دوران حمل گیس کی تکلیف دورکرنے کے5 ٹوٹکے

6,176

اکثر قبض یا کسی خاص غذا کے استعمال سے پیٹ میں گیس بننے لگتے ہیں جس کے باعث معدے میں شدید تکلیف ہو جاتی ہے ۔ حمل کے دوران پیٹ میں گیس بننا حمل کی تکلیف اور بے چینی کو مزید بڑھا دیتا ہے ۔ گیس سے بچنے کے لیے کئی ا دویات ملتی ہیں لیکن چونکہ حاملہ خواتین کوادویات کے زیادہ استعمال سے روکا جاتا ہے اس لیے اس مشکل سے نجات پانے کے لیے گھریلو نسخے ہی کام آتے ہیں۔ حاملہ عورت اگر کھانے پینے میں احتیاط سے کام لے اور طرز زندگی میں مثبت تبدیلی لے آئے تو اسے اس مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ۔

1۔ سیال کا استعمال بڑھا دیں

پانی گیس کا بہترین علاج ہے ۔ کم از کم دن میں 8سے10اونز پانی کا استعمال لازمی کریں ۔البتہ صرف پانی کا استعمال ہی کافی نہیں ۔ اگر گیس کی وجہ سے پیٹ پھولنے لگے یا درد ہو نے لگے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ irratable bowel syndrome (IBS)کا شکار ہیں ۔ ایسے میں جن مشروبات کا استعمال کیا جائے ان میں ایسے اجزا موجود نہ ہوں جو گیس کرنے یا پیٹ پھلانے کا باعث بنیں۔ گیس سے بچنے کے لیے کرین بری (کروندا)، انگور، انناس اور نارنگی کا جوس پیا جا سکتا ہے ۔

2۔ حرکت میں برکت ہے

ورزش اور جسمانی سرگرمیوں کو اپنا معمول بنائیں ۔ اگر آپ جم نہیں جاسکتیں تو گھر میں ہی ورزش کریں اور چہل قدمی کریں۔ حاملہ خواتین کم از کم تیس منٹ روزانہ ورزش کریں ۔ اس سے نہ صرف آپ فٹ رہیں گی بلکہ آپ کا موڈ بھی اچھا رہے گا ۔ جسمانی سرگرمیوں میں مصروف رہنے سے آپ کو قبض اور گیس کی شکایت بھی نہیں ہوگی ۔ تاہم اس بارے میں اپنے معالج سے ضرور مشورہ کر لیں ۔

3۔گیس بنانے والی غذا سے اجتناب

ایسی کھانے پینے کی چیزوں سے پر ہیز کریں جن سے گیس بنتے ہیں ۔ اس بات کا پتا آپ کو خود ہی چل جائے گا ۔ اس پر غور کریں کہ کیا کھا کر آپ کو گیس کی تکلیف ہو جاتی ہے ۔ عموماًبند گوبھی ، بروکلی، گندم اور آلو کے استعمال سے پیٹ میں گیس بننے لگتے ہیں ۔ اپنی ڈائٹ کے بارے میں اپنے معالج سے مشورہ کریں کیونکہ آپ کی غذا سے ہی آپ کے بچے کو بھی توانائی حاصل ہوتی ہے اس لیے بنا سوچے سمجھے کسی غذا کو مکمل طور پر ترک کردینا آپ کی اور بچے کی صحت کے لیے مضر ہو سکتا ہے ۔

4۔ ریشے دار غذا کا استعمال

بعض کھانے ایسے بھی ہوتے ہیں جو شروع میں تو گیس کی تکلیف بڑھا دیتے ہیں لیکن ان سے قبض کا مسئلہ کافی حد تک حل ہو جاتا ہے ، جیسے کہ ریشے دار غذا۔ ریشے یعنی فائبر سے آنتوں کو پانی مہیا ہوتا ہے جس سے انہیں جسم کا فاضل مادہ خارج کرنے میں مدد ملتی ہے ۔ اپنی غذا میں25 سے 30گرام ریشے دار کھانوں کا استعمال ضرور رکھیں جیسے کہ آلو بخارا، انجیر، کیلے اور سبزیاں۔ اس کے علاوہ السی اور جو بھی فائبر سے بھرپور ہوتی ہیں ۔

5۔ ذہنی تناؤ سے بچیں

اسٹریس یا ذہنی تناؤ معدے کی خرابی کی ایک اہم وجہ ہے ۔ایک تحقیق کے مطابق زیادہ ٹینشن اور ذہنی دباؤ جسم میں زیادہ ہوا داخل ہونے کا باعث بنتا ہے جس سے پیٹ بھی پھولتا ہے اور گیس کی شکایت بھی ہوجاتی ہے ۔ خود کو پرسکون اور خوش رکھنے کی کوشش کریں ۔ صبح سویرے اٹھ کر ہلکی پھلکی چہل قدمی کریں گہری سانس لیں ۔ بہت سی خواتین اسپا ٹریٹمنٹ لے کر پر سکون محسوس کرتی ہیں ۔ غرض یہ کہ ہر طریقے سے اپنے آپ کو خوش رکھیں۔

ان آسان ٹوٹکوں سے آپ گیس کی تکلیف سے نجات حاصل کر سکتی ہیں۔ زندگی میں چند مثبت تبدیلیاں لا کر آپ زندگی کے اس مرحلے کو بھی دیگر مرحلوں کی طرح خوش اسلوبی اور اچھے انداز سے طے کر پائیں گی!

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...