کیا سردیوں میں آپ کاوزن بڑھ جاتا ہے؟

1,726

کیا آپ بھی سردیوں میں اپنا وزن پتاکرنے سے کتراتے ہیں ؟ کیا آپ کو بھی ایسا لگتا ہے کہ سردیوں میںآپ کا وزن گرمیوں کے مقابلے میں بڑھ جاتا ہے؟ شاید آپ کو جان کر خوشی ہو کہ آپ اکیلے نہیں ہیں ۔ اکثر لوگوں یہ مانتے ہیں کہ سردیوں میں ان کا وزن بڑھ جاتا ہے ۔ ایسے لوگ جو بڑی محنت سے اپنا وزن کم کرتے ہیں سردیوں کا موسم آتے ہی وزن کو لے کر خوفزدہ ہوجاتے ہیں ۔ تو کیا حقیقتاًموسم کی تبدیلی سے وزن بڑھنے یاگھٹنے کا کوئی گہرا تعلق ہے؟

سائنسی اعتبار سے ایسا کوئی ثبوت نہیں ملتا جس سے یہ ثابت ہوجائے کہ موسم کی تبدیلی کے انسان کے وزن پر کوئی خاص اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ نہ ہی کسی تحقیق سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ موسم سرما میں ہمارے وزن میں اضافہ ہوجاتا ہے یا ہماری بھوک کے کم یا زیادہ ہونے اس کا کوئی تعلق ہے ۔ ڈاکٹرز کا ماننا ہے کہ موسم سرما میں وزن کے بڑھنے کی وجہ محض ہمارے رویوں اورسرگرمیوں میں آنے والی تبدیلی ہے ۔

سردیوں میں اپنے وزن پر قابو رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنی غذا کے انتخاب پر توجہ دیں اور ورزش و کثرت کو روز مرہ کے معمول کا حصہ بنائیں۔ سردیوں میں وزن کو بڑھنے سے روکنے کی چند آسان ترکیبیں مندرجہ ذیل ہیں:

سبزیوں اور پھل سے پیٹ بھریں

سردیون میں،خاص طور سے سردیوں کی چھٹیوں میں ہمارا فاسٹ فوڈ اور پراسیسڈ اسنیکس کا استعمال بڑھ جاتا ہے ۔ جس کی وجہ سے وزن میں اضافہ ہوتا ہے ۔ کوشش کریں کہ اپنا پیٹ نقصان دہ چیزوں کے بجائے صحت بخش اسنیکس جیسے پھل اور سبزیوں سے بھریں ۔ سردیوں میں گاجریں بہت اچھی آتی ہیں ۔ کوشش کریں بے وقت بھوک کو مٹانے کے لیے فرنچ فرائز یا براؤنی کھانے کے بجائے دو گاجریں کھالیں ۔ اس کے علاوہ اس موسم میں سیب بھی بڑے مزیدار ملتے ہیں ۔ ان چیزوں سے آپ کا پیٹ بھی بھر جائے گا اور وزن بھی نہیں بڑھے گا ۔

ورزش کو روز کا معمول بنائیں

سردیوں میں عام طور پر انسان سست ہوجاتا ہے اور کمبل سے نکلنے کا دل نہیں چاہتا۔ لیکن خود کو فٹ رکھنے کے لیے ورزش کرنا بے حد ضروری ہے ۔ ایک امریکی تحقیق کے مطابق جو شخص جتنا پھرتیلا ہوتا ہے اس کو بھوک اتنی ہی کم لگتی ہے ۔ کوشش کریں کہ سارا دن ایکٹو رہیں۔ کوئی ایسا گیم کھیلیں جس سے آپ کی جسمانی کثرت ہو، گرم گرم سوئیٹر اور شالیں پہن کر چہل قدمی کریں ۔ اس سے نہ صرف آپ کا وزن نہیں بڑھے گا بلکہ آپ سردی کا سہی لطف بھی اٹھا سکیں گے ۔

لوگوں سے میل جول بڑھائیں

اکثر لوگ سردیوں میں ڈپریشن کا شکار ہو جاتے ہیں ۔ سردیوں میں باہر نکلنے کے بجائے وہ گھر میں بیٹھے رہنا پسند کرتے ہیں جس سے انہیں بوریت بھی ہوتی ہے اور بھوک بھی زیادہ لگتی ہے ۔ ڈپریشن کو دور کرنے لیے بھی لوگ بنا بھوک کچھ نہ کچھ کھاتے پیتے رہتے ہیں ۔ کوشش کریں لوگوں سے ملے جلیں۔ کہیں گھومنے پھرنے کا پروگرام بنائیں۔ غرض یہ کہ خود کو مصروف رکھیں ۔

مزیدار اور صحت بخش کھانے بنائیں

گرمیوں میں عام طور پر کھانا پکانایا کچن میں جانا مشکل لگتا ہے ۔البتہ سردیوں میں چولہے کے پاس جاکر اچھا محسوس ہوتا ہے ۔ موسم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کھانے کی نئی نئی ترکیبیں آزمائیں۔ ایسی ڈشیں بنانے کی کوشش کریں جو صحت کے لیے بھی مفید ہوں اور ذائقے میں بھی اچھی ہوں ۔ کوشش کریں کہ اس عمل میں اپنے ساتھ بچوں اور باقی گھر والوں کو بھی شامل کریں ۔

نیند پوری کریں

جب آپ کم سوتے یں تو آپ کو بھوک زیادہ لگتی ہے ۔ نیند پوری نہ ہونے کی صورت میں میٹھی یا زیادہ کیلری والے کھانے کھانے کا دل چاہنے لگتا ہے ،رات میں پرسکون نیند لیں ۔ رات میں جلدی سوئیں اور صبح سویرے اٹھیں ۔ اس سے آپ کے کھانے کا شیڈول بھی سیٹ ہوجائے گا ۔

پروٹین کا استعمال بڑھادیں

سردیوں کے موسم میں انڈے ، گوشت، مچھلی اور میوہ جات کا استعمال بڑھا دیں ۔ ایک تحقیق کے مطابق ہائی پروٹین ڈائٹ دماغ کو یہ پیغام دیتی ہے کہ آپ مے بہت کھالیا اب مذید کھانے کی ضرورت نہیں ۔ اس طرح آپ کو بار بار بھوک نہیں لگتی ۔

دھوپ میں باہر نکلیں

سورج کی کرنیں دماغ میں سیروٹنین کیمیکل کی مقدار کم ہونے نہیں دیتیں جوکہ آپ کے موڈ کو متاثر کرتا ہے ۔ اس کے علاوہ اس کیمیکل کی وجہ سے آپ کو پیٹ بھرے ہونے کا احساس ہوتا ہے ۔

ایک متوازن طرز زندگی آپ کو ہر موسم میں چست اور صحت مند رکھ سکتا ہے ۔ ان آسان احتیاطوں اور تدابیر کو اپناتے ہوئے سردیوں کے موسم کا پورا پورا مزہ لیجئے!

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...