ذرا ٹوتھ برش کی فریاد بھی سن لیں!

2,109

ٹوتھ برش ہرگھراورہرفرد کی ضرورت ہے لیکن بعض اوقات بڑی بڑی چیزوں کے بیچ چھوٹی چھوٹی چیزیں دب کررہ جاتی ہیں۔ٹوتھ برش منہ کی صحت میں اہم کرداراداکرتاہے۔ٹوتھ برش کی اہمیت کااندازہ آپ اس بات سے بخوبی لگاسکتے ہیں کہ ٹوتھ پیسٹ اتنااہم نہیں جتناٹوتھ برش ہے۔لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہمارے ہاں ٹوتھ پیسٹ کوزیادہ نمایاں اہمیت حاصل ہے۔
ہم سمجھتے ہیں کہ اپنے منہ کی صفائی اورجسمانی صحت کی برقراری کے لئے دانتوں کے لئے اچھاٹوتھ پیسٹ لیناہی کافی ہے۔جبکہ یہ خیال غلط ہے۔کیونکہ ٹوتھ پیسٹ چاہے کوئی بھی ہو اگر آپ کابرش صحیح نہیں ہوگا تو وہ دانتوں کی حفاظت کے بجائے ان کی خرابی کاسبب توبنے گاہی ساتھ ساتھ دیگربیماریوں کابھی دروازہ کھول دے گا۔

ٹوتھ برش کیساہوناچاہئے؟

ٹوتھ برش ایساہوناچاہئے جودانتوں پرجمے ٹارٹراورجراثیم کی صفائی کرے نہ کہ دانتوں کاہی صفایاشروع کردے۔اسی لئے برش کے انتخاب میں ان باتوں کاخیال رکھیں۔

سائز

برش کاسائز آپ کے دانتوں کے حساب سے ہوناچاہئے جودانتوں کی گہرائی میں جاکرانکی صفائی کرسکے۔عام طورپربڑوں میں آدھے انچ چوڑااورایک انچ لمبابرش استعمال کیاجاتاہے۔جوزیادہ موزوں رہتاہے۔بہت سے برش مزید چوڑے ہوتے ہیں اگر آپ اس طرح کے برش استعمال کرتے ہیں اورآپ کومحسوس ہوتاہے وہ برش گہرائی میں جاکرآپ کے دانت صاف کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتایاکسی قسم کی تکلیف کاسبب بنتاہے تو ضروری ہے کہ آپ اسے تبدیل کرلیں۔

نرم ریشوں والابرش

برش کی خوبصورتی سے زیادہ اسکے آرام دہ ہونے کاخیال رکھناچاہئے۔برش نرم وملائم ہوناچاہئے اوراسکے ریشے جھڑنے والے نہیں ہونے چاہئیں تاکہ وہ اینمل کونقصان پہنچائے بغیرصرف اورصرف دانتوں کی بہترین صفائی کرسکے۔سخت برش مسوڑھوں کوانکی جگہ سے ہٹانے کاسبب بنتاہے۔لہٰذ اکوشش کریں کہ برش کے انتخاب میں احتیاط برتیں۔

ڈاکٹرز کامشورہ

اس سلسلے میں ڈاکٹرز کامشورہ نہایت اہمیت کاحامل ہے۔آپ کے دانتوں کے حساب سے آپ کے لئے کون سابرش مناسب ہے اس بات کامشورہ ڈینٹسٹ سے بہتر آپ کوکوئی نہیں دے سکتاکیونکہ وہ آپ کے دانتوں کی کنڈیشن سے بخوبی آگاہ ہوتے ہیں۔

برش کب تبدیل کیاجائے؟

برش لے کربھول نہیں جاناچاہئے کیونکہ وقت کے ساتھ برش کے ریشے پائیداری کھودیتے ہیں اورٹھیک طرح سے کام نہیں کرپاتے اسی لئے دانتوں کے ماہرین کے مطابق ہرتین سے چارماہ میں برش تبدیل کردیناچاہئے۔

ٹوتھ برش کیسے کرناچاہئے؟

ٹوتھ برش ہمیشہ آرام اوراطمینان سے کریں۔اسے قلم کی طرح پکڑیں اوردانتوں پراس جگہ رکھیں جہاں وہ مسوڑھوں سے جڑے ہوتے ہیں۔سرکولرموشن میں ہلکے ہاتھوں سے دانتوں کوصاف کریں۔دانتوں کے بیچ کے حصے کی صفائی کویقینی بنائیں۔دانتوں کے ساتھ داڑھوں ، مسوڑھوں اورزبان کی صفائی بھی لازمی کریں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...