ملازمت اور بچوں میں توازن رکھنے کے 6ٹوٹکے

409

ملازمت اور بچے پالنا وہ کام ہیں جس میں آپ کی بھرپور محنت اور توجہ کی پوری ضرورت ہوتی ہے۔اگر تو آپ ذمہ دار ماں اور ذمہ دا رخا تونِ خانہ ہیں اور ساتھ ہی آپ ورکنگ لیڈی بھی ہیں تو آپ ان سب چیزوں کو بہترین انتظام کے ساتھ لے کر چلیں گی کیونکہ ان سب کو ساتھ لے کر چلنے کے لئے تھوڑی سی پلاننگ،تھوڑی سی ذمہ داری اور ٹائم مینجمنٹ کی ضرورت پڑتی ہے،جس کو کرنے سے آپ کی زندگی میں بہت آسانی پیدا ہو جائے گی۔یہاں ہم انہی کاموں کو آسان بنانے کے کچھ طریقے پیش کر رہے ہیں جن پر عمل کر کے آپ اپنی زندگی میں توازن پیدا کر سکتی ہیں۔

1۔وقت کی عقلمندانہ تقسیم

ہمیشہ اپنے ساتھ کیلنڈر رکھیں جسے آپ اپنے کام اور فیملی دونوں میں استعمال کریں ،ان دونوں جگہوں پر وقت اور کام میں توازن رکھنے کے لئے ٹائم ٹیبل کی بہت ضرورت پڑتی ہے،اور ضرورت اس امر کی بھی ہے کہ ان دونوں جگہوں پر کام کرتے ہوئے باقاعدہ شیڈول بنایا جائے اور اس پر پھر عمل بھی کیا جائے ،اور پھر عمل بھی باقاعدگی سے کیا جائے اس میں ایسا نہ ہو کہ آپ ایک دن عمل کریں اور دوسرے دن اس کو بھول جائیں ۔ آپ کے بچوں کو بھی اس بات کا علم ہونا چاہیے کہ آپ ان سے کیا توقعات وابستہ کرتے ہیں اور آپ کو بھی یہ علم ہونا چاہیے کہ آپ کے بچے آپ سے کیا توقع کرتے ہیں ،اس سے آپ کو اپنے مقاصد کا تعین کرنے میں آسانی رہے گی اور آپ ان پر عمل پیرا ہو سکیں گی۔

2۔بچوں کے اسکول کے کام میں دلچسپی

اپنے بچوں کے اسکول کے کام میں دلچسپی لیں ۔ان سے پوچھیں کہ ان کو کسی کام کو انجام دینے میں کوئی مشکل تو نہیں پیش آرہی۔اگر آپ ان کا کام نہیں بھی کروارہی ہیں تو بھی کم از کم ان کے ساتھ بیٹھ کر ان کے اسکول کی سارے دن کی رودادسنیں،ان کو مفید باتیں بتائیں ان سے ہلکی پھلکی باتیں کریں ،یعنی ان کے ساتھ گزارے ہوئے ہر لمحے کو انجوائے کریں ۔کوشش کریں کہ اپنے بچوں کے اسکول کے فنکشنز میں شرکت کریں ،ان کی پیرنٹس میٹنگ میں شریک ہوں۔ان کی پڑھائی کے علاوہ بھی دوسری غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی حوصلہ افزائی کریں تا کہ ان کا خود پر اعتماد بڑھے۔

3۔ بچوں کی دیکھ بھال کرنے والوں سے تعلقات

اگراپنے بچوں کی دیکھ بھال کرنے والوں سے آپ ذاتی تعلقات اور خوشگوار تعلقات رکھیں تو یہ خود آپ کے لئے بہت سکون کا باعث بنتا ہے ،آپ اپنے کام پہ زیادہ فوکس کر سکتی ہیں ۔اپنے گھر سے دور ہوتے ہوئے بھی آپ اپنے گھر کی طرف سے بے فکر ہوسکتی ہیں ،اس کے ساتھ ساتھ اپنے بچوں کی بھی خیر خبر رکھ سکتی ہیں ،ان کے ساتھ نہ ہوتے ہوئے بھی ۔اسی لئے ہمیشہ اپنے بچوں کو قابلِ اعتماد لوگوں کے حوالے کریں ،یہ بہت ضروری ہے کہ آپ کے اور آپ کے بچے کو سنبھالنے والے کے درمیان یکساں ذہنی ہم آہنگی ہو،اور وہ بچے کی نفسیات اور بچے کی ضروریات کو پوری طرح سمجھ سکتی ہوں۔یہ چیز بچوں میں اعتماد اور ان میں ٹہراؤ پیدا کرتی ہیں ،اور بچوں کو یکسو کرتی ہیں ۔

4۔بچوں کی بیماری

جب آپ کے بچے بیمار پڑ جائیں تو یہ آپ کے لئے بہت اہم ہوتا ہے کہ آپ اس سچویشن کو کس طرح ہینڈل کریں کہ آپ کے کام کی جگہ آپ کی پوزیشن بھی خراب نہ ہو اور آپ بیمار بچے کی دیکھ بھال بھی کر سکیں۔اس کے لئے سب سے آسان اور اچھا طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنی چھٹیاں بچا کر رکھیں تا کہ ایسی کسی بھی کنڈیشن اور پوزیشن میں آپ ان کو کام میں لاسکیں ۔اگر آپ کے بچوں کو سنبھالنے والی عورت یا ادارہ بیمار بچوں کو لینے سے انکار کر دیتا ہے تو اس کے لئے ضروری ہے کہ پھر اس کے لئے گھر میں ہی اپنا مناسب انتظام کر لیا جائے،اور اس کے لئے یہ بہت اہم ہے کہ آپ کے پاس چھٹیاں بچی ہوئی ہوں ،جن کو آپ استعمال میں لا سکیں ۔

5۔ اپنے مقاصد کا تعین

اپنے اوپربوجھ اور دباؤ کو کم کریں اور گھر کے تمام فیملی ممبرز میں کاموں کی مساوی تقسیم کریں عمر اور جنس کے حوالے سے کاموں کو تعین کریں ،اپنے بچوں کو خاص طور پر ذمہ دار بنائیں کہ وہ اپنے تمام کام خود سے کر سکیں جن میں نہانا،دانت برش کرنا،بال بنانا،کپڑے بدلنا وغیرہ ،اور ہر فیملی ممبر سے یہ درخواست کریں کہ وہ اپنے حصے کا کام کرے تا کہ آپ کے اوپر تمام کاموں کا بوجھ نہ پڑ جائے۔اپنے اور گھر والوں کی ذمہ داریوں اور مقاصد کا تعین کرنا آپ کی زندگی کو بھی آسان بنا دے گا اور آپ کی فیملی کی زندگی کو بھی۔

6۔مینیو پہلے سے سوچ لیں

اپنے وقت کو بچانے کے لئے یہ تکنیک استعمال کریں اور اپنا وقت اور محنت کو بچائیں ۔اگر آپ کام میں مصروف ہیں تو اپنے کھانے کو جلنے سے بچانے کے لئے سلو کوکر کا استعمال کریں ۔اس سے آپ کا کھانا جلنے سے بچ جائے گا اور آپ کی محنت بیکار نہ ہوگی۔ایک وقت میں ایک سے زیادہ کھانے پکا لیں تاکہ ایک آپ کے لنچ یا ڈنر میں استعمال ہو جائے اور دوسری ڈش آپ فریزر میں رکھ سکتی ہیں ،اس کو ائیر ٹائٹ جار یا کنٹینر میں رکھیں تاکہ فوراًًنکال کر گرم یا بیک کر سکیں ۔یا پھر اپنے آفس جانے سے پہلے اس کو نکال کر باہر رکھ جائیں تاکہ آپ کی واپسی تک وہ نرم ہو جائے۔

اگر اسی طرح ہم اپنے وقت کا درست استعمال کر سکیں گے تو اپنے معاملات کو بہتر طریقے سے ہینڈل کر لیں گے ،اصل بات اس کی مینجمنٹ ہے کہ کس طریقہ کار پر عمل کر کے اس محدود وقت کو اپنے بس میں کر لیا جائے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...