وقت بچانے کے سات آسان ٹوٹکے

3,307

ہم میں سے ہرشخص خوشی اورکامیابی کاخواہش مند ہے۔ہم سب اپنی زندگی رشتوں ،کام،پیسہ کمانے،کھیل ،مشاغل اوردوسری مصروفیات میں صرف اس لئے گزارتے ہیں تاکہ ہم خوشی اورکامیابی پاسکیں۔

ایک طویل تحقیق کے بعد ایک بات واضح ہے کہ تمام کامیاب لوگ وقت کو اولین اہمیت دیتے تھے۔اسی لئے وہ زیادہ منظم اورموثر انداز میں مسلسل کام کرتے تھے۔اس بات کواس طرح کہناغلط نہ ہوگاکہ اگر آپ کامیابی چاہتے ہیں تو کامیابی وقت کوترتیب دینے کے اعلٰی ترین فن کے بغیر ممکن نہیں۔

وقت بچانے کے سات ٹوٹکے ہیں ان پرعمل کرنے کی صلاحیت ہی آپ کے بہتر مستقبل کاتعین کرتی ہے۔

۱۔فون صرف ایک ضرورت ہے

اس بات کو ذہن نشین کرلیں کہ فون صرف ایک ضرورت ہے ۔بوریت دورکرنے یا ٹائم پاس کرنے کاذریعہ نہیں ہے۔جیسے جیسے وقت گزر رہاہے ہرشخص اپناآدھے سے زیادہ دن بلکہ یوں کہاجائے کہ پورادن یہاں تک کے رات بھی اس میں لگانے کوتیار ہے۔ جسکے باعث دیگر کاموں ،سرگرمیوںاورگھروالوں کے لئے وقت نکالنامشکل ہوتاجارہاہے۔

۲۔خریداری ایک ہی مرتبہ کریں

جب بھی آپ خریداری کے لئے باہر جائیں تو پورے مہینے یاکم از کم ہفتے بھر کی خریداری کرلیں۔روزروزکی خریداری آپ کاوقت ضائع کرنے کاسبب بنتی ہے۔ویسے بھی گھرمیں تمام ضرورت کاسامان موجودہوناضروری ہوتاہے۔ اس طرح فرض میں بھی کوتاہی نہیں ہوگی اوروقت کی بچت بھی ہوجائے گی۔

۳۔بے وقت کی دوستیاں

بے جادوست غیر متوقع اوراچانک ہی آکر وقت ضائع کرنے کاسبب بنتے ہیں۔یہ آپ کے دوست نہیں بلکہ وقت ضائع اورکام میں مداخلت کرنے والے ہوتے ہیں۔اکثر اوقات ان دوستوں کی باتیں نہ ختم ہونے والی ہوتی ہیں۔ جوآپ کے خیالات کے رابطے کوتوڑ دیتی ہیں جس سے آپ کے کام کرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے اورآپ کو کام سے دورکردیتی ہیں۔

۴۔وقت کی پابندی کریں

ایسے لوگ بہت ہی کم دیکھنے میں آتے ہیں جو وقت کے پابند ہوتے ہیں لیکن ایسے لوگ قابل احترام اورمعزز ہوتے ہیں۔اگر آپ بھی کامیاب انسان بنناچاہتے ہیں تو وقت کی پابندی کے اصول کواپنالیں۔اگر آپ کوئی بھی کام وقت پرنہیں کرپاتے تو آپ کی شخصیت غیرمنظم اور مسخ ہوکررہ جاتی ہے اس طرح سے آپ کامیابی تو دورعزت تک حاصل نہیں کرپاتے ۔

۵۔وقت کی چورتاخیر

تاخیر کرنے کارجحان یونیورسل بن گیاہے۔تاخیروقت کی چورہے جولوگ جدوجہد کرنے میں دیرکردیتے ہیں وہ لوگ اپنی زندگی تناؤ اورغربت میں بسرکرتے ہیں۔کیونکہ ایسے لوگ ہمیشہ کام نہ کرنے کاکوئی نہ کوئی بہانہ ڈھونڈ لیتے ہیں او راس طرح وقت ان کے ہاتھوں سے نکل جاتاہے۔ایسے لوگ آج کاکام کل پرچھوڑتے ہیں اوروہ کام پھرنہیں ہوتا۔

۶۔تیزی سے کام کرنے کی عادت

تیز رفتاری سے کام کرنے کی عادت اپنائیںاس عادت سے آپ اپنے ہدف کوآسانی سے پاسکتے ہیں۔آپ جتنازیادہ کام جتنی تیزی سے کریں گے کامیابی اتنی ہی آپ کے نزدیک آئے گی۔تیزی سے کام کرنے والے اپنے اندرطاقت اورخوشی کاجذبہ رکھتے ہیں۔آپ زندگی میں زیادہ کامیابی حاصل کرسکتے ہیں لیکن تب جب آپ محدود وقت میں اپناہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

۷۔وقت پربہترین فیصلے کریں

وقت ضائع ہونے کی ایک بڑی وجہ وقت پر فیصلہ نہ کرنایا قوت فیصلہ کاکمزورہونا ہے۔اس سے وقت کے ساتھ ساتھ پیسہ بھی ضائع ہوتے ہیں۔فیصلہ کرنے کے بارے میں ایک بنیادی اصول یہ ہے کہ جب کوئی معاملہ درپیش ہوتواسی فیصد فیصلے اسی وقت کرنے پڑتے ہیں صرف پندرہ فیصد فیصلے ایسے ہوتے ہیں جوبعد میں کئے جاتے ہیں اورپانچ فیصد فیصلے بالکل ہی نہیں کئے جاتے ۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...