منہ کے چھالے دورکرنے کے7 گھریو ٹوٹکے

30,028

منہ کے چھالوں کی تکلیف کسی کو کبھی بھی ہو سکتی ہے ۔ اسے ایک خفیہ مرض بھی کہتے ہیں کیونکہ اس کی وجوہات کے بارے میں یقینی طور پر کچھ کہا نہیں جا سکتا۔ البتہ معدے کی خرابی، قوت مدافعت کا کمزور ہوجانا، ذہنی دباؤیا جسم میں ضروری غذائیت کی کمی وہ چند ممکنہ وجوہات ہیں جن کے باعث منہ میں چھالے ہو سکتے ہیں ۔ ان چھالوں کی وجہ سے منہ میں تکلیف رہتی ہے اور کھانااور بولنا مشکل ہو جاتا ہے ۔ منہ کے چھالوں کا بروقت علاج نہ کیا جائے تو یہ بڑھ کر منہ کے السر کی شکل اختیار کر لیتے ہیں ۔ عموماًمنہ کے چھالوں کو ٹھیک ہونے میں تھوڑا وقت لگتا ہے ۔ مندرجہ ذیل ٹوٹکے سے چھالوں میں ہونے و الی تکلیف کو کافی حد تک راحت پہنچے گی اور چھالوں کو ٹھیک ہونے کا وقت مل جائے گا ۔

1۔شہد

یہ ایک قدرتی مرہم ہے ۔ یہ جلد کو نم رکھتا ہے اور اس میں خشکی نہیں ہونے دیتا ۔ شہد چوٹ کے نشانات مٹانے اور ٹشوز بننے کے عمل کو تیز کرنے کے لیے بھی مفید ہے ۔ اس کے اینٹی مائیکوبیئل اثرات منہ کے السر کو ختم کرنے میں مدد کرتے ہیں ۔ سب سے پہلے ہلکے گرم پانی سے کلی کریں ۔ پھر چھالوں پرشہد لگا لیں ۔ اس عمل کو دن میں دو سے تین بار دہرائیں ۔ شہد لگانے کے بعد کچھ دیر تک کچھ کھائیں پئیں نہیں ۔اس کے علاوہ آپ شہد کو ہلدی میں ملا کر بھی چھالوں پر لگا سکتے ہیں ۔

2۔ تلسی کے پتے

تلسی کے پتوں میں حیرت انگیز شفا اور افادیت پوشیدہ ہے۔ اس کی طبی خصوصیات ان گنت ہیں ۔ تلسی کی سب سے بڑی خاصیت اس میں موجود ایک ایسا مادہ ہے جو ذہنی تناؤ یعنی اسٹریس دور کرنے میں مدد کرتا ہے ۔ تلسی کے پتے تھوڑے سے پانی کے ساتھ چبا لیں ۔ یہ نسخہ آپ دن میں تین سے چار بار دہرا سکتی ہیں ۔ اس سے السر جلدی ٹھیک ہونے میں مدد ملے گی اور یہ السر کو دوبارہ ہونے سے بھی روکے گا ۔

3۔ ناریل

سوکھا ناریل، ناریل پانی اور ناریل کا تیل تینوں ہی چھالوں کا علاج کرنے کے لیے کارآمد ہیں ۔ ناریل پانی پینے سے جسم ٹھندا رہتا ہے اور منہ میں چھالے نہیں بنتے ۔ چھالوں کا درد کم کرنے کے لیے ناریل کا تیل چھالوں پر لگایا جا سکتا ہے ۔ اس کے علاوہ محض پسا ہوا ناریل چبانے سے بھی تکلیف میں کافی حدتک آرام آجائے گا ۔

4۔ ایلو ویرا

ایلو ویرامیں درد میں راحت دینے اور زخم بھرنے کی کرشماتی خصوصیات موجود ہیں ۔ یہ ہی وجہ ہے کہ ایلو ویرا کے پودے آج کل ہر کسی کے گھر میں رکھے جاتے ہیں ۔ ایلو ویرا استعمال کرنے کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ ایک چھوٹے چمچ ایلو ویرا جیل میں ایک بڑا چمچ پانی ملا لیا جائے پھر اسے منہ میں اچھی طرح گھما کر تھوک دیا جائے۔ اس عمل کو دن میں دو تین بار دہرائیں ۔ اس کے علاوہ ایلو ویرا کے پتے کو براہ راست چھالوں پر بھی ملا جا سکتا ہے ۔

5۔ نمک کا پانی

ہلکے کنکنے نمک کے پانی سے تیس سیکنڈ زتک کلی کرنے سے چھالوں کے درد میں آرام آتا ہے ۔ نمک میں موجود سوڈیم کلورائیڈ چھالوں کے ارد گرد کے ٹشوز سے پانی کو سوکھ لیتا ہے جس سے زخم جلدی بھرتا ہے ۔ نمک کے پانی سے منہ کی صفائی بھی ہوجاتی ہے اور زخم کے باعث پیدا ہونے والے جراثیم بھی ختم ہو جاتے ہیں ۔

6۔ دہی

دہی میں ایسے مفید بیکٹریا موجود ہوتے ہیں جو اسے دودھ سے بھی زیادہ فائدہ مند بنا دیتے ہیں ۔ یہ بیکٹریا دودھ میں موجود کاربوہائیڈریٹس کے آرگینک ایسڈ میں تبدیل ہونے کے باعث پیدا ہوتے ہیں ۔ دہی میں موجود یہ بیکٹریا چھالوں میں موجود نقصان دہ بیکٹریاسے لڑ کر اسے ختم کر دیتے ہیں ۔ محض دہی کھانا ہی چھالوں کی تکلیف دور کرنے کے لیے مفید ہے ۔ روزآنہ ایک کپ دہی کا غذاکے طورپراستعمال ضرور رکھیں ۔ اس کی افادیت مزید بڑھانے کے لیے اس میں ایک چمچ شہد بھی شامل کر لیں ۔

7۔ وٹامن ای

جیسا کہ اوپر ذکر ہوا چھالے جسم میں غذائیت کی کمی کی وجہ سے بھی ہو سکتے ہیں ۔ اس لیے وٹامن ای کا استعمال بھی اس امر میں فائدے مند ہو سکتا ہے ۔ وٹامن ای کی کییپسولز کا استعمال روزآنہ کریں ۔ اس کے علاوہ اس کیپسول کو کاٹ کر اس کا سیال چھالوں پر بھی لگایا جا سکتا ہے ۔ وٹامن ای کا تیل چھالوں میں انفیکشن نہیں ہونے دے گا اور وہ جلدی ٹھیک ہو جائیں گے ۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...