جا کے سسرال گوری ۔۔۔۔۔۔دلہن کی تیاری

726

شادی ایک مقدس فریضہ،سنتِ رسولﷺ،اور دستورِ دنیا ہے ،شادی زندگی میں آنے والی تبدیلی کا نام ہے ۔جس میں آپ کو سرتاپا اپنا آپ بدلنا پڑتا ہے ۔شادی میں دونوں فریقین ایک ایسے معاہدے پر دستخط کرتے ہیں ،جس میں کہ ہر گھڑی ہر قدم پر ایک دوسرے کا ساتھ نبھانے کا عہد کیا جاتا ہے ۔شادی کے لئے لڑکا اور لڑکی دونوں کو ذہنی اور جسمانی دونوں لحاظ سے تبدیلی کے لئے تیار ہونا چاہیے۔ایک دوسرے کی خامیوں اور خوبیوں کو خوشدلی کے ساتھ نبھانے کا نام شادی ہے۔زندگی کے اس اہم موقع کو یادگار بنانے کے لئے کوئی بھی لڑکی بہت پرجوش ہوتی ہے اور یہ چاہتی ہے کہ اس کی زندگی کا یہ دن یادگار اور خوشگوار ثابت ہو ،اور وہ اس دن سب سے منفرد اور سب سے خوبصورت نظر آئے۔اس منفرد اور خوبصورت دکھائی دینے کے لئے کچھ تیاریوں کی بھی ضرورت ہے ،تو آئیے جانتے ہیں کہ آپ کو اپنے دن کو کیسے یادگار بنانا ہے۔

متوازن غذا کا استعمال:چہرہ خوبصورت بنائیں :

آپ کو سب سے پہلے اپنی غذا پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ،تا کہ آپ کا چہرہ فریش اور قدرتی طور پر خوبصورت نظر آئے ۔اس کے ساتھ ساتھ تازہ موسمی پھلوں کا استعمال بڑھادیں ،مرچ مصالحوں کا استعمال کم سے کم کردیں تاکہ چہرے پر دانے،داغ اور دھبے نہ پڑیں ۔دودھ دہی کا استعمال زیادہ کریں ۔

باہر کم سے کم نکلیں :

شادی مین عام طور پر یہ دیکھا گیا ہے کہ دلہن بیچاری آخری دن تک باہر پھر رہی ہوتی ہے کبھی شاپنگ کے چکر میں کبھی پارلر کے لئے کبھی کپڑوں کے لئے ،جس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ دھوپ میں نکل نکل کر رنگ خراب ہو جاتا ہے ،تھکن علیحدہ بڑھ جاتی ہے اور چہرہ ماند پڑ جاتا ہے۔اپنی تمام تیاری ایک ڈیڑھ مہینے پہلے مکمل کر لیں تاکہ آخر میں آپ بازاروں میں خوار نہ ہوں ۔

پانی کا استعمال بڑ ھا دیں:

پانی آپ کی اسکن کو فریش رکھتا ہے اور اس کے استعمال سے آپ کی جلد کی خوبصورتی میں کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے۔

شادی کا جوڑا:

شادی کے جوڑے کا انتخاب کرتے وقت ہمارے ہاں عام طور پر لڑکیاں بہت جذباتی ہو جاتی ہیں ،اور یہ چاہتی ہیں کہ بھاری سے بھاری کامدار جوڑے کا انتخاب کریں ۔جبکہ یہ انتہائی غلط سوچ ہے ،آج کل ہلکے رنگوں کے عروسی جوڑے زیادہ فیشن میں ہیں اور روایتی غراروں اور شراروں کی جگہ لانگ شرٹس اور میکسی پسند کی جا رہی ہے ،غرارے اور شرارے دیکھنے میں خوبصورت ضرور لگتے ہیں لیکن ان کا دوبارہ استعمال بہت کم ہو تا ہے اور وہ سالوں آپ کے سوٹ کیسز میں بند پڑے پڑے اپنی چمک دمک کھوتے رہتے ہیں ۔اس لئے عروسی جوڑا ایسا منتخب کریں کہ جو بہت زیادہ بھاری نہ ہو اور خاص کر دوپٹے پر بہت زیادہ کام نہ ہو کیونکہ وہ سر پر ٹکانا بہت مشکل ہو جاتا ہے اور اگر کسی طرح اٹکا بھی دیں تو وہ اتنا بھاری ہوتا ہے کہ آپ کی گردن میں درد ہو جاتا ہے ،اس لئے دوپٹہ ہلکے کام کا منتخب کریں ۔اس کے علاوہ شرارے غرارے کی جگہ میکسی یا چوڑی دار پاجامہ اور لانگ شرٹ زیادہ بہتر انتخاب ہے۔آج کل لانگ شرٹ کی ساتھ لہنگا یا شرارہ بھی خاصا ان ہے ۔رنگوں میں سارے لائٹ کلر اِن ہیں ۔سرخ رنگ تو دلہن کے لئے ہمیشہ سے فیشن میں ہے ۔یا یہ کہہ لیں کہ سرخ رنگ تو شاید بنا ہی دلہن کے لئے ہے۔

پارلر کا انتخاب:

پارلر کے انتخاب میں سنی سنائی باتوں کا اعتبار نہ کریں ،بلکہ آزما کر دیکھیں پہلے سے پارلرز کے بارے میں معلومات کریں ،اور وہاں جاکر ان کے کام اور ان کے دام معلوم کریں ،ہم نے بہت سے مشہور پارلرزکا یہ حال دیکھا ہے کہ’’ نام بڑے اور درشن چھوٹے‘‘۔ان کے چارجز آسمانوں سے باتیں کر رہے ہو تے ہیں اور جب ان سے سر وسز لی جائیں تو پتہ چلتا ہے کہ بالکل گھٹیا کام۔اس لئے خود پہلے سے وزٹ کر لیں اور جہاں پہلے بھی آپ کے کسی جاننے والے نے سروسز لی ہوں ایسے پارلر کا انتخاب کر نا زیادہ بہتر ثابت ہو تا ہے ۔بجائے اس کے کہ بالکل نئی جگہ کا انتخاب کیا جائے۔

ہیوی میک اپ سے گریز کریں:

آج کل ہیوی میک اپ بالکل بھی فیشن میں نہیں ہے بلکہ لائٹ اور نیچرل میک اپ نظر آرہا ہے جو کہ دیکھنے میں بھی تازگی کا احساس دیتا ہے اور خود دلہن بھی ریلکس رہتی ہے ،جبکہ زیادہ ہیوی میک اپ ہر ایک کو سوٹ بھی نہیں کرتا اور بعض اوقات جن کی جلد حساس ہو ان کے الرجی بھی پیدا کر دیتا ہے۔اس لئے کوشش کریں کہ میک اپ کی تہیں نہ چڑھوائیں اور اپنے چہرے کو کیک پیسٹر ی نہ بنائیں بلکہ نیچرل لک دیں ۔


شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...