مہمانوں کی تواضع کے جھٹ پٹ ٹوٹکے

4,475

رسول اکرم ﷺ نے فرمایا ،

جس گھر میں مہمانوں کو کھانا کھلایا جاتا ہے وہاں خیر یعنی رزق ،برکت اور بھلائی اتنی تیزی سے پہنچتی ہے جتنی تیزی سے چھری بھی اُونٹ کے کوہان کی طرف نہیں پہنچتی ۔( ابن ماجہ )
اس حدیث سے مہمان کی اہمیت واضح ہو تی ہے ،مہمان میزبان کے گھر رحمت کا باعث بنتے ہیں مگر ہم میں سے اکثر لوگ اپنی مصروفیت کے باعث مہمانوں کی آمد کو پریشانی کا سبب سمجھنے لگتے ہیں ۔ جو کہ اسلام میں منع ہے ۔

کہا جاتا ہے کہ دانے دانے پر کھانے والے کا نام لکھا ہوتا ہے لیکن جب بڑی تعداد میں مہمان بن بتائے چلے آئیں تو کوئی بھی گھریلو عورت سب فقرے بھول جاتی ہے ویسے تو خواتین میں مردوں کے مقابلے میں زیادہ برداشت ہوتی ہے لیکن کسی عورت کی برداشت کا معیار جانچنے کا بہترین موقع جب ہوتا ہے کہ جب بن بتائے مہمان گھر چلے آئیں ،ایسے میں اچھی سے اچھی سگھڑ خواتین کے ہاتھ پاؤں بھی پھول جاتے ہیں اس سے ایک طرف تو خواتین ذہنی طور پر منتشر ہو جاتی ہیں تو دوسری جانب گھر آئے مہمان کو بھی پوری طرح وقت نہیں دے پاتیں ۔اس حالت سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ نہ صرف ہفتے پندرہ دن میں مینیو پلاننگ کی جائے بلکہ مہینے کے آغاز میں لائے جانے والے کچن کے سامان میں ایسی اشیاء خریدی جائیں جو مہمانوں کے کام آسکیں ۔

آج کل کے مصروف دور میں میزبان کو اطلاع کر کے ہی مہمانوں کو جانا چاہئے لیکن بعض مہمان کسی تقریب کی دعوت دینے ،نئی دلھن کی منہ دکھائی کرنے یا بچہ کی پیدائش کی مبارکباد دینے کے لئے آتے ہیں لہذا ایسے میں میزبا ن کی بھی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ اُن کی اچھی سے اچھی تواضع کرے ۔

ایسی خواتین جو ملازمت کرتی ہیں اُنھیں وقت کی قلت اور مہمان کی آمد مزید پریشان کر سکتی ہے اس لئے اُ نھیں موثر مینیو پلاننگ کی ضرورت ہوتی ہے ۔ خواتین کو چاہئے کہ وہ گھریلو اشیاء اور راشن کی خریداری کے دوران مہمانوں کو ضرور ذہن میں رکھیں ۔

کون سی اشیاء گھر میں موجود ہونی چاہئیں ؟

۱۔ مصالحہ جات

ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے ایک کام جو ہفتہ یا اتوار کے روز آسانی سے کیا جا سکتا ہے وہ یہ ہے کہ کو فتے ، نہاری ،قیمہ اور چکن کی تیاری میں استعمال ہو نے والا مصالحہ تیار کر کے بھون کر فریزر میں رکھا جا سکتا ہے ۔اور جب کچھ پکانا مقصود ہوتو مصالحہ باہر نکال کر اس میں من پسند چیز ڈال کر کھانا جھٹ پٹ تیار کیا جا سکتا ہے ۔یہ ترکیب اُن خواتین کے لئے بے حد مفید ہے جو کہ گھر سنبھالنے کے ساتھ ساتھ ملازمت بھی کرتی ہیں اور وقت کی قلت اُن کے لئے ایک بڑا مسئلہ رہتی ہے ۔

۲۔ پیاز ،لہسن اور ادرک

پیاز ہر کھانے میں استعمال ہونے والی سبزی ہے جو کسی نہ کسی صورت استعمال ہوتی ہے ۔اکثر سالن میں پیاز پیس کر ڈالی جاتی ہے اور اکثر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث مصالحہ پس نہیں پاتا اور کھانا دیر سے تیا ر ہوتا ہے اس کے لئے بہترین حل یہ ہے کہ ایک ڈش کی ضرورت کے مطابق پیاز پیس کر چھوٹے ڈبوں میں فریز کر لی جائے اسی طرح لہسن ادرک پیس کر فریز کیا جا سکتا ہے تاکہ فوری طور پر سالن یا چاول تیار ہو سکیں ۔

۳۔ آلو

آلو ایک عام استعمال کی سبزی ہے اور اس سے بہت تھوڑے وقت میں کئی ڈشیں جیسے ( آلو کی بھجیا ،اچاری چاٹ ،فنگر چپس ،آلو کے پراتھے ،سینڈوچ اور کٹلٹس تیار کئے جا سکتے ہیں اس لئے آلو گھر میں ہمیشہ رکھیں ۔یہ چائے کی میز سے لے کر دسترخوان تک تمام پریشانیوں سے نجات دلا سکتے ہیں ۔

۴۔اُبالنے والی اشیاء

ایسی اشیاء جن کو اُبالنے اور پکانے میں کافی وقت لگتا ہے ایسی اشیاء کو ہفتے میں ایک دن اُبال کر فریز کر لیں جیسے ( چنے ،قیمہ ،گوشت ،دال ) اگر کھانے کے وقت کوئی مہمان آتا ہے تو آپ جلدی سے چنے انڈے کا سلن ،قیمہ فرائی ، دال مکھنی بنا سکتے ہیں

۵۔ ڈبل روٹی

ہر گھر میں ڈبل روٹی کا استعمال ضرور ہوتا ہے یہ نہ صرف ناشتہ میں بلکہ اسنیکس بنانے میں بھی استعمال ہو سکتی ہے ۔اگر گھر میں ڈبل روٹی موجود ہو تو فوری طور پر اُ بلے قیمہ یا ابلی دال کی مدد سے سینڈ وچ بنائے جا سکتے ہیں اس کے علاوہ بریڈ چیز رول ،شاہی ٹکڑے ،فرنچ ٹوسٹ بناےء جا سکتے ہیں ۔

۶۔ جھٹ پٹ گوشت اور سبزیوں کا استعما ل

بہت سی سبزیاں ایسی ہیں جنھیں دھونے اور کاٹنے میں وقت درکار ہوتا ہے جیسے ( پالک ،میتھی ،ہرا دھنیا اور پودینہ ) ایسی سبزیوں کو توڑ کر اور دھو کر چھوٹے پورشن میں تقسیم کر کے پیکٹ بنا کر رکھا جا سکتا ہے ۔اس طرح گوشت کو گھر لا کر اُس ہی تھیلی میں فریزر میں ڈالنے سے بہتر ہے کہ اس گوشت کو دھو کر اس پر لہسن ادرک لگا کر فریز کر لیا جائے یا گوشت کو اُبال کر اس کی یخنی بنا کر ،یا کباب بنا کر رکھے جا سکتے ہیں ۔

۷۔ ریڈی ٹو کُک مصالحہ جات

آج کل بازار میں ریڈی ٹو کُک مصالحہ اور فوڈ پروڈکٹس آسانی سے ملتے ہیں ایسی اشیاء ملازمت کرنے والی خواتین کے لئے بڑی کار آمد ہوتی ہیں ۔ایمر جنسی کے لئے ایسے ریڈی میڈ کھانے اور مصالحے استعمال کرنے میں کوئی حرج نہیں ۔
۸۔ دہی بڑوں کے بڑے بنا کر انھیں فرائی کر کے کباب کی طرح محفوظ کر لیں ۔جب مہمان آئیں تو ان بڑوں کو گرم پانی میں دس منٹ بھگو کر میٹھے دہی میں ڈال دیں اور اوپر سے چاٹ مصالحہ چھڑک دیں ۔
۹۔ گھر میں اگر مکئی کے دانے ہوں تو مہمانوں کے ساتھ آنے والے چھوٹے بچوں کے لئے فوری طور پر پاپ کارن بناےء جا سکتے ہیں
۱۰۔ گھر میں انڈے ضرور ہو نے چاہئیں تاکہ مہمانوں کے آنے کی صورت میں انڈے کا حلوہ یا چیز ٹوسٹ فوری طور پر بنا یا جا سکے
۱۱۔ نمکو ،چیوڑہ ،ڈرائی فروٹ ،سونف سپاری ،بسکٹس اور پاپڑ مہمانوں کی تواضع کے لئے گھر میں موجود ہونے چاہئیں ۔
۱۲۔ بیسن ،سویاں ،سوکھا دودھ ،اور کوئی بھی موسمی فروٹ گھر میں ہر وقت موجود ہونا چاہئے
۱۳۔ کسٹرڈ پاؤڈر ، چکن کیوب ،اور کارن فلاور مہینے کے سامان میں ضرور لانا چاہئے تاکہ سوپ یا کسٹرڈ بنایا جا سکے
۱۴۔ گرمی کے موسم میں پانی میں چینی گھول کر فرج میں رکھی جا سکتی ہے تاکہ دھوپ میں سے آئے مہمانوں کو فوری ٹھنڈا شربت دیا جا سکے
۱۵۔ گھر میں چاٹ مصالحہ ، شربت کی بوتل کیچپ یا چٹنی بھی ہونا ضروری ہے

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...