نیپال میں زلزلے سے 50 ہزار حاملہ خواتین بھی متاثر ہوئیں، اقوام متحدہ

206

نیپال میں قیامت خیز زلزلے سے جہاں بچوں اور بڑوں سمیت لاکھوں افراد متاثر ہوئے وہیں تقریباً 50 ہزار حاملہ خواتین بھی اس ہولناک زلزلے سے محفوظ نہ رہ سکیں۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق نیپال میں 7 اعشاریہ 9 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں متاثر ہونے والے افراد میں لگ بھگ 50 ہزار خواتین اور لڑکیاں حاملہ تھی جنہیں زچگی کے مسائل سے بچانے کے لئے فوری طور پر بہتر علاج کی اشد ضرورت ہے تاکہ ان خواتین اور ان کے بچوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جاسکے۔ رپورٹ کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں تباہی کے باعث طبی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے بیشتر خواتین عارضی رہائش گاہوں اور کیمپوں میں ابتدائی طبی سہولیات کے بغیر ہی بچوں کو جنم دینے پر مجبور ہیں جس سے زچگی کے دوران اموات کا خدشہ بڑھ رہا ہے۔ زلزلے سے متعلق اقوام متحدہ کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تباہی کے باعث بے گھر ہونے والی لاکھوں خواتین عدم تحفظ کا بھی شکار ہیں جنہیں فوری طور پر تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔واضح رہے کہ نیپال میں چند روز قبل آنے والے ہولناک زلزلے سے تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے سے اب تک 4 ہزار سے زائد لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ نیپال کے وزیراعظم ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کرچکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق زلزلے سے 80 لاکھ شہری براہ راست متاثر ہوئے جن میں 15 لاکھ 60 ہزار ایسے ہیں جنہیں خوراک، پانی اور رہائش کے مناسب انتظام کی ضرورت ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...