پیر میں موچ کا گھریلو علاج

3,612

گھر میں یا گھر سے باہر اکثر ہمارا پیرچلتے ہوئے مڑ جاتا ہے ،جو کبھی موچ کا باعث بنتا ہے۔اس سے پیر میں شدید تکلیف ہو جاتی ہے۔ایسے میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کیا جاتا ہے لیکن اگر ایسا ممکن نہ ہو تو بعض تدابیر گھر پر اختیار کرکے بھی موچ کا علاج کیاجاسکتا ہے۔

آرام

موچ کی صورت مین سب سے ضروری چیز آرام ہے یعنی چلنے پھرنے سے گریز کیا جائے تاکہ پیر پر زور پڑ کے تکلیف اور سوجن نہ بڑھے۔لیکن باقی جسمانی کاموں کو جاری رکھیں جو آپ بیٹھے بیٹھے کر سکتے ہیں ۔کیوں کہ آرام صرف پیر کو دینا ہے باقی جسم کو نہیں۔اس لئے آپ بیٹھ کر تمام کام کر سکتے ہیں ۔

برف سے سکائی کریں

برف کی مدد سے پیر کے درد اور سوجن کو کم کیا جاسکتا ہے۔برف کو چورا کرکے پلاسٹک کی تھیلی میں بھر لیں اور متاثرہ جگہ پر گول دائرے میں مساج کریں ۔یہ عمل برف کو تولئے میں لپیٹ کر بھی کر سکتے ہیں ۔اگر برف لگانے سے جگہ سفید پڑنے لگے تو مساج روک دیں کیوں کہ یہ خون جمنے کی علامت ہے۔

ساج کے پتے

ساج کے پتے ہاتھوں سے مسل کر ایک برتن میں ڈال دیں اور ساتھ ہی ایک کپ سے کم سیب کا سرکہ ڈال دیں اس آمیزے کو ابال دیکر آنچ ہلکی کردیں اور پانچ منٹ تک پکنے دیں ۔تھوڑا ٹھنڈا ہونے دیں ،کاٹن کا کپڑا اس آمیزے میں بھگو کر متاثرہ جگہ پر لگائیں ۔دن میں تین چار دفعہ کریں ۔

سرکہ

سرکہ بھی موچ کی وجہ سے ہونے والے درد میں کمی کرتا ہے۔
۔ایک ٹب میں گرم پانی لے کر دو کھانے کے چمچ سرکہ ملائیں۔اس میں آپ سمندری نمک یا ایپسم سالٹ بھی ملا سکتے ہیں۔یہ چیزیں میسر نہ ہوں تو آپ اس میں گھر میں استعمال ہونے نمک بھی ملا سکتے ہیں۔اس پانی میں پیر کو بیس منٹ تک ڈبوئیں ۔
۔دو برتنوں میں سرکہ اور پانی برابر مقدار میں لیں ۔ایک برتن میں ٹھنڈا اور دوسرے میں گرم پانی لیں۔پہلے تولیہ گرم پانی والے مکسچر میں بھگوئیں اورنچوڑ کر پیر پر لپیٹ لیں۔پانچ منٹ تک لپیٹے رکھیں۔اسی طرح ٹھنڈے پانی میں تولیہ بھگو کر لپیٹیں۔دن میں تین سے چار مرتبہ یہ عمل کریں۔

پٹی باندھیں

سوجن کو روکنے کے لئے متاثرہ جگہ پر کھنچنے والی پٹی باندھیں تاکہ سوجن ختم ہو جائے۔پٹی کو بہت کس کے نہ باندھیں ،اس طرح دوران خون رک سکتا ہے۔اگر پٹی سے درد اور سوجن میں اضافہ ہوتا ہے یا پٹی والی جگہ سن ہوتی محسوس ہو تو پٹی کھول دیں ۔

پیر کو اوپر رکھیں

سوجن کو دور کرنے کے لئے متاثرہ پاؤں کو بقیہ جسم کے مقابلے میں اونچا رکھیں ۔اس کے لئے آپ کشن استعمال کرسکتے ہیں ۔سوتے ہوئے پیر کو کشن پر رکھیں ۔بیٹھ کر بھی پیر کونیچے لٹکانے کے بجائے کسی کرسی پر رکھیں۔تکلیف دور کرنے کے لئے بروفن کا استعمال کریں۔
دو دن بعد پیر کو آہستہ آہستہ استعمال کریں ۔آپ کو پیر میں کافی بہتری محسوس ہوگی۔اور آپ دیکھیں گے کہ اب آپ کا پیر بغیر تکلیف کے آپ کے وزن کو سہارنے کے قابل ہوگیا ہے۔ہلکی موچ عام طور پرتین سے چھ دن میں ٹھیک ہو جاتی ہے۔اس کے علاوہ آپ فزیوتھراپی سے بھی اپنے پیروں کے جوڑ مضبوط اور طاقتور بنا سکتے ہیں ۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...