دیسی نسخوں سے دانتوں کے درد کا علاج

3,437

اپنی جلد اور بالوں کی طرح ہم اپنے جسم کے دوسرے حصوں سے متعلق مسائل سے بھی نجات پانا چاہتے ہیں۔اگر ہمارے جسم کا ایک حصہ بھی تکلیف میں ہوتا ہے تو ہمارا پورا جسم بے چین ہو جاتا ہے، اور یہ تکلیف ہمارے چہرے سے بھی عیاں ہونے لگتی ہے۔سب سے عام بیماری دانت کی تکلیف ہے،جس سے ہر ایک کو واسطہ پڑ سکتا ہے،چاہے وہ بچہ ہو یابوڑھا ہو یا جوان۔دانت کا درد ہر ایک کے لئے تکلیف دہ ہے۔

دانت کا درد نہ صرف ہمارے منہ کے لئے ایزا و تکلیف کا باعث بنتا ہے بلکہ پورا جسم اس تکلیف سے متاثر ہوتا ہے۔دانت کے درد کی مختلف وجوہات ہوتی ہیں،یہ مسوڑوں کی سوجن اور اس سے منسلک مختلف بیماریوں کی وجہ سے ہوتا ہے۔اکثر سخت چیز چبانے یا کچھ میٹھا کھا کر دانت صاف نہ کرنے کی وجہ سے بھی یہ درد شروع ہو جاتا ہے۔دانت کا درد معدے کی خرابی او ر سر درد کا بھی باعث بن سکتا ہے۔
دانت کے درد کے علاج کے لئے ہمیشہ اچھے دندان ساز کا انتخاب کرکے اس کی ہدایت پر مکمل طور پر عمل کرنا چاہیئے۔دانت کا درد اگر دن میں ہوتا ہے توہم دندان ساز کے پاس جا سکتے ہیں،لیکن اگر یہی درد رات کے وقت ہو تو ہمارے لئے وبال جان بن جاتا ہے۔ایسے میں ہم کچھ گھریلو ٹوٹکے استعمال کرکے دانت کے درد سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔

کھانے کا سوڈا

کھانے کا سوڈا تھوڑے پانی میں ملا کر کلیاں کرنے سے دانت کے درد میں فوری آرام آتا ہے۔اس کے علاوہ گیلی روئی میں سوڈا لگا کر درد کی جگہ رکھنے سے بھی آرام آتا ہے۔

لونگ

لونگ کا استعمال بھی دانت کے درد کا قدرتی علاج ہے ۔ درد کی جگہ لونگ کا تیل لگانے سے درد جاتا رہے گا ۔ اگر لونگ کا تیل موجود نہ ہو تو دو ، تین لونگیں متاثرہ دانت میں دبالیں اس سے بھی افاقہ ہوگا ۔

سرسوں کا تیل

دانت کا درد مسوڑوں کی سوجن کی وجہ سے بھی ہوتا ہے سرسوں کے تیل میں تھوڑا نمک ملا کر دانتوں پر مل لیں تھوڑی ہی دیر میں مسوڑوں میں موجود بادی کا پانی نکل جائے گا ۔اور درد سے فوری آرام آئے گا۔

پودینہ

درد کی جگہ پودینے کے پتے رکھ کر چبانے سے درد جاتا رہتا ہے ۔

سکائی

اگر ان میں سے کوئی بھی چیز میسر نہ ہو تو نیم گرم پانی سے کلیاں کرنے سے یا کپڑا گرم کر کے سکائی کرنے سے بھی درد میں کمی آجاتی ہے۔

دانت کے درد سے بچنے کی احتیاطی تدابیر
اگر ہم دانتوں کے درد سے بچنا چاہتے ہیں تو ہمیں چاہئے کہ دانتوں کی صفائی کا مکمل خیال رکھیں دن میں دو دفعہ صبح ناشتے سے پہلے اور رات کو سوتے وقت برش ضرور کریں تاکہ دانتوں میں پھنسے کھانے کے
ذرات نکل جائیں ۔ بچوں کو چاکلیٹ ذیادہ مقدار میں نہ کھانے دیں اور کھانے کے بعد دانت ضرور صاف کروائیں۔ گرم چائے یا کافی کے فوراٌ بعدٹھنڈا پانی پینے سے گریز کریں۔

اگر ہم یہ باتیں اپنے روزانہ کے معمول میں شامل کر لیں تو دانت کے درد سے نا صرف بچا جا سکتا ہے بلکہ ہمارے دانت صحت مند،چمکیلے اور خوبصورت نظر آئیں گے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...