یہ نسخے آزمائیں شادی کو شک کے دیمک سے بچائیں

5,544

رشتوں میں شک کاآنا رشتوں کودیمک کی طرح چاٹ جاتاہے۔رشتوں کی پائیداری کے لئے رشتوں میں اعتماد ہونالازم ہے۔

شک ہماری نفسیات کاحصہ بن چکاہے۔شک کے لفظ سے پہلاخیال میاں اور بیوی کے رشتے کا ہی آتاہے۔سسرال والے بہوپر اور بہو سسرال والوں پرشک کرتی ہے۔بیٹا کچھ بھی کردے شک بہوپر جاتاہے کہ اسکے کہنے پر ایساکیاہوگا۔اسی طرح شوہر کی لاپرواہی کاذمہ دار بیوی سسرال والوں کوٹھہراتی ہے۔دیگر رشتوں میں اگر کوئی اپنایاساتھی آپ کی تعریف یامدد کردے تو یہی کہاجاتاہے کہ اسے کوئی کام ہوگا۔یہ تمام چیزیں شک کے زمرے میں آتی ہیں جو رشتوں میں کڑواہٹ کاسبب بنتی ہیں۔

بے جاشک سے بچنے کے لئے ان نکات پر غورکریں۔

بھروسہ

بھروساوہ پھول ہے جو شک کاجھونکالگتے ہی مرجھاجاتاہے۔لوگوں پرشک کرنے کے بجائے بھروسہ کرناسیکھیں۔اپنی عقل کے مطابق فیصلہ کریں نہ تو بالکل آنکھیں بند کرکے بھروسہ کریں کہ اگلاآپ کی امیدوں پر پانی پھیر دے اور نہ ہی اچھے لوگوں پرشک کرکے اپنوں کاساتھ کھودیں۔

ہمدردی

اگر کوئی آپ سے ہمدردی کرے تو ضروری نہیں کہ اسکو آپ سے کوئی مطلب ہوگا بلکہ ایسا بھی ہوسکتاہے کہ وہ آپ کی بھلائی کاطلب گار ہو۔لیکن منافق لوگوں کی پہچان آپ نے خود کرنی ہوتی ہے کیونکہ منافق کی ہمدردی دشمن کی تلوار سے زیادہ خطرناک ہوتی ہے۔آپ کابے جاشک آپ سے سچاہمدرد چھین سکتاہے۔

مثبت سوچ

مثبت سوچ ہی آپ کومستقل عمل پر تیار کرتی ہے۔اگر آپ نے مثبت سوچ کومستقل طورپرپالیا تو آپ کے لئے مستقل بنیادوں پررشتے ناتے سنوارنا مشکل نہیں رہے گا۔اگر آپکی سوچ مثبت ہوگی تو آپ کسی کی اچھائی کوشک کی نگاہ سے نہیں دیکھیں گے۔

اچھے اخلاق

خاندانی تعلقات ہوں یادفتری مراسم،محلہ پڑوس کامعاملہ ہویاخریدوفروخت کا،انسانی رشتوں کومضبوط کرنے والااورایک دوسرے کوقریب لانے والا ایک ہی عمل ہے اور وہ ہے آپکے اچھے اخلاق۔آپکے تعلقات کوبگاڑنے کے ضمن میں شک اہم کردار اداکرتاہے۔

حسن ظن

دوسروں کے بارے میں ناجائز گمان یابدظنی سے کام نہ لیں بلکہ حسن ظن کامظاہر ہ کریں۔بدگمانی رشتوں میں فتنوں اور لڑائیوں کاپیش خیمہ ثابت ہوتی ہے۔اگراپنوں کواپنے قریب رکھناہوتو شک کی دیوار کو گراکریقین کی مضبوط دیوار قائم کریں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...