی آنت کے کینسر سے محفوظ رکھتی ہے۔اس میں موجود آئرن جسم سے ہیموگلوبن کی کمی کو پورا کرتا ہے ،اس میں موجود کیلشیئم ہڈیوں کو مضبوط کرتا ہے ،کیلا کھانے سے گرمیوں کے موسم میں جسم ٹھنڈا رہتا ہے ،ا س کے علاوہ بخار ہونے کی صورت میں بھی یہ جسمانی حرارت کو کم کرتا ہے۔کیلے کے بارے میں کہا جا سکتا ہے کہ یہ قدرت کی طرف سے ہمارے لئے ایک انعام ہے ،اس کی بھرپور غذائیت جسم میں توانائی کی کمی کو دور کر کے اسے صحت اور تندرستی (health and wellness) عطا کرتی ہے ۔یہ غریب اور امیر دونوں میں یکساں مقبول پھل ہے۔اس لئے کہا جا سکتا ہے کہ کیلا صرف بندروں کی غذا نہیں ہے۔


شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...