عید ، گرمی اور مہمانوں کی تواضع اب نو پرابلم

428

عید کی آمد آمد ہے اورہرگھرمیں اس وقت عید کی تیاریاں پورے جوش وخروش سے جاری وساری ہیں۔عید ہوں اورمہمان نہ ہوں ایساتوممکن ہی نہیں ہوتا۔آج کل کیونکہ گرمی کاموسم ہے اسی لئے بہتر ہے کہ گھرکی صفائی اور عیدپرآنے والے مہمانوں کی خاطرداری کاسامان پہلے ہی سے تیارکرکے رکھ لیاجائے تاکہ عید کے دن کسی قسم کی پریشانی،شرمندگی اورگھبراہٹ کاسامنانہ کرناپڑے۔

مہمانوں کی تواضع کیسے کی جائے؟

تقریباً ہرگھر میں عید کے تینوں دن مہمانوں کی آمدورفت جاری رہتی ہے۔وقت کی مناسبت سے کچھ مہمانوں کے لئے ریفریشمنٹ اورکچھ کے لئے کھانے کااہتمام کیاجاتاہے۔ ایسی صورت میں اگر پہلے سے تیاری نہ کی جائے تو خاتونِ خانہ کابیشتر وقت باورچی خانے میں ہی گزرجاتاہے اورصاحب کاسامان لانے میں۔نہ صرف یہ بلکہ ستم ظریفی یہ ہوتی ہے کہ پھرخواتین کام کے باعث اس طرح سج سنورنہیں پاتی جیسی ا ن کی خواہش ہوتی ہے۔ساتھ ساتھ آنے والے مہمانوں کووقت دینے کے بجائے وہ پریشان اورجھنجھلاہٹ کاشکار دکھائی دینے لگتی ہیں۔اگر آپ عید سے پہلے تھوڑی محنت کرلیں تو عید کے دن فریش ہوکرمہمانوں کی تواضع خوش اسلوبی سے کرسکتی ہیں۔

عید کی سوغات شیرخورما

عید الفطر ہواورشیرخورمانہ ہوتو ایساتوممکن ہی نہیں ہوتا۔بہت زیادہ شیرخورماایک ہی وقت بناکررکھنابھی مناسب نہیں رہتا کیونکہ اگر استعمال نہ ہوتو خراب ہونے کاڈررہتاہے۔لہٰذامہمانوں کے لئے فوری طورپرشیرخورماتیارکرنے کے لئے آپ پہلے ہی سے سیویاں بھون کرفرج میں رکھ لیں۔شیرخورمے کے لئے میوہ نیم گرم پانی میں بھگوکرچھیل کرکاٹ کرہلکاسافرائی کرکے ایئر ٹائٹ جار میں بھرکررکھ لیں۔چھوٹی الائچی کے دانے پیس کرشیشی میں بھر کررکھ لیں۔اگر یہ کام پہلے سے کرلیے جائیں توشیرخورماتیارکرنے میں نہ وقت لگے گااورنہ پریشانی کاسامناکرناپڑے گا۔

اسنیکس فریز کریں

عید کے تینوں دن عام طورپرلوڈ شیڈنگ نہیں کی جاتی لہٰذا کوشش کریں کہ جو اسنیک آپ آرام سے تیارکرسکتی ہیں انھیں تیار کرکے فریز کرلیں۔جیسے شامی کباب،کٹلٹس،چیز بالز،پوٹیٹوبالز،نگٹس،چکن فلے،فش فلے،پزا روٹی ،ماش یامونگ کی دال کے بڑے،ابلے چنے اورفرینچ فرائیز وغیرہ تیار کرکے فریز کرلیں۔تاکہ جب مہمان آئیں تو جھٹ پٹ آپ اپنی صلاحیتوں کامظاہرہ کرتے ہوئے انکے سامنے دسترخوان سجادیں۔

دعوت کااہتمام پہلے سے کریں

اگر آپ کے گھرمیں دعوت ہوتوکھانے کی تیاری کاسامان پہلے ہی سے تیارکرکے رکھ لیں۔مختلف قسم کے کباب جیسے شامی ،سیخ اورگولاکباب وغیرہ،کوفتے،بریانی کی یخنی،چکن اوربیف میں تکہ یاتندوری مصالحہ لگاکر اورگوشت الگ سے ابال کربھی فریز کیاجاسکتاہے۔پیاز کوفرائی کرکے بھی فریز کیاجاسکتاہے۔جس کے بعد کھانوں کی تیاری کوئی مسئلہ نہیں۔جب مہمان آئیں تو آپ موقع کی مناسبت سے انکے لئے کھانے تیارکرسکتی ہیں۔

گھرکی صفائی پہلے سے کرلیں

عید ہواورمہمانوں کی آمد ہوتو ایساتوہونہیں سکتاہے کہ گھرکی صفائی نہ ہو۔کوشش کریں کہ چاند رات سے پہلے ہی تمام گھرصاف ستھرا کردیں۔جواشیاء جیسے پردے ،ٹائلز،ڈیکوریشن پیس اورفلوروغیرہ واش ہوسکتے ہیں تو انھیں واش کرلیں۔گھرمیں موجود تمام شیشوں کو نیل کے پانی یااخبارگیلاکرکے صاف کرلیں۔گھرکی سیٹنگ اورلائٹنگ سسٹم میں تھوڑی بہت تبدیلی اچھاتاثر دیتی ہے۔گرمی کے باعث ہلکے رنگ کے پردے اورچادروں کاانتخاب کریں۔باورچی خانہ اورباتھ روم کی صفائی کوہرگزنظرانداز نہ کریں۔کہاجاتاہے کہ خاتون خانہ کاسلیقہ باورچی خانہ اورباتھ روم کی صفائی سے ہی نظرآتاہے۔لہٰذا اس عید مہمانوں کودیں ایک نیااوراچھاتاثر جسے دیکھ کروہ آپ کی تعریف کیے بغیررہ نہ سکیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...