غذا میں زنک کے استعمال کے فائدے

8,631

غذا میں زنک کااستعمال انسانی جسم کی مناسب نشوونما اوردیکھ بھال کے لئے ضروری ہے۔ایک اہم منرل ہونے کی حیثیت سے یہ جسمانی نظام کی بہتری میں اہم کردار اداکرتاہے۔صحت کی برقراری اورروزمرہ کے کاموں کی بہتر طورپرانجام دہی کیلئے زنک کاخوراک میں شامل ہوناضروری ہے۔گوشت، مچھلی، شلجم، مٹر، جو،گندم، مونگ پھلی،بادام،کدوکے بیج،ادرک اورگری دار میوے زنک کابہترین ذریعہ ہیں۔
اگر آپ اپنی روزمرہ خوراک میں زنک شامل رکھیں تو بیماریوں سے بچت اوردرج ذیل فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔

۱۔عمل انہضام

انسانی جسم میں اگر عمل انہضام کانظام خراب ہوجائے توبہت سی بیماریاں خود بخود ہوجاتی ہیں۔ اگر آپ اسے اپنی خوراک میں شامل رکھیں تواس نظام کی درستگی میں زنک اہم کردار اداکرتاہے۔

۲۔ذیابیطس کنٹرول

یہ آج کل سب سے عام بیماری ہے۔ ذیابیطس کے مریضوں کواپنی خوراک میں زنک ضرور شامل کرناچاہئے کیونکہ ذیابیطس جیسے مرض کوکنٹرول کرنے میں زنک کلیدی کردار اداکرتاہے۔

۳۔موٹاپا

اضافی وزن بہت سی بیماریوں کادروازہ کھولنے والامسئلہ ہے ۔موٹاپاکنٹرول کرنے میں زنک نہایت اہم ہے۔تحقیق سے ثابت ہوتاہے کہ زنک بھوک میں کمی پیداکرتاہے۔جس کی مددسے زیادہ کھانے سے بچاجاسکتاہے۔

۴۔ہارمون میں توازن

ہارمون کی خرابی بہت سے صحت کے مسائل جنم دیتی ہے۔زنک ایک ایسالازمی جزو ہے جوہارمونل لیول میں توازن رکھتاہے اوراس سے متعلقہ دیگرمعاملات کوریگولیٹ کرنے میں اہم کردار اداکرتاہے۔

۵۔محفوظ حمل

زنک دوران حمل خلیات کی ترقی اورتعمیر میں اہم کردار اداکرتاہے۔دوران حمل یہ ماں اورہونے والے بچے کے لئے انتہائی اہم غذائی اجزاء میں سے ایک ہے۔دوران حمل اسے اپنی خوراک کاحصہ ضروربنائیں۔

۶۔ذہنی صلاحیت

ذہنی نظام پر زنک اہم اثرات مرتب کرتاہے۔زنک آپ کی سوچ اوریادداشت کوکنٹرول کرتاہے۔زنک کی اضافی مقدار دماغ کو طاقت بخشتی ہے کیونکہ قدرتی طورپر شفاء یابی کے لئے جسم کے باقی حصوں تک زنک کی سپلائی ہوتی ہے ۔

۷۔تھکاوٹ

دائمی تھکاوٹ میں مبتلاافراد کومچھلی کاتیل تجویزکیاجاتاہے جوزنک سے بھرپورہوتاہے۔ محقیقین کے مطابق پٹھوں کی تھکاوٹ دائمی تھکاوٹ کی اہم وجہ ہے۔ زنک پٹھوں کی تھکاوٹ دورکرکے آپکی توانائی کی سطح کوفروغ دینے میں اہم کردار اداکرتاہے۔

۸۔ہڈیوں کی حفاظت

یہ ہڈیوں کومضبوط اورسخت بناتاہے۔اگر آپ ہڈیوں کے مسائل اورعمر سے پہلے ہڈیوں کی بیماریوں سے بچناچاہتے ہیں تو آج ہی اپنی خوراک میں زنک شامل کریں۔

۹۔آنکھوں کی صحت

زنک کی مناسب مقدارنظر کوبہتر بنانے کے لئے ضروری ہے۔رات میں نظر کے مسائل سے دوچار افراد کے لئے مفیدہے۔وٹامن اے آنکھوں کی صحت کیلئے ضروری ہے لیکن اگر زنک کی کمی ہوتو وہ ٹھیک طرح سے کام نہیں کرتا۔

۱۰۔قوت مدافعت

زنک قوت مدافعت میں اضافہ کرتاہے۔قوت مدافعت کم ہونے سے جراثیم کے خلاف مزاحمت کم ہوجاتی ہے۔ جس کے باعث بیماریوں کے حملوں سے بچنامشکل ہوجاتاہے۔انسانی جسم کے مدافعتی نظام میں خلیات کی پیداوار کودرست رکھتاہے۔

۱۱۔زخم سے نجات

زنک زخموں کوبھرنے کاعمل تیز کرتاہے۔اوراینٹی وائرل اثرات مرتب کرتاہے۔زنک خون میں سفید خلیات کومتحرک کرتاہے اورکسی بھی انفیکشن سے محفوظ رکھتاہے۔

۱۲۔جلد کی حفا ظت

ریسرچ سے یہ بات ثابت ہے کہ زنک جلد کے لئے بے حد مفیدہے۔یہ جلد کوکیل مہاسوں اورجلد کومرجھانے سے محفوظ رکھتاہے۔ایگزیما جلد کی بیماری ہے جوزنک کی کمی کے باعث ہوتی ہے۔

۱۳۔بالوں کی نشوونما

بالوں کے لئے زنک اہم کردار اداکرتاہے بالوں کوگرنے سے بچانے کے لئے روزانہ کی خوراک میں زنک کا استعمال ضروری ہے۔ایلوپیشیا کی بیماری بچوں اوربڑوں میں بال جھڑنے کاسبب بنتی ہے جوزنک کی کمی کی وجہ سے ہوتی ہے۔

۱۴۔معمولی بیماریاں

زنک سردی اوردیگر چھوٹی چھوٹی بیماریوں کے خطرات اوران کی مدت میں کمی کاسبب بنتاہے۔یہ سردی یادیگر ہلکے پھلکے انفیکشن کو پھیلنے سے بچاتاہے۔یہ خون میں سفید خلیات کوایکٹو کرتاہے جوسردی اوردیگر بیماریوں سے بچاتاہے۔

۱۵۔کینسر

زنک اپنی قدرتی اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات کے باعث مختلف قسم کے کینسر کی روک تھام کرتاہے۔خصوصاً مردوں میں پروسٹیٹ گلینڈ کے نقصان یاکشیدگی کوروکتاہے جوکینسر جیسے مسائل پیداکرسکتاہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...