قربانی کا گوشت کاٹنے اور محفوظ کرنے کے 10 ٹوٹکے

5,680

عید الاضحی مسلمانوں کا مذہبی تہوار ہے جس میں مسلمان گائے، بکری، بھیڑ اور اونٹ کی اللہ کی راہ میں قربانی کرتے ہیں ۔ شریعت کے مطابق قربانی کا یہ گوشت تین حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے جن میں سے ایک حصہ غریبوں کے لیے ایک حصہ رشتہ داروں کے لیے اور ایک حصہ اپنے لیے رکھاجاتا ہے ۔
قربانی کےگوشت کی کٹائی اور پھر اس کو محفوظ کرنا ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے ۔ خصوصاً گرمیوں میں گوشت کے خراب ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے اس لیے اسے محفوظ رکھنے کے لیےچند باتوں کا معلوم ہونا ضروری ہے ۔ گوشت کو محفوظ رکھنے کا صحیح طریقہ کار جاننے سے پہلے یہ بات بھی جاننا ضروری ہے کہ گوشت کو طویل عرصے رکھ کر کھانا بھی درست نہیں۔ گوشت کو 3ماہ سے زیادہ اسٹور نہیں کرنا چاہیے کیونکہ زیادہ عرصہ رکھنے سے گوشت کی غذائیت اور ذائقہ ختم ہوجاتا ہے۔


قربانی کے گوشت کو کاٹنے اور محفوظ کرنے سے متعلق ان باتوں کا خیال رکھیں:

۱۔ تازہ کٹے ہوئے گوشت کا درجہ حرارت تھوڑا زیادہ ہوتا ہے اس لیے سب سے پہلے اسے ٹھنڈا کرنا ضروری ہے ۔ اس کے لیے گوشت کو ٹھنڈی جگہ رکھا جائے تاکہ اس کا درجہ حرارت کم ہوسکے۔
۲۔قربانی کے گوشت کو فریز کرنے سے پہلے گوشت کے پارچوں کو اچھی طر ح دھولیں اور چھلنی میں رکھ کر اسکا پانی نکلنے دیں۔ پھر چاہے اسے پارچوں کی شکل میں رکھیں یا بوٹیوں کی شکل میں یا قیمہ بنوالیں۔
۳۔ عام طور پر جتنا گوشت ایک وقت میں استعمال کرتے ہیں اس حساب سے چھوٹے چھوٹے پیکٹ بنالیں ۔ ائیرٹائٹ تھیلیوں میں اس طرح بند کریں کہ نہ اس میں پانی ہو اور نہ ہی اس میں ہوا ہو۔ چاہے تو یہ پیکنگ ڈبل بھی کرسکتے ہیں تاکہ گوشت کی نمی برقرار رہے۔
۴۔ ہڈیوں والے گوشت یا ہڈیوں کو پیک کرتے ہوئے خیال رکھیں کہ نوکیلی ہڈی کی وجہ سے پیکنگ نہ پھٹے اس طرح فریزر میں موجود خشک ہوا تھیلی میں داخل ہو کر گوشت کو خشک کردے گی۔
۵۔قربانی کے گوشت رکھنے سے پہلے فریزر کو ہائی کول پر کردیںتاکہ گوشت جلدی ٹھنڈا ہوجائے اور خراب ہونے سے محفوظ رہے۔ گوشت رکھنے کے بعد فریزر کو بار بار نہ کھولیں کیونکہ اس طرح گوشت دیر میں فریز ہوگا۔
۶ ۔ گوشت کی تھیلیوں کو ایک دوسرے پر نہ رکھیں اس طرح گوشت فریز ہونے میں وقت لگے گا اس لیے گوشت کی تھیلیوں کو فریزر میں پھیلا کر رکھیں تاکہ یہ آسانی سے فریز ہوجائیں گوشت فریز ہونے کے بعد تھیلیوں کو ایک دوسرے پر رکھ کر جگہ بنائی جاسکتی ہے ۔ فریز شدہ تھیلیاں ایک دوسرے سے نہ چپکیں گی اور نہ ہی ان کا شیپ خراب ہوگا۔
۷۔ قربانی کے گوشت کو پگھلانے کے لیے گوشت کو کچن کائونٹر پر رکھنے یا گرم پانی میں ڈلنے کے بجائے ریفریجریٹر میں ہی رکھ کر پگھلائیں ۔ گوشت کو پکانے سے بارہ تیرہ گھنٹے پہلے فریزر سے نکال کر ریفریجریٹر میں رکھ دیں۔ آہستہ آہستہ گوشت پگھل جائے گا اور جراثیم سے محفوظ رہنے کے ساتھ گوشت تازہ اور صحت بخش رہے گا۔
۸۔ اکثر لوگ پگھلا ہوا گوشت دوبارہ فریز کرلیتے ہیں جبکہ ایسا کرنا درست نہیں گوشت پگھل جائے تو اسے دھوکر استعمال کرلیں۔
۹۔قربانی کے گوشت کے پیک پر نام لکھنا نہ بھولیں ،تاکہ آپ کو پتہ ہو کہ اس میں کس طرح کا گوشت ، پسندے ، چانپیں اور قیمہ ہے۔ اس طرح آپ کو اپنی ضرورت کا پیک ڈھونڈنا نہیں پڑے گا۔
۱۰۔ قربانی کےگوشت کی ہیک ختم کرنے کے لیے پکانے سے پہلے گوشت کو نمک، پانی، بیسن اور سرکہ یا لیموں کا رس مل کر دھولیں پھر پکائیں۔


قربانی کے جانور کی خریداری اور اس کی احتیاط

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...