کچھ ٹوٹکے اِدھر اُدھر سے!

0 21,860

پرانے زمانے میں ہماری امی،دادی ،نانی وغیرہ اپنے چھوٹے چھوٹے مسئلے مسائل اور شکایات کو حل کرنے کے لئے کسی ڈاکٹر،یا حکیم کے پاس نہیں دوڑتی تھیں بلکہ ان مسئلوں کے حل کے لئے وہ گھریلو ٹوٹکے ،یا گھریلو ٹوٹکے آزمایا کرتی تھیں ۔یہ گھریلو ٹوٹکے بعض اوقات تو ایسا بہترین کام دکھایا کرتے تھے کہ دیکھنے اور سننے والے حیران رہ جائیں ،اور مزے کی بات تو یہ کہ ان کے کوئی سائڈ ایفیکٹس بھی نہیں ہیں ۔انہیں ہر کوئی اپنے مسئلے کے حساب سے آرام سے استعمال کر سکتا ہے ۔ہماری اماں نے بھی ہم کو ایسے کچھ نسخے بتائے ہیں جو کہ روزمرہ زندگی میں خاصے کارآمد ثابت ہوتے ہیں۔جس میں ایسیڈٹی،چہرے کے داغ دھبے،جسمانی درد،کمر درد،کان کا درد ،نزلہ زکام،آنکھو ں کی روشنی ،بالوں کا گرنا،وزن کم کرنا وغیرہ شامل ہیں ۔ان بہت سارے گھریلو ٹوٹکوں میں سے کچھ یہاں ہم آپ کے لئے پیش کر رہے ہیں تا کہ آپ بھی اس سے فائدہ اٹھا سکیں اور چھوٹی موٹی شکایات سے باآسانی چھٹکارہ پاسکیں۔

چہرے کے دانوں اور داغ دھبوں کے لئے

ہمیشہ جب بھی باہر سے آئیں،چہرے کو ہلکے ٹھنڈے پانی سے دھوئیں ،اور سوتے ہوئے چہرے کو میک اپ سے پاک رکھیں ۔مرچ مصالحے اور تیل والی اشیاء اور جنک فوڈ سے پرہیز کریں ۔باہر کے کھانوں سے اجتناب کریں ۔

ایسیڈٹی(تیزابیت) کے لئے

روزانہ رات کو سونے سے پہلے اگر ایک گلاس بٹر ملک پی لیا جائے تو تیزابیت میں خاصا افاقہ ہو تا ہے ۔اگر ایک گلاس 250mlمیں تین کھانے کے چمچ شکر ملاکر ہر چھ گھنٹے کے بعد پئیں تو اس سے بھی کافی سکون ملتا ہے۔ذیابیطس کے مریض اس سے اجتناب کریں۔

اپنے بدن کوتروتازہ رکھیں

جب بھی رات کو سونے کے لئے لیٹنے لگیں تو سونے سے پہلے جسم پر ناریل کے تیل کا مساج کرلیں ۔اس سے آپ کے بدن کو بہت سکون محسوس ہوگا اور تروتازگی کا احساس ہوگا۔اس کے علاوہ ان غذاؤں سے پر ہیز کریں جن میں نمک کی مقدار زیادہ ہو۔

بالوں کو گرنے سے بچائیں

اگر نہانے سے پہلے بالوں میں کوکونٹ ملک لگائیں اور پھر ایک گھنٹہ بعد سر دھولیں تو اس سے بھی بال گرنا بند ہوجاتے ہیں ۔انڈے کی زردی کا بالوں میں مساج کریں اور ایک گھنٹے کے لئے چھوڑ دیں اور پھر سر دھوئیں۔

آنکھوں کے لئے

ہمیشہ اپنی آنکھیں ٹھنڈے پانی سے دھوئیں جب بھی آپ کو لگے کہ آنکھوں میں تھکن ہے ،ٹھنڈے پانی سے آنکھیں دھونے سے تھکن دور ہو جاتی ہے۔اسی طرح کھیرے کے ٹکڑے آنکھوں کی حفاظت کے لئے بہت اچھے ہیں انہیں آنکھیں بند کر کے تقریباًایک گھنٹہ آنکھوں پر رکھیں۔

نزلہ زکام کے لئے

روزانہ ادرک والی چائے پئیں ،ایک بڑے پیالے میں 5لیٹر پانی لیں ،اس میں 50گرام ہلدی ڈالیں اور خوب ابالیں ۔پھر اس پیالے کو زمین پر رکھ کر اس کے پاس بیٹھ جائیں اور اپنے اوپر کمبل یا موٹی چادر اوڑھ لیں اور اس پانی سے بھاپ لیں ۔اس سے فوری طور پر بند ناک کھل جاتی ہے اور آپ کو ایک دم سکون کا احساس ہوتا ہے ۔اگر اس عمل کو دن میں دو دفعہ کیا جائے تو نزلے سے بالکل نجات مل جائے گی۔

چکنی جلدکے لئے

4سے5 بادام تمام رات کے لئے پانی میں بھگو دیں ،اگلے دن اس کا پیسٹ بنا لیں پھر اس میں آدھا کھانے کا چمچ شہد ملائیں ۔اب اس پیسٹ کو چہرے پر لگائیں ۔20منٹ کے بعد ٹھنڈے پانی سے دھولیں ،فوری طور پر آپ محسوس کریں گی کہ آپ چہرے پر ایک خوبصورت چمک آگئی ہے اور چکناہٹ ختم ہو گئی ہے۔

لڑکیوں کے لئے بیوٹی ٹپس

*اپنی عادت بنالیں کہ کم از کم 8گلاس پانی روزانہ پیءں۔
*کوشش کریں کہ ایسی غذا کھائیں جس میں وٹامنAاورCزیادہ ہو ،یہ آپ کو قدرتی طور پر خوبصورت بننے میں مدد دے گی۔
*اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ کے جلد کی خوبصورتی اور چمک برقرار رہے تو روزانہ سو کر اٹھنے کے بعد ایک گلاس نیم گرم پانی میں شہد ملا کر پئیں۔
*اگر آپ چہرے پر قدرتی چمک برقرار رکھنا چاہتی ہیں تو اپنی جلد پر دودھ سے مساج کریں ۔یہ چہرے کی تازگی اور چمک میں اضافہ کرتا ہے۔
*کھیرا سوڈیم کا قدرتی ذریعہ ہے اور یہ آپ کی جلد پر جھریاں پڑنے سے بچاتا ہے اور آپ کے بدن کو ٹھنڈا رکھتا ہے۔
*زیادہ سے زیادہ کچی سبزیاں اور پھل کھائیں یہ آپ کی جلد کی قدرتی حفاظت کرتے ہیں۔

وزن کم کرنے کے لئے

اپنی خوراک میں پھل اور سبزیوں کا استعمال بڑھادیں۔اس سے ہمیشہ آپ کا وزن کم رہے گا ۔
اگر پیاز کا استعمال زیادہ کیا جائے تو اس میں قدرتی طور پر کرومیم موجود ہوتا ہے جو کہ آپ کے خون میں انسولین کی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے ۔لہسن،ٹماٹر،کھیرا،گاجر،بند گوبھی ،پالک ،وغیرہ وہ سبزیاں ہیں جو وزن کم کرنے کے ساتھ ساتھ متعدد بیماریوں سے بھی بچاتی ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...