کھانا کھانے کے بعدیہ 8کام نہ کریں

50,189

ہم خود کو جسمانی طور پر تندرست ،توانا اور فٹ رکھنے کے لیے د ن رات جتن کرتے ہیں۔ اچھے تنائج کے لیے ہم متوازن خوراک کھاتے ہیں ،ورزش کرتے ہیں۔لیکن اس سارے عمل میں ہماری تمام تر توجہ ان باتوں پر ہوتی ہے جو کرنے کی ہیں۔ اس طرف بہت کم لوگ دھیان دیتے ہیں کہ کچھ ایسے کام بھی ہیں جو اچھی صحت کے لیے نہیں کرنے چاہئیں۔نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ہماری یہ محنت ضائع ہوجاتی ہے۔ ہم نے متوازن خوراک بھی کھائی ، باقاعدگی سے ورزش بھی کی ، طبی ماہرین کے مشوروں پر عمل بھی کیا ،مگر اس کے باوجود ہم بیمار پڑجاتے ہیں ۔ اس لیے اچھی صحت کے لیے ان باتوں پر ضرور توجہ مرکوز رکھیں جو کرنی ہیں مگر تھوڑا دھیان ان باتوں کی طرف بھی دیں جن سے پرہیز کرنا چاہئے ۔ کھانا کھانے کے بعد بھی کچھ کام ایسے ہیں جن سے بچنا ضروری ہے ،ورنہ صحت مند رہنے کی آپ کی کوششیں ضائع بھی ہوسکتی ہیں ۔ آیئے جانتے ہیں وہ کون سی باتیں ہیں جوکھانے کے فوری بعد نہیں کرنی چاہئیں ۔

1۔کھانے کے بعد سونے سے بچیں

کھانا دن کا ہو یا رات کا،کھا کرسوناہرگز نہیں چاہئے ۔ طبی ماہرین دوپہر کے کھانے کے بعد تھوڑی دیر کے لیے سونے کو مفید قرار دیتے ہیں۔ بات غلط نہیں مگر دوپہر کے کھانے اور نیند کے درمیان وقفہ بہت ضروری ہے ۔ بات اگر رات کے کھانے کی ہو تو کھا نا کھاکر فوراً بستر پکڑنا بیماریوں کو دعو ت دینے کے برابر ہے ۔کچھ لوگوں کوعادت ہوتی ہے کہ وہ رات کو دیر سے کھانا کھاتے ہیں اور پھر فوراً ہی سوجاتے ہیں۔ ایسے لوگو ں کو یہ عادت فوری طور پر چھوڑ دینی چاہئے ۔ کیونکہ آپ نے چاہے کتنی ہی صحت بخش خوراک کیوں نہ کھائی ہو۔ اگر آپ کھا کر سوگئے تو سمجھیں سب بیکار چلاگیا۔رات کے کھانے اور بسترمیں جانے کے درمیان کم از کم دوگھنٹے کا وقفہ لازمی رکھیں۔اس دوران آپ کا کھانا بھی ہضم ہوجائے گا اور رات کو نیند بھی اچھی آئے گی ۔

2۔چائے سے گریز کریں

کھانا کھانے کے بعد گرم گرم چائے کا ایک کپ پینے میں ضرور اچھا لگتا ہے، اور بہت سے لوگوں کی عادت میں بھی شمار ہوتا ہے۔ لیکن صحت کے لحاظ سے یہ عادت بالکل بھی اچھی نہیں ہے۔دراصل چائے میں ایک ایسا عنصر ہوتاہے جو جسم میں آئرن جذب کرنے کی صلاحیت کوانتہائی کم کردیتا ہے۔ جب ہم کھانا کھا کرچائے پیتے ہیں تو چائے کی وجہ سے ہماری خوراک میں شامل آئرن جسم میں جذب نہیں ہوپاتا۔اور ضائع ہوجاتا ہے ۔ یہ بات تو ہم سب جانتے ہیں کہ آئرن ہمارے خاص طو رپر خواتین کے لیے کتنا ضروری ہے ۔ جبکہ چائے کی ہمارے جسم کوکوئی ضرورت نہیں ہوتی ۔ اس لیے خوراک میں شامل آئرن سے فائدہ اٹھانے کے لیے آپ کو کھانا کھانے کے فوری بعد چائے سے گریز کرنا چاہئے ۔

3۔ٹھنڈ اپانی نہ پئیں

گرم موسم میں ٹھنڈا پانی سب کو ہی اچھا لگتا ہے ۔ کھانا کھانے کے بعد بھی ہم میں سے اکثر لوگ ٹھنڈا پانی ہی پیتے ہیں ۔لیکن اگر آپ کو اپنی صحت کا خیال ہے اور آپ کسی بھی طرح کی بیماری سے بچنا چاہئے ہیں تو کھانے کے بعد ٹھنڈے پانی کا استعمال فوری طور پر ترک کردیں۔ اس کی جگہ آپ سادہ پانی پی سکتے ہیں ۔ٹھنڈ ا پانی ہمارے نظام ہاضمہ کوبری طرح متاثر کرتا ہے ۔ جب خوراک اچھی طرح ہضم ہی نہیں ہوگی تو وہ ہمارے جسم کو بھلا کیا فائدہ پہنچائے گی ۔ اس لیے اب گرمیوں کے موسم میں چاہے کتنی ہی طلب کیوں نہ ہو ،کھانے کے بعد ٹھنڈے پانی کا استعمال آپ کو ہرگز نہیں کرنا۔

4۔کھانے کے بعد پھل نہ کھائیں

پھلوں کی اہمیت اور افادیت سے بھلا کون انکارکرسکتا ہے ۔ مگرہرچیز کاایک وقت ہوتا ہے ۔ ہم میں سے بہت سے لوگ کھانا کھانے کے بعد پھلوں کے استعمال کو لازمی سمجھتے ہیں ۔حالانکہ حقیقت تو یہ ہے کہ کھانے کے فوری بعد پھل کھانے سے آپ کی صحت کو کوئی فائدہ نہیں پہنچتا۔ کھانے کے بعد کھایا جانے والا پھل ہمارے عمل انہضام کو سست کردیتا ہے ۔ ہمارے معدے کوخوراک ہضم کرنے میں زیادہ محنت کرناپڑتی ہے اور یوں اس کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے ۔ دوسرا نقصان یہ ہے کہ کھانے کے بعد پھلوں کے استعمال سے آپ ان کی خصوصیات سے بھی محروم رہ جاتے ہیں ۔ پھل صحت کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ ضرور کھائیں، مگر کھانے کے کم از کم ایک گھنٹے پہلے یا ایک گھنٹے بعد، تب ہی آپ ان کی خصوصیات سے فائدہ اٹھاسکیں گے ۔

5۔ بیلٹ ڈھیلا نہ کریں

کہیں آپ بھی ان لوگوں میں تو شامل نہیں جنہیں اکثر زیادہ کھانا کھالینے کے بعد بیلٹ ڈھیلی کرنا پڑتی ہے ۔ اگر ایسا ہے تو آپ یہ عادت ابھی سے بدل لیں۔ کیونکہ ایسا کرناضرورت سے زائد کھانے کی طرف اشارہ کرتا ہے ۔ کوشش کریں کہ یہ نوبت ہی نہ آئے کہ آپ کو زیادہ کھاناکھاناپڑے ۔ زیادہ کھانے کے باعث ہمارے معدے کو زیادہ محنت کرناپڑتی ہے ۔ یوں اس کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے اور وہ کمزورہوجاتا ہے ۔ کمزور معدہ کئی طرح کے مسائل کا سبب بن سکتا ہے ۔ اس لیے کھانااتنا ہی کھائیں جتنی ضرورت ہو۔

6۔تمباکو نوشی سے مکمل پرہیز

یہ بات ہم سب اچھی طرح جانتے ہیں کہ سگریٹ ویسے ہی صحت کے لیے تباہ کن ہے ۔اس کے مسلسل استعمال سے کئی جان لیوا بیماریاں جنم لے سکتی ہیں ۔ اگر کھانے کے فوری بعد اس کا استعمال کیا جائے تو اس کے کئی خوفناک نتائج سامنے آسکتے ہیں۔حالیہ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ وہ لوگ جو کھانے کے بعد سگریٹ پینے کی عادت میں مبتلا ہیں ان میں السر کاامکان کئی گنا بڑھ جاتا ہے ۔ اس لیے اگرآپ سگریٹ نوشی کے عادی ہیں تو فوری طور پر یہ عادت ترک کردیں،خاص طور پر کھانا کھانے کے بعد توسگریٹ کوہاتھ بھی نہ لگائیں۔ طبی ماہرین کے مطابق کھانے کے بعد ایک سگریٹ ،دس سگریٹ پینے کے برابر ہے ۔

7۔کھانے کے بعد نہانا بالکل نہیں

کھانا کھانے کے بعد نہانے کی عادت آپ عمل انہضام عمل کو سست کر دیتی ہے. دراصل کھانے کو ہضم کرنے کے لئے توانائی کی ضرورت ہوتی ہے،اس توانائی کاانحصارہمارے دورانِ خون پر ہوتا ہے ۔ جب ہم نہاتے ہیں توہمارے جسم کا درجہ حرارت کم ہوجاتاہے ۔جس سے دورانِ خون متاثر ہوتا ہے ۔ اور جسم کو وہ توانائی نہیں مل پاتی جو اسے خوراک کو ہضم کرنے کے لیے درکار ہوتی ہے ۔ بہتر یہی ہے کہ آپ کھاناکھانے سے پہلے نہا لیں۔ کھانا کھانے کے کم ازکم دو سے تین گھنٹے بعد نہاناچاہئے ۔

8۔چہل قدمی ضرور کریں مگر….

نظام ہاضمہ اورفٹنس دونوں کے لیے کھانے کے بعد سیر کرنا فائدہ مند ہے ۔خاص طور پر رات کا کھانا کھانے کے بعد چہل قدمی ضرور کرنی چاہئے ۔ لیکن کھانا کھانے کے فوری بعدٹہلنے کے لیے نہیں نکل جانا چاہئے ،کھانا کھانے کے بعد فوری پیدل چلنا صحت کے لیے کسی بھی طرح ٹھیک نہیں۔کھانا کھانے کے بعد کچھ دیر آرام کریں اس کے بعد چہل قدمی کریں۔اس سے ایک طرف آپ کا کھانا بھی ہضم ہوجائے گا اور دوسرے آپ کو رات کو نیند بھی بہت اچھی آئے گی ۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...