موٹاپے کی 7 بنیادی وجوہات

6,140

آپ کیاکھاتے ہیں اس کا آپ کی مجموعی صحت پر بڑاثر پڑتا ہے ۔ اس میں دو رائے نہیں کہ اچھا کھانا آپ کو توانا اور صحت مند رکھتا ہے ۔ لیکن یہ ہی کھانا اگر حد سے زیادہ تعداد میں لیا جائے یا ان میں توزن برقرار نہ رکھا جائے تو یہ وزن بڑھنے کا سبب بھی بن جاتا ہے ۔
صرف زیادہ کھانا ہی وزن بڑھنے کا سبب نہیں ہوتاہے۔ موٹاپے کی دیگر کئی وجوہات ہو سکتی ہیں جن میں سے اکثرکے بارے میں لوگوں کو معلوم نہیں ہوتا ۔ آئیے وزن بڑھنے کی چند بنیادی وجوہات پر نظر ڈالتے ہیں :

1۔ توانائی میں توازن کی کمی

اس سے مراد یہ ہے کہ جسم میں داخل ہونے والی توانائی اور جسم سے خارج ہونے والی توانائی میں توازن نہیں ہے ۔ جسم میں داخل ہونے والی توانائی وہ ہوتی ہے جو ہم غذا اور پانی سے حاصل کر رہے ہوتے ہیں ۔جب کہ باہر نکلنے والی توانائی وہ ہوتی ہے جسے ہم اپنے روز مرہ کے کاموں کے لیے استعمال کر رہے ہوتے ہیں جس میں سانس لینا، ہضم کرنا اور جسمانی طور پر فعال رہنا شامل ہے۔اگر جسم میں جانے اور باہر نکلنے والی توانائی برابر ہوگی تو آپ کا وزن اتنا ہی رہے گا جتنا کہ ہے۔ اگر باہر نکلنے والی توانائی کم ہوگی تو آپ کا وزن بڑھے گا اور باہر نکلنے والی توانائی اندر جانے والی توانائی سے زیادہ ہوگی تو آپ کا وزن گھٹنا شروع ہو جائے گا ۔

2۔ماحول

جس ماحول میں آپ زندگی گزار رہے ہیں اس کا آپ کے وزن پر گہرا اثر پڑتا ہے۔ جن جگہوں پر تازہ اور صاف ستھری غذا مہیا نہیں ہوتی یا زیادہ تیل والے کھانے کھانے کا رواج ہوتا ہے وہاں اکثر لوگوں کا وزن زیادہ ہوتا ہے ۔ اسی طرح جہاں محلے میں چہل قدمی، ہلکی پھلکی ورزش اور کھیل کود کے مواقع نہ ملیں ایسی جگہوں پر بھی لوگ مٹاپے کا شکار ہوجاتے ہیں ۔

3۔خاندان اور جینز

انسان کے جینز کا بھی اس کی جسامت اور قدو قامت پر اثر پڑتا ہے ۔ موٹاپا خاندانی بھی ہو سکتا ہے ۔ جن کہ ماں باپ یا خاندان کے دیگر لوگ موٹاپے کا شکار ہوتے ہیں ان کے وزن بڑھنے کے خطرات دیگر لوگوں سے زیادہ ہوتے ہیں ۔ اسی طرح بعض گھرانوں میں زیادہ گھی والے پکوان کھانے کا رواج ہوتاہے تو ان کے بچوں میں بھی یہ ہی عادتیں پائی جاتی ہیں ۔

4۔مجموعی صحت

ہارمون کے مسائل کے باعث خواتین کاوزن بڑھ جاتا ہے ۔ جنھیں ماہواری وقت پہ نہ ہوتی ہو یا ہیض کو لے کر دیگر مسائل درپیش ہوں ان کو عموماًوزن تیزی سے بڑھنے کی شکایت بھی ہوجاتی ہے ۔ تھائیرائیڈ کی بیماری میں جسم کا میٹابلیزم سست ہوجاتا ہے اور وزن بڑھنے لگتا ہے ۔

5۔ادویات

بعض ادویات کے استعمال سے بھی انسان موٹا ہوجاتا ہے ۔ اینٹی ڈپریسنٹ یا اسٹریس دور کرنے کی ادویات عموماًوزن بڑھاتی ہیں ۔ اس کے علاوہ بھوک بڑھانے والی دواﺅں سے بھی وزن بڑھتا ہے ۔

6۔عمر

عمر بڑھنے کے ساتھ انسان کے پٹھے لٹکنا شروع ہو جاتے ہیں ۔ اگر آپ فعال زندگی نہ گزاریں تو جسم میں کیلریز جلنے کا عمل سست ہو جاتا ہے ۔ ایسے میں غذا کا خیال نہ رکھنے پر موٹاپا چڑھنے لگتا ہے ۔ مینوپاز یعنی ہیض رک جانے کے بعد بھی عورتوں کا وزن بڑھ جاتا ہے ۔

7۔مناسب نیند نہ لینا

اچھی اور پرسکون نیند صحت کے لیے بہت اہم ہے ۔ ایک تحقیق میں یہ ثابت ہوا کہ آپ کی نیند کے ایک ایک گھنٹے کے کم ہو نے سے جسم میں لیپٹن اور گریلن کا لیول بڑھنے لگتا ہے ۔ اس کے علاوہ کم سونے والے افراد عام طور پر ایسی غذائیں لینے لگتے ہیں جن میں کیلریز یا کیلشیم زیادہ ہو ۔ جسم میں لیپٹن اور گریلن کا حد سے زیادہ بڑھ جانا بھوک کو بڑھا دیتا ہے ۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...