صبح جلدی اٹھنے کے 7 فوائد

4,153

صبح کی ٹھنڈی اور تازہ ہوا ،چڑیوں کی چہچہاہٹ،سورج کی پہلی کرن آپکو کتنی خوشی اور سکون دیتی ہے۔ اسکا اندازہ آپکو صرف صبح جلدی اٹھنے کے بعد ہی ہوتاہے۔اگر آپ صبح جلدی اٹھیں تو آپ پورے دن میں ہونے والے تمام کام بآسانی کرپاتے ہیں۔لیکن افسوس کے آجکل بہت سے غلط رواجوں میں سے ایک غلط رواج دیر تک سونے کا بھی عام ہے ۔جب دوپہر کے کھانے کا وقت ہوتاہے تو اکثر لوگ اس وقت ناشتہ کررہے ہوتے ہیں۔جسکے باعث دن بھر کی پوری روٹین کے ساتھ ساتھ صحت بھی خراب ہوجاتی ہے۔

ذیل میں صبح جلدی اٹھنے کے چند فوائد بیان کئے گئے ہیں جنھیں جان کر شاید اگر آپ جلدی اٹھنے کی عادی نہیں ہیں تو بن جائیں گے:

۱۔اچھی دماغی صحت

صبح جلدی اٹھنا آپکے دماغ کی صحت کے لئے مفید ہے جب آپ صبح جلدی اٹھتے ہیں تو آپکا دماغ پریشانیوں سے آزاد ہوتاہے اور آپ فریش اٹھتے ہیں لیکن اسکے لئے وقت پر سونا بھی ضروری ہے۔ زیادہ دیر تک سونے سے دماغ بوجھل رہتاہے اور دیر سے اٹھنے والوں کو ڈپریشن اور دیگر نفسیاتی مسائل کا سامنا رہتاہے کیونکہ وقت کی بے ترتیبی کی بدولت وہ اپنا کام وقت پر پورا نہیں کرپاتے جو انکی پریشانیوں میں اضافے کاسبب بنتاہے۔اسکی بدولت صبح جلدی اٹھنے والے مثبت سوچ رکھتے ہیں وہ پرسکون رہتے ہیں اور ذہنی الجھنوں سے آزاد رہتے ہیں۔

۲۔ورزش کا مناسب وقت

صبح جلدی اٹھ کر ورزش کر نا سستی کا بہترین علاج ہیں اگر آپ جلدی اٹھیں گے تو بآسانی ورزش کو اپنے معمول میں شامل کرسکیں گے صبح کی تازہ ہوا میں کم از کم بیس منٹ کی والک بھی آپکو دن بھر تازہ دم رکھتی ہے اسکے برعکس اگر آپ دیر سے اٹھتے ہیں تو آپکو صرف اپنے ضروری کام کرنے کا موقع ہی بامشکل مل پاتاہے ۔ورزش کے ذریعے آپ اپنے جسم کو توانائی دے کر دن بھر کے کاموں کے لئے تیار کرسکتے ہیں۔کیونکہ محنتی کے سامنے پہاڑ کنکر اور سست کے سامنے کنکر بھی پہاڑ کی طرح ہے۔

۳۔صحت افزاء ناشتہ

آپکے جسم کو توانائی اور اپنے مقاصد پر توجہ دینے کے لئے صحت بخش غذائی اجزاء کی ضرورت ہوتی ہے جو آپ ناشتہ کے زریعے حاصل کرتے ہیں اگر آپ صبح جلدی اٹھنے کے عادی نہیں تو یقیناًآپ صبح کاناشتہ ٹھیک سے نہیں کرپاتے ہونگے یا پھر کرتے ہی نہیں ہونگے۔آپکا جسم رات بھر کی فاسٹنگ پر ہوتاہے جسکے لئے آپکو غذائیت سے بھرپور ناشتہ کی ضرورت ہوتی ہے صحت مند ناشتہ آپکی اچھی عادتوں کی تعمیر کی بنیاد ہے اسکے بعد آپ اپنی بھوک مٹانے کے لئے غیر صحت مند اشیاء کھانے سے بچ جاتے ہیں۔

۴۔مقاصد کا حصول آسان

سیدھی سی بات ہے اگر آپ صبح جلدی اٹھتے ہیں تو آپ اپنے پورے دن میں اپنے کاموں کو ترتیب دے سکتے ہیں ۔اگرچہ انسان کو اسکے مقدر سے زیادہ نہیں ملتاپھر بھی رزق کے حصول میں سستی نہیں کرنی چاہئے رات کی بھرپور نیند کے بعد آپکا دماغ پر سکون ہوتاہے اور آپ محنت سے کام کرنے کے لئے تیار۔صبح جلدی اٹھنافیصلے کرنے ، اہداف مقرر کرنے اور منصوبہ بندی کرنے کے لئے بہترین ہے۔ شروع میں آپکو صبح اٹھنا ناگوار لگ سکتاہے لیکن بعد میں اسکی عادت آپکے لئے ترقی کاباعث ثابت ہوگی۔

۵۔بہتر تعلیمی معیار

اگر آپ طالب علم ہیں تو صبح جلدی اٹھنا آپکے لئے بہت بہترہے۔ دیر سے اٹھنے والے طلباء کے مقابلے میں جلدی اٹھنے والے طلباء مجموعی طور پر اچھے گریڈ لاتے ہیں ۔صبح جلدی اٹھنے کی بدولت آپ مقررہ کاموں میں بھرپورحصہ لے سکتے ہیں۔اگر آپکا ذہن فریش ہوگا تو آپ اپنی پڑھائی میں دلچسپی کا مظاہر ہ کریں گے دوسری صورت میں پڑھائی آپکو ایک بوجھ سے زیادہ کچھ نہیں لگے گی آپ پڑھ تو لیں گے لیکن وہ باتیں آپ میں جزب نہیں ہوسکیں گی۔

۶۔اچھی نیند کا باعث

صبح جلدی اٹھنے کے باعث آپ رات کو جلدی سوئیں گے اور اگلے دن جلدی اٹھیں گے ۔ اس عمل سے آپکے صبح جلد اٹھنے کی عادت پختہ ہوسکتی ہے، اس سے آپکی نیند کا معیار بہتر ہوسکتاہے اور آپ صبح میں قدرتی طور پر نیند پوری ہونے کے باعث آرام سے بیدار ہوسکتے ہیں۔جب آپ صبح جلدی اٹھ کر دن بھر اپنے کاموں میں مشغول رہیں گے تو رات کی پر سکون نیند آپکو اگلے دن کے لئے پھر سے تازہ دم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔

۷۔گھر والوں کے لئے وقت

آپکے جلدی اٹھنے کے باعث آپ اپنے گھر والوں کو کوالٹی ٹائم دے سکتے ہیں ۔گھر کے معاملات میں دلچسپی لے سکتے ہیں۔ اپنے گھر والوں کے مسائل جان کر انھیں حل کرنے میں مددگار ہوسکتے ہیں۔ اگر شادی شدہ ہیں تو بیوی بچوں کے ساتھ اچھا وقت گزار کر انھیں اچھی زندگی کا احساس دلاسکتے ہیں۔

جب آپ بہتر محسوس کریں گے تو آپکا دماغ اس کی پیروی کرے گا اور آپ تعلیم اور کام سے متعلق دیگر مسائل کا حل تلاش کرنے میں کامیاب ہوسکیں گے۔اور اپنے دن کا آغاز ایک صحت مند انداز میں کرپائیں گے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...