گرمیوں میں شہتوت ضرور کھائیں

2,841

شہتوت گرمیوں کا پھل ہے۔ پاکستان میں اس کی کاشت بہ آسانی ہوتی ہے۔ گرمیوں کے اس پھل کی بے حد افادیت ہے۔ یہ پھل اپنے میٹھے ذائقے کی وجہ سے بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبول ہے۔شہتوت لال،ہرے ،سفید اور کالے رنگ کے بھی ہوتے ہیں۔سیاہ رنگ کے شہتوت کی ایک قسم بے دانہ سب سے اعلیٰ تسلیم کی گئی ہے، اسکا رس ٹپکتا رہتا ہے اور یہ شیریں ہوتا ہے۔شہتوت جسم میں ٹھنڈک اور توانائی پیدا کرتا ہے اور ہشاش بشاش بناتا ہے۔ بازار میں خشک شہتوت بھی آسانی سے مل جاتے ہیں۔ مگر شہتوت کے موسم میں شہتوت ضرور کھانے چاہئیں کہ قدرت نے اس پھل میں بیش بہا فائدے رکھے ہیں جن میں چند ہم آپ کے گوش گزار کررہے ہیں۔امید ہے آپ ان فوائد سے بھرپور استفادہ کریں گے۔

شہتوت کے فوائد

*جو لوگ شہتوت شوق سے کھاتے ہیں ان کے گلے کبھی خراب نہیں ہوتے، اور نہ انھیں ٹانسلز کی تکلیف ہوتی ہے۔
*اس موذی مرض اور دماغی تکلیف کے لیے مریض صبح سویرے شہتوت سیاہ نہار منہ کھائیں۔ اس کے بعد شام کے وقت خمیرہ گاؤ زبان سادہ ایک تولہ کھا لیں۔ اس کے چند دن کے استعمال سے دماغی خشکی اور نزلہ زکام سے نجات مل جائے گی۔
*شہتوت گرمی کی پیاس کی شدت اور ہیجانی کیفیت دور کرتا ہے۔اس کا شربت بخار میں فائدہ دیتا ہے اور جسم کی حرارت کو کم کرتا ہے۔
*شہتوت کا شربت بخار میں فائدہ دیتا ہے اور جسم کی حرارت کو کم کرتا ہے۔اس کے استعمال سے بلغمی مادہ خارج ہو جاتا ہے۔یہ شدید کھانسی، خاص طور پر خشک کھانسی میں اور گلے کی دکھن میں بے حد مفید ہے۔
*سر درد کے مریض اکیس تازہ شہتوت چینی کی پلیٹ میں لے کر رات بھر کھلے آسمان کے نیچے رکھیں اور صبح صادق اس پر روشنی پڑنے سے قبل ہی نہار منہ کھا لیں۔فرق پہلے دن سے ہی محسوس ہوگا۔
*معدہ و جگر میں جب گرمی بڑھ جاتی ہے تو اس کے اثرات عموماً زبان پر چھالوں کی صورت میں پڑتے ہیں، اس کے علاوہ گلے میں درد بھی شروع ہو جاتا ہے،متاثرہ فرد کھانے سے بھی عاجز ہوجاتا ہے۔ایسے میں اگر شہتوت کے درخت سے نرم نرم کونپلیں توڑ کر اچھی طرح چبائی جائیں تو منہ کے چھالے دور ہوجاتے ہیں۔
*قبض کو اُم الامراض بھی کہا جاتا ہے کیونکہ اس سے کئی دوسری بیماریاں جنم لیتی ہیں۔اس کے لیے شہتوت آدھا پاؤ روزانہ کھانے سے ہفتے ڈیڑھ ہفتے میں انتڑیوں کا فعل ٹھیک ہوجاتا ہے۔اس طرح دائمی قبض سے نجات مل جاتی ہے۔شہتوت کے موسم میں اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
*کسی چیز کے اضافے یا کمی سے الرجی ہوجاتی ہے، جسے عرفِ عام میں پتی بھی کہا جاتاہے۔ جب یہ الرجی ہوتی ہے تو جسم پر سرخ رنگ کے چکتے پڑ جاتے ہیں۔ اس سے جسم پر خارش ہوتی ہے اور بہت تکلیف رہتی ہے۔ ایسے میں کچے شہتوت پیس کر جو کے سرکے میں ملائیں، اس میں تھوڑا سا عرقِ گلاب بھی شامل کرلیں۔ انھیں باہم اس قدر ملائیں کہ یک جان ہوجائیں۔ اس دوا کو متاثرہ جگہ پر لیپ کریں۔ اس کے بیس منٹ کے بعد نہا لیں۔ پتی کا خاتمہ ہوجائے گا۔
*شہتوت بے چینی ،گھبراہٹ،چڑچڑاپن اور غصہ دور کرتا ہے۔اس کے کھانے سے جگر اور تلی کی اصلاح ہوتی ہے۔یہ زود ہضم غذائیت سے مالا مال ہوتا ہے۔اس پھل میں مصفا پانی،گوشت بنانے والے اجزاء،نشاستے دار شکر شامل ہوتی ہے۔
* شہتوت جگر کو افادیت پہنچا کر صالح خون کو پیدا کرتاہے ۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...