کیا آپ کو سبزی پھل خریدنے کا صحیح طریقہ آتا ہے؟

2,095

ہر ایک کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اچھی سے اچھی چیز خریدے اس میں کوئی داغ نہ ہو یا پرانی اور رکھی ہوئی نہ ہو۔ لیکن اچھے اور تازہ پھل اور سبزیاں خریدنا بھی ایک فن ہے۔
تازہ پھل اور سبزیاں خریدتے وقت مختلف باتوں کا خیال رکھنا پڑتا ہے۔ ذیل میں کچھ طریقے تحریر کیے جارہے ہیں جن کی مدد سے آپ تازہ پھل اور سبزیاں خرید سکتے ہیں۔

کن چیزوں کا خیال رکھیں؟

اچھی رنگت:

پھل یا سبزی کے داغ سے پاک ہونے کے علاوہ اس کی رنگت دیکھنا ضروری ہے ۔ تازہ اور پکے ہوئے پھل یا سبزی کی پہچان اچھی رنگت ہے ۔ اگر یہ بدرنگ ہے یا سفیدی مائل ہے تو اسکا مطلب یہ ہے کہ یہ پھل یا سبزی ابھی ٹھیک طرح پکی ہوئی نہیں ہے ۔
پھل میں چیر ی خریدتے وقت اس کی ڈنڈی دیکھیں اگر ہری ہے تو یہ تازہ ہوگی ۔

وزنی ہونا:

چیز خریدتے وقت اس کے وزن کو جانچیں۔ ہلکے وزن کا پھل اندر سے خشک یا بھر بھرا ہوسکتا ہے جبکہ بھاری پھل زیادہ رسیلا اورخستہ ہوگا۔
دونوں ہاتھوں میں ایک ہی طرح کے دو پھل اٹھا کر دیکھیں اور ا س میں سے بھاری منتخب کریں۔یہ طریقہ پھل اور سبزیوں دونوں میں استعمال کر سکتے ہیں ۔ لیکن زیادہ تر پھلوں کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

ٹھوس ہو لیکن سخت نہ ہو:

اچھے پھل یا سبزی اندر سے نم یا رسیلے ہوتے ہیں ۔ یہ پوری طرح گول ہونے چاہئیں اور ہاتھ میں لینے سے ٹھوس محسوس ہوں لیکن بہت زیادہ سخت نہ ہوں۔
ہر پھل اپنے لحاظ سے ٹھوس ہوتا ہے ۔ گچھے کی شکل میں پھلوں کا انتخاب کرنے کے لیے (یعنی کیلا وغیرہ)
ایک پھل کو آہستہ سے ہاتھ میں اٹھائیں تو آپ کو اس کے سخت یا نرم ہونے کا اندازہ ہوجائے گا ۔ ایسی سبزیاں جو ڈنٹھل کے ساتھ ہوتی ہیں یعنی گوبھی ،بروکولی ، گاجر وغیرہ ۔ ان کا ڈنٹھل موڑ کر دیکھیں اگر آسانی سے نہ مڑے تو یہ تازہ ہے۔

خوشبو:

پھل کی کوالٹی کو جانچنے کے لیے ایک طریقہ اس کی خوشبو بھی ہے ۔ کچے پھل میں بالکل بھی خوشبو نہیں ہوگی جبکہ پکے ہوئے پھل سے ہلکی ہلکی خوشبو آرہی ہوگی ۔
پھل کا ڈنڈی کے قریب والا حصہ ناک کے قریب لے جا کر سونگھیں ۔ جس میں زیادہ خوشبو ہوگی وہی پکا ہوگا اور ذائقہ میں اچھا ہوگا اور فوری طور پر کھانے کے قابل ہوگا ۔
لیکن اگر آپ پھل کچھ دن کے لیے رکھنا چاہتے ہیں تو ہلکی خوشبو والا پھل خریدیں۔
کچھ سبزیوں کے لیے بھی یہ ترکیب آزمائی جاسکتی ہے ۔ عام طور پر ہرے پتوں والی سبزیوں میں خوشبو ہوتی ہے ۔ اس کے علاوہ گاجر اور شملہ مرچ میں بھی اپنی خوشبو ہوتی ہے ۔

سبزیوں کا انتخاب کیسے کریں:

چقندر:

تازہ ڈنڈیوں والا ٹھوس چقندر لیں جس کی بڑی جڑ tap root مڑی ہوئی نہ ہو۔ مرجھائے ہوئے پتوں بڑے سائز کے جڑوں والے چقندر نہ لیں ۔ کیونکہ یہ پرانے اور سخت ہونگے۔

بند گوبھی:

دبانے سے ٹھوس محسوس ہو اور پتے الگ الگ نہ ہورہے ہوں ۔ ہاتھ میں اٹھانے سے بھاری محسوس ہو۔ اس کی ڈنٹھل بھی ہری ہونی چاہئے۔

گاجر:

اچھی رنگت،ٹھوس ، سیدھی اور جڑوں ے پاک گاجر کا انتخاب کریں ۔

پھول گوبھی:

گوبھی کا پھول بالکل جڑا ہوا ہو رنگت کریمی مائل سفید ہو۔ پیلی ، دھبوں والی اور الگ الگ پھول والی گوبھی نہ لیں۔

بیگن:

قدرتی رنگت اور چمک کے ساتھ وزن میں بھی بھاری محسوس ہونے والے بیگن منتخب کریں۔ہلکا سا انگوٹھے سے دبائیں تازہ بیگن میں دبی ہوئی جگہ دوبارہ ہموار ہوجائے گی جبکہ کچا بیگن دبے گا نہیں اور زیادہ پکا ہوا دبنے کے بعد واپس اپنی جگہ نہیں آئے گا۔

ہرے پتوں والی سبزیاں:

پتے تازہ اور کڑک ہوں۔ مرجھائے ہوئے پتوں والی سبزیاں نہ لیں۔

مزئد جانئے :ذہنی تناؤ اور فکر کے با وجود پر سکون نیند پانے کے طریقے

پھلوں کا انتخاب کیسے کریں:

انگور:

انگور کا خوشہ اٹھا کر دیکھیں اگر دانے گرتے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ یہ پوری طرح پکا ہوا ہے۔

اسٹرابیری:

ٹھوس ہوں اور بہت تیز خوشبو نہ ہو۔ گھر جا کر کھلے برتن میں رکھیں۔

سٹرس فروٹ:

لیموں ، کینو، موسمی میں تازہ خوشبو ہو اور کہیں سے نرم نہ ہوں۔ چھلکوں پر براؤن یا گرین نشان خرابی کی نشانی نہیں ہوتے۔

سیب:

ٹھوس اور چکنے ہوں ۔ چھلکے پر سلوٹیں نہ ہوں۔

خربوزہ:

خربوزے کا شاخ والا حصہ دبا کر دیکھیں اگر یہ نرم ہے تو خربوزہ پکا ہوا ہوتا ہے ۔ پکے ہوئے خربوزے میں خوشبو بھی ہوتی ہے جتنی زیادہ خوشبو ہوگی اتنا ہی پکا ہوا ہوگا۔

تربوز:

اسے بجا کر دیکھیں اگر کھوکھلی آواز آتی ہے تو یہ پکا ہوا ہے ۔ تربوز کو اٹھا کر نیچے سے دیکھیں نیچے سے چھلکا پیلا ہے تو تربوز پکا ہوا ہے۔


شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...