اچھی غذائیں،صحت اور خوب صورتی کی ضامن

812

چہرہ اور بال جہاں ہماری خوب صورتی کے ضامن ہیں وہیں ہماری صحت کا تعیّن بھی کرتے ہیں۔ جب ہم اندرونی طوپر صحتمند اور طاقت ور ہوں گے تو یقیناًہمارا چہرہ بھی کھلا کھلا اور شاداب ہوگا۔

آج کل کی خواتین ہزاروں روپے اپنے میک اپ اور فیشل پر برباد کردیتی ہیں کہ کسی طرح چہرہ خوب صورت نظر آئے۔ مگر وہ یہ بات نہیں جانتیں کہ یہ چیزیں پائیدار نہیں صرف اور صرف وقتی ہیں۔بعض خواتین چہرے پر موجود جھریاں اور مرجھائے ہوئے چہرے کے حوالے سے فکرمند دکھائی دیتی ہیں اور کچھ خواتین حتیٰ کہ مرد حضرات بھی نت نئی مہنگی مہنگی کریمیں خود کو گورا کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ لیکن اس کا نتیجہ صفر ہی نکلتا ہے۔ اگر وہ اتنا روپیہ اپنی خوراک پر اور اتنا وقت غذائیت اور صحت بخش مشروبات استعمال کرنے میں صرف کریں تو یقیناًبہت اچھے نتائج حاصل ہوں گے۔

رنگ گورا ہو یا سانولا جب چہرے پر تازگی اور رونق ہی نہیں ہوگی تو نہ ہی اس میں کوئی کشش ہوگی نہ ہی وہ جاذبِ نظر لگے گا۔ذرا سا کام کِیا اور تھکاوٹ کے چہرے سے ظاہر ہوگئی۔تھوڑی سی ٹینشن ملی اور چہرہ پیلا پڑگیا۔ کیاہے یہ سب؟ہماری اندرونی اور جسمانی کمزوری ہی تو ہے۔ پہلے ٹین ایجرلڑکیوں کو کسی میک اپ، کسی فیشل کی ضرورت نہیں پڑتی تھی۔ کیونکہ وہ ایسی غذائیں استعمال کرتی تھیں کہ جسمانی طاقت ان کے چہر ے سے نمایاں ہوتی تھی۔ کھلی کھلی رنگت ،پُررونق اور شاداب چہرہ، مگر اس کے برعکس آج کل کی ٹین ایجر لڑکیاں اپنی اسکن کی وجہ سے اپنی عمر سے بڑی نظر آتی ہیں۔ اس کی وجہ صاف ظاہر ہے۔ جو چیزیں وہ اپنی غذا میں استعمال کرتی ہیں اس سے چہرہ مرجھایا ہوا اور بد رونق نظر آتا ہے۔ لہٰذا اگر ہم یہ چاہتے ہیں کہ ہم خوب صورت اور شاداب نظر آئیں تو ہزاروں روپے میک اپ اور کریموں پر برباد کرنے سے پہلے ضرور سوچ لیں کہ سب چیزیں جز وقتی ہیں۔ہماری صحت اچھی ہوگی تو ہمارا چہرہ ویسی ہی شاداب اور خوب صورت نظر آئے گا اور یہ خوب صورتی یقیناًپائیدا ہوگی۔

خواتین کو ویسے ہی اپنی غذا کا زیادہ خیال رکھنا چاہیے کیونکہ ان کی فیملی کو سب سے زیادہ توقعات انھی سے ہوتی ہیں، سارا دن نوکرانیوں کی طرح کام کرنے کے باوجود ان کے شوہر یہی چاہتے ہیں کہ جب وہ شام کوکام سے گھر واپس لوٹیں تو بے شک وہ خود تھکے ہوئے دکھائی دیں مگر ان کی بیگمات ہشاش بشاش اور کھلے کھلے چہرے کے ساتھ ان کا استقبال کریں۔سو مجبوراً بے چاری خواتین سارا دن تھکنے کے بعد فوری رنگ گورا کرنے والی اور لپ اسٹک لگا کر چہرے پر مسکراہٹ سجائے شوہر کا استقبال کرتی ہیں تاکہ وہ خوب صورت نظر آئیں۔ اگر اٹھارہ گھنٹے کام کرنے کے دوران وہ صرف آدھا گھنٹہ بھی اپنے لیے نکال لیں تو یقیناًصورت حال مختلف ہوگی۔

کھیرا ایک سستی اور بہت مفید غذاہے۔ چہرے کی جلد نکھارنے کے لیے نہ صرف یہ کہ اسے سلاد کے طور پر کھائیں ، بلکہ اس کا گودا مسل کر چہرے پر لگائیں۔ اسی طرح ٹماٹر کا استعمال بھی ہمارے جسم و چہرے کے لیے ازحد فائدہ مند ہے۔ آج کل کیلے وافر مقدار اور مناسب قیمت میں بازار میں موجود ہیں جو جسمانی کمزوری دور کرنے کے ساتھ ساتھ اسکن کے لیے بھی بہت فائدہ مند ہیں، جو لڑکیاں اپنے چہرے پرموجود دانوں کی وجہ سے پریشان ہیں انھیں چاہیے کہ وہ کیلے وافر مقدار میں کھائیں۔ بعض افراد یہ سمجھتے ہیں کہ کیلا مٹاپے کا سبب بنتا ہے لیکن یہ بات درست نہیں، بلکہ حقیقت یہ ہے کہ اس کا استعمال جسم میں کولیسٹرول بڑھنے نہیں دیتا۔اسی طرح گاجر کا استعمال نہ صرف یہ کہ ہمارے جسم میں نیا خون بناتا ہے بلکہ چہرے کو بھی شاداب رکھتا ہے۔
لہٰذا ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی غذا میں کچی سبزیوں کا استعمال ضرور رکھیں، تاکہ جسم میں وٹامن اور کیلشیم کی کمی دور ہوسکے اور ہم اندرونی طور پر طاقتور ہو سکیں ۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...