سبز چائے فائدے مند بھی نقصان دہ بھی!

15,547

ماہرین طب کے مطابق بہت سی بیماریاں موٹاپے سے جنم لیتی ہیں اس لیے متوازن غذا کو ہی اچھی صحت کا ضامن کہا جاتا ہے۔ مرغن غذا کا استعمال موٹاپے کا شکار کرتا ہے اس لیے ان کے استعمال سے اجتناب پر ڈاکٹر حضرات زور دیتے ہیں۔ موٹاپے سے چھٹکارا پانے کے لیے جہاں ورزش کرنے کو ترجیح دیجاتی ہے وہاں خواتین کئی ایک ٹوٹکے بھی استعمال کرتی ہیں۔ امریکی تحقیق کے مطابق سبز چائے پینے سے زیادہ کیلوریز میں مدد ملتی ہے جو ذائقے میں اچھا اور صحت کے لیے انتہائی مفید مشروب ہے۔ نئی تحقیق کے مطابق سبز چائے ڈائٹ کرنے والوں کے لیے بھی بہت فائدے مند ہوتی ہے۔ وہ افراد جو اپنی روز مرّہ خوراک میں سبز چائے کا استعمال کرتے ہیں ان کی صحت قابلِ رشک ہو جاتی ہے ۔ اس کے علاوہ فوڈ پوائزنگ اور دانتوں میں پلاک کا سبب بننے والے بیکٹیریا کے خلاف بھی مزاحمت کرتی ہے۔ گرما گرم سبز چائے کیلوریز جلاتی ہے تو آئس سبز چائے گرمیوں کے موسم میں ٹھنڈک کا احساس دلاتی ہے سبز چائے کا باقاعدہ آغاز چین سے ہوا مگر اب یہ بہت سی ثقافتوں کا حصہ بن چکی ہے۔ اب تو چائے ایک ہر دلعزیز مشروب بن چکی ہے اور سبز چائے بھی کافی عرصہ سے متعارف ہوچکی ہے لیکن پھر بھی سبز چائے کی افادیت کے بارے میں عوام میں قدرے کم آگاہی پائی جاتی ہے۔

کینسر سے بچاؤ:

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سبز چائے انسانی جسم کے لیے حیرت انگیز حد تک مفید اور کارآمد ہے۔ چائے کا سب سے اہم حصہ وہ ہوتا ہے جب یہ پیٹ میں جاکر ہاضمہ کا عمل شروع کرتی ہے۔ نئی تحقیق کے مطابق EGCGانسانی جسم میں موجود DC4خلیوں کے ساتھ مل کر جسمانی قوتِ مدافعت بڑھانے میں اور زیرسیل کو ٹوٹنے سے روکتا ہے ۔ EGCGایک طاقتور اینٹی اوکسیڈنٹ ہے اور جسم میں کینسر کی نشو و نما کو روکنے کے ساتھ ساتھ چہرے پر سفیدی بھی لاتا ہے۔ کینیڈا میں کی جانے والی ایک حالیہ تحقیق کے مطابق سبز چائے پینے والی خواتین میں کینسر کے مرض کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔ تحقیق کے مطابق عمر کے ساتھ جو خواتین باقاعدگی سے سبز چائے کا استعمال کرتی رہتی ہیں وہ معدے، بڑی آنت اور گلے کے کینسر سے محفوظ رہ سکتی ہیں۔ باقاعدگی سے سبز چائے کا استعمال کرنے والی 70ہزار چینی خواتین پر کی جانے والی اس تحقیق کے نتائج کے مطابق دیگر خواتین کی نسبت ان میں معدے کے کینسر کا خطرہ 14فیصد کم پایا گیا۔ ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ کینسر سے محفوظ رہنے کے لیے مناسب غذا کا استعمال اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانا بھی بے حد ضروری ہے۔

وزن گھٹائے:

سبز چائے صرف کھانا ہضم کرنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتی بلکہ دانتوں کے لیے بھی مفیدہے ۔ ایک تحقیق میں تقریباً 25ہزار جاپانی مردوں اور خواتین پر ہونے والے تجربات سے ثابت ہوا ہے کہ سبز چائے کا روزانہ ایک کپ پینے سے دانتوں کے امراض سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔ سبز چائے میں ایسے مالیکیول اینٹی میکرو بائیل موجودہوتے ہیں جو دانتوں کے امراض سے 20فیصد زیادہ حفاظت کرکے مسوڑھوں کو بھی صحت مند بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ سبز چائے نظام استعالہ کو تیز کرتی ہے اور اس طرح آپ کے بڑھے ہوئے وزن کو گھٹانے میں بھی مدد دیتی ہے۔

ریسرچ سے ثابت ہوا ہے کہ سبز چائے معدے، نرخرا، بڑی آنت، جگر، لبلبہ، چھاتی اور پھیپھڑوں کے کینسر سے بچاتی ہے ۔ سبز چائے دل کے امراض سے بچاؤ کے لیے بھی اہم کردار ادا کرتی ہے یہ کولسٹرول کو کم کرتی ہے اور خون کو بھی پتلا کرتی ہے سبز چائے کی وجہ سے خطرناک دل کی بیماریوں اور فالج کا امکان کم ہو جاتا ہے۔ لیکن حالیہ سائنسی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سبز چائے کے مضر اثرات بھی ہیں جو کہ انسانی صحت کو بری طرح متاثر بھی کرتے ہیں۔

مضر اثرات :

سبز چائے میں بھی کیفین کے اجزاء پائے جاتے ہیں جو کہ صحت انسانی کو فائدہ کم اور نقصان زیادہ پہنچاتے ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک دن میں دو کپ سبز چائے استعمال کی جاسکتی ہے اس سے زیادہ استعمال سے نیند کی کمی اور بے چینی ہوجاتی ہے اس سے اعصابی نظام بھی متاثر ہوتا ہے۔ سبز چائے کے زیادہ اور بے ہنگم استعمال سے دل کی دھڑکن میں بے قاعدگی پیدا ہو جاتی ہے۔ جس سے بلڈ پریشر بعض اوقات بڑھ بھی جاتا ہے۔ اس کے بکثرت استعمال سے جسم سے پانی کے اخراج عام طور پر زیادہ ہوتے ہیں۔ جس سے گھبراہٹ، سستی، کمزوری، سردرد اور بھوک کی کمی ہو جاتی ہے، معدے میں تیزابیت اور گرمی بڑھ جاتی ہے۔ قبض کی شکایت بھی ہوسکتی ہے کیونکہ اس سے رطوبیش خشک ہو جاتی ہیں اور بعض اوقات قے اور متلی بھی ہوتی ہے۔

سبز چائے کے اندر میگنیشیم، زنک اور وٹامن سی ہوتے ہیں جو ایک خاص ٹمپریچر پر اپنا اثر رکھتے ہیں ورنہ ضائع ہو جاتے ہیں۔ لہٰذا سبز چائے بنانے کے لیے پانی کو 81ڈگری سینٹی گریڈ سے 87سینٹی گریڈ تک 2سے3منٹ تک گرم کیا جائے تو یہ اپنا اصل مزا بر قرار رکھتی ہے ورنہ اس کا ذائقہ (Taste) کڑوا ہونے کے ساتھ اثر بھی زائل ہو جاتا ہے۔ پرانے لوگ کہا کرتے تھے اور نئی تحقیق سے بھی یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ سبز چائے پینے سے کولیسٹرول کافی حد تک کنٹرول میں رہتا ہے ۔ خالی پیٹ سبز چائے پینے سے جگر کی بیماری ہوسکتی ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...