گرمی سے بچنے کے گھریلو ٹوٹکے

767

موسم کا ہمارے موڈ اور مجموعی طور پر ہماری صحت پر گہرا اثر پڑ تا ہے ۔ گرمی جب شدت اختیار کرتی ہے تو مزاج میں چڑچڑاہٹ تو آہی جاتی ہے ساتھ ہی میں صحت کے حوالے سے بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ایسی گرمی میں دل چاہتا ہے کہ بس اے سی کے سامنے بیٹھے رہو لیکن پھر بجلی کے بل کی فکر ستانے لگتی ہے ۔ گرمی میں خود کو چاق و چوبند اور توانا رکھنے کے لیے قدرتی طریقے اپنائیے جن سے خرچہ بھی نہیں ہوگا اور آپ ترو تازہ بھی محسوس کریں گے ۔ گرمی سے محفوظ رہنے کے لیے مندرجہ ذیل چیزوں کا خیال رکھیں:

*بڑے بوڑھے کہتے ہیں کہ دھوپ میں سے آکر پیروں پرپانی ڈالنے سے جسم کا درجہ حرارت معمول پر آجاتا ہے ۔ اس کے علاوہ آپ کوئی اچھا لوشن یا ٹونر فرج میں رکھ سکتی ہیں ۔ دھوپ سے آکر تھکے ہوئے پیروں پر یہ لگانے سے سکون پہنچے گا ۔
*فریزر میں پلاسٹک کی بوتل بھر کر رکھیں۔ جب باہر جانا ہو تو ساتھ یہ بوتل رکھ لیں ۔ جیسے پانی پگھلے گا آپ کو ٹھنڈا پانی پینے کو ملے گا ۔
*تمباکو ، سگریٹ اور چائے کا استعمال محدود کر دیں۔ کیفین سے جسم میں اور زیادہ گرمی پیدا ہوتی ہے ۔
*گرم گرم کھانے سے زیادہ تھوڑے تھوڑے وقفے سے ٹھنڈے پھلوں یا دودھ سے بنی اشیا ء کا استعمال کریں ۔
*اگر گھر میں اے سی نہ ہو تو دن کا کچھ حصہ کسی ٹھنڈے مال ، تھیٹر یا ایسی جگہ گزاریں جو ٹھنڈی ہو ۔
*باہر کی سرگرمیوں کو جس حد تک ممکن ہو محدود کر دیں ۔ کوشش کریں سب کام صبح سویرے نمٹا دیں یا رات کے وقت جاکر کر لیں ۔
*بیٹری والے پنکھے اپنے ساتھ رکھنے کی کوشش کریں تاکہ لائٹ جانے کی صورت میں آرام رہے ۔
*جلدی جلدی نہائیں۔ نہانے کے بعد تولیے سے سکھانے کے بجائے جسم کو پنکھے کے نیچے سکھائیں ۔
*ایک پانی کا اسپرے فرج میں رکھ دیں ۔ جب گرمی زیادہ لگے تو چہرے اور سر پر یہ اسپرے کر لیں ۔
*پھلوں میں خربوزے، اسٹرا بیری ، کیلے اور بلیو بیری کا استعمال بڑھائیں ۔ ان کا جوس یا شیک بنا کر پینابھی فائدے مند ہے ۔ ان پھلوں میں موجود پانی جسم کو ڈی ہائیڈریٹ نہیں ہو نے دے گا ۔ ان سے جسم کو الیکٹرو لائیٹس حاصل ہونگے جو توانائی بحال رکھیں گے ۔
*سبزیوں میں بینگن، کھیرے، ٹماٹر اور ہری سبزیوں میں پانی موجود ہوتا ہے ۔ انہیں اپنی روز کی غذا کا حصہ بنائیں ۔ ان سے گرمیوں میں جسم کی غذائی ضروریات بھی پوری ہو جائیں گی ۔
*ناریل کا پانی اور لسی ایسے مشروبات ہیں جو گرمیوں میں آسانی سے مل بھی جاتے ہیں اور ذائقے میں بھی مزے کے لگتے ہیں ۔ گرمیوں میں ان کا خوب استعمال کریں ۔
*آیورویدک ماہرین کے مطابق دھوپ سے آکر اگر پیاز کا عرق کانوں کے پیچھے یا سینے پر لگا لیا جائے تو جسم کا درجہ حرارت فوراً نیچے آجا تا ہے ۔ اس کے علاوہ پیاز کا استعمال چٹنیوں ا ور سلاد میں بھی بڑھا دیں ۔
*پودینے یا ہرے دھنیے کے پانی میں تھوڑی سی چینی ملا کر فرج میں رکھ دیں اور جب موقع ہو پی لیں۔ اس کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے ۔ ہر ے دھنیے کا پانی گرمی سے جلد پر ہونے والی خارش پر استعمال کیا جائے تو بھی فائدہ ہوگا ۔
*سندل کی لکڑی کو پیس کر پانی میں پیسٹ بنا لیں ۔ اسے سینے اور ماتھے پر لگائیں ۔ اس کے علاوہ سندل کی لکڑی کے تیل کا ماتھے یا گرمی سے متاثرہ جلد پر استعمال کریں ۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...