بند ناک کھولنے کے8 ٹوٹکے

27,224

ناک بند ہونا ایک عام شکایت ہے ۔ نزلہ ااور زکام یا فلو کی صورت میں اکثر ناک بند ہوجاتی ہے ۔ ناک بند ہونے کی وجہ بلغم نہیں بلکہ ناک میں موجود ٹشوز کی سوجن کی وجہ سے سانس لینے میں مسئلہ ہوتا ہے ۔ اگر اس کا علاج نہ کیا جائے تو یہ کان میں تکلیف کا باعث بن سکتا ہے جس کے نتیجے میں بولنے اور سننے میں بھی مسئلہ ہوسکتا ہے ۔ عام طور پر ناک بند ہونے کی شکایت کسی الرجی یا وائرل انفیکشن کی وجہ سے ہوتی ہے۔
ناک بند ہونے کی وجہ کچھ بھی ہو کچھ آسان طریقوں کے ذریعے سانس لینے میں آسانی پیدا ہوسکتی ہے۔

۱۔ ہیومی ڈیفائر کا استعمال:

یہ مشین پانی کے ذریعے کمرے میں نمی پیدا کرتی ہے ۔ نمی میں سانس لینے سے ناک کے ٹشوز کو آرام ملتا ہے ۔ اس کے علاوہ ہیومی ڈیفائر بلغم کو پتلا کرنے میں بھی مدد دیتا ہے ۔ جس سے ناک میں موجود میوکس بہہ جاتا ہے اور سانس لینے میں سکون ملتا ہے۔

۲۔ گرم شاور لیں:

بند ناک کے ساتھ جب آپ گرم شاور لیتے ہیں تو نہانے کے بعد آپ خود کو بہتر محسوس کرتے ہیں اس کی وجہ شاور سے نکلنے والی بھانپ ہے جو ناک میں موجود بلغم کو پتلا کرتی ہے اور سوجن کو کم کرتی ہے ۔ اسٹیمر کے ذریعے اسٹیم لے کر بھی آپ یہ عمل کر سکتے ہیں ۔ اسٹیمر کو آن کرنے کے بعد جب اسٹیم نکلنے لگے تو اپنا چہرہ اسٹیم کے قریب لے جائیں اور اوپر سے تولیہ ڈھک لیں ۔ گہرے سانس لیں زیادہ تیز بھانپ لینے سے گریز کریں ۔

۳۔ پانی کا استعمال کریں:

ناک بند ہو تو زیادہ پانی پئیں ۔ یہ لکوڈ آپ جوس اور سوپ کی شکل میں بھی لے سکتے ہیں ۔ یہ بھی ناک میں موجود بلغم کو پتلا کر کے اسے آسانی سے باہر نکلنے میں مدد دیتے ہیں۔

۴۔ سکائی کریں:

سکائی سے بھی بند ناک کھلنے میں مدد ملتی ہے ۔ سکائی کے لیے گرم پانی میں تولیہ بھگوئیں ۔ اسے نچوڑ کر فولڈ کرلیں اور ماتھے اور ناک پر رکھیں۔ گرمائی سے درد اور سوجن میں کمی آئیگی۔

۵۔ اینٹی الرجی لیں:

اگر ناک بند ہونے کی وجہ کوئی الرجی ہے تو آپ اینٹی الرجی لیں یہ بھی ناک کی سوجن کو کم کر کے بند ناک کھولنے میں مدد دیتی ہے۔

۶۔ لہسن کا استعمال:

لہسن کی اینٹی وائرل اور اینٹی فنگل خصوصیات بھی سینے کے انفیکشن اور بند ناک کھولنے میں مدد دیتی ہے۔
۔ ایک کپ پانی میں دو تین لہسن کے جوے ڈال کر ابالیں ۔ چاہیں تو اس میں آدھا چائے کا چمچ ہلدی بھی شامل کرلیں آرام آنے تک روزانہ پئیں۔

۷۔ جوشاندہ:

جوشاندہ بھی بلغم پتلا کرنے میں مدد دیتا ہے ۔ اپنی پسند کا کوئی بھی جوشاندہ دن میں دو تین مرتبہ لیں۔ اس کے لیے پودینے کی چائے بھی پی جاسکتی ہے ۔ اس میں موجود مینتھول بھی بند ناک کھولنے میں مدد دیتا ہے۔

۸۔ میتھی دانہ:

میتھی دانہ بھی بند ناک کھولنے میں مدد دیتا ہے ۔ میتھی دانے کی گرم تاثیر بلغم کو پتلا کرنے میں مدد دیتی ہے۔
۔ ایک دو چائے کے چمچ کٹا ہوا میتھی دانہ ایک گلاس پانی میں ملا کر ابالیں ۔
۔ چھان کر نیم گرم پئیں۔
۔ آرام آنے تک دن میں دو تین مرتبہ پئیں۔
نوٹ: حمل میں میتھی دانے کی چائے نہ پئیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...