کیا ہوٹلنگ اور ڈائٹنگ ایک ساتھ ممکن ہے؟

1,428

زمانہ تبدیل ہورہا ہے ، ساتھ ہی لوگوں کے کھانے پینے کی عادتیں بھی بدل رہی ہیں ۔اب زیادہ تر لوگ کھانے کا انتخاب کرتے وقت صحت سے زیادہ ذائقے اور چٹخارے پر توجہ دیتے ہیں اور یہ ہماری خرابی صحت کی ایک بڑی وجہ ہے ۔ چپس، کینڈی، برگر، نوڈلز، پیزا، کوکیز، وغیرہ کے نام سے آج کل بچوں ہی نہیں، بڑوں کے منہ میں بھی پانی آ جاتا ہے۔ خاص طورپر جب ہلکے پھلکے کھانے کی بات ہو تو لوگوں کا دھیان اسی طرف جاتا ہے ۔ بس ایک کال کرو یا گھر سے باہر نکلو ،سامنے یا کہیں قریب ہی کوئی خوبصورت اور اے سی کی ٹھنڈ ک والے ریستوران نظر آجائے گا ۔ اِدھر آرڈر دیا اور اُدھر آپ کا من پسند کھانا حاضر ۔ ہم اس بات سے غافل رہتے ہیں کہ یہ جنک فوڈ دراصل ہماری صحت کو کتنا نقصان پہنچا رہے ہیں۔کیونکہ اس میں ضرورت سے زائد کاربوہائیڈریٹس، چربی ، نمک اور شکر شامل ہوتی ہے ، جو ہمیں بیمار کرتی ہے ۔ اس لیے ضروری ہے کہ باہر کھانا کھاتے ہوئے ایسی چیزوں کا انتخاب کریں جو وزن بھی نہ بڑھائیں اور آپ کا ہوٹلنگ کا شوق بھی پورا ہوجائے۔

فاسٹ فوڈکے نقصانات

فاسٹ فوڈ کمپنیاں یہ بات اچھی طرح سے جانتی ہیں کہ لوگ ایسے کھانے کی طرف زیادہ متوجہ ہوتے ہیں جو ذائقے کے ساتھ ساتھ دیکھنے میں خوش نما اور کھانے میں آسان ہوں۔ اسی وجہ سے وہ اپنے کھانے کو پرکشش بنانے کے ساتھ اس طرح تیار کرتے ہیں کہ وہ ہمارے منہ میں جاتے ہی گھل جائے یعنی پیٹ میں چلے جائیں۔ اس بات کواس طرح سمجھیں کہ ہم جتنی جلدی ان فوڈز کو خریدتے ہیں، اتنی ہی جلدی وہ منہ سے پیٹ میں پہنچ جاتے ہیں ،جس کی وجہ سے ہماری ذائقہ چکھنے کی صلاحیت اور کھانے کی مہک سونگھنے کی حس دونوں ہی متاثر ہوتی ہیں۔

چیز برگر

دفاتر میں کام کرنے والوں میں بھی فاسٹ فوڈز کا رجحان بڑھ رہا ہے ۔ اور فاسٹ فوڈز میں چیز برگر کوعام طور پر اولیت دی جاتی ہےایک بڑے پنیر برگر میں اندازاً 175 ملی گرام کولیسٹرول ہوتا ہے،جو ہمارے لیے بہت نقصان دہ ہے ۔ اس کے ساتھ کچھ لوگ چپس اور ملک شیک بھی لے لیتے ہیں جس سے کولیسٹرول کی مقدار اور بڑھ جاتی ہے ۔

چکن

ویسے تو چکن کو کم چربی کا کھانا سمجھا جاتا ہے، لیکن جس طرح سے اسے فوڈ اسٹورز میں پکایا جاتا ہے، اس میں کافی چربی استعمال کی جاتی ہے۔یوں سمجھ لیں کہ ایک چکن لیگ پیس میں ایک کپ آئس کریم اور برگر سے زیادہ کولیسٹرول ہوتا ہے۔

کولڈ ڈرنکس

سوڈا والے کولڈ ڈرنکس کا استعمال تو جیسے ہماری زندگی کا لازمی حصہ بن کر رہ گیا ہے ۔ حالانکہ اس کے زیادہ استعمال سے جسم میں کیلشیم کی کمی ہوجاتی ہے۔ جبکہ ماہرین کا کہناہے کہ ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے ہماری روز مرّہ خوراک میں تقریباً 1200 ملی گرام کیلشیم کا ہونا ضروری ہے ۔ اس لیے سوڈا والے کولڈ ڈرنکس کے بجائے دودھ ، لسی ، یا جوس وغیرہ استعمال کئے جائیں تو اس کا جسم کو فائدہ ہوتا ۔

ٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍنمک اور چکنائی

ہائی بلڈ پریشر اور ہائی کولیسٹرول جیسے مسائل میں ہمارے ملک میں گزشتہ چند برسوں کے دوران بہت زیاہ اضافہ دیکھا گیا ہے ۔ ا س کی بڑی وجہ بھی باہر کے کھانے ہیں ۔بلڈ پرشر کے بڑھنے کی بنیادی وجہ غذا میں پروسیس فوڈ کا ہونا ہے۔ دراصل قدرتی اور گھر پر بنے کھانے کی چیزوں میں نمک کی مقدار پروسیس فوڈ کے مقابلے میں تین سے چار گنا زیادہ ہوتی ہے۔اسی طرح باہر کے کھانوں میں چربی ،گھی اور دیگر چکنائی زیادہ استعمال کی جاتی ہے۔ جو جسم میں کولیسٹرول کی زیادتی کا سبب بنتی ہے ۔

ہوٹلنگ اور ڈائٹنگ ساتھ ساتھ !

باہر کے کھانے سے حتی الامکان دور ہی رہنا چاہئے ۔مگر کبھی کبھار کھالینے میں کوئی مضائقہ نہیں ۔ اور جب آپ ڈائٹنگ پر ہوتے ہیں تو ایسے میں باہر کے کھانے بہت دل للچاتے ہیں ۔اپنی من پسند چیزوں کو ارد گرد دیکھ کر خود کو روکناآسان نہیں ہوتا۔ اور آپ کے لیے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہوجاتا ہے کہ آپ اپنے ڈائٹ پلان پر سختی سے قائم رہیں یا کم از کم آج کے دن خود کو معاف کردیں ۔ یہ مسئلہ سب کے ساتھ ہے ۔ آیئے ہم آپ کو بتاتے ہیں ڈائٹنگ کے دوران باہر کے کھانے سے کس طرح لطف اٹھایا جاسکتا ہے۔

ایک گلاس پانی آرڈر کریںبیٹھنے کے بعد اور مینو دیکھنے سے پہلے ایک گلاس پانی آرڈر کریں اور پئیں۔کیونکہ اگر آپ کو تیز بھوک لگی ہے تو پانی سے کچھ دیر کے لیے آپ کو راحت ملے گی کم از کم اس وقت تک جب تک کھانا نہیں آ جاتا۔ اس کا دوسرا فائدہ یہ ہوگا کہ پانی پینے سے آپ خود کو ہائی کیلوریز والے مشروبات آرڈر کرنے سے روک پائیں گے۔ کیونکہ پیاس کی حالت میں آپ کچھ بھی آرڈر کرسکتے ہیں۔

سبزی آرڈر کریں

سبزیاں کھانے سے آپ کا پیٹ تو بھرے گا ہی ساتھ ہی آپ کے ڈائٹ پلان پر بھی اس کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔اور آپ الٹی سیدھی چیزیں کھانے سے بھی بچ جائیں گے۔ آپ چاہیں تو سبزیوں کی مختلف اقسام کی ڈشیں بھی آزما سکتے ہیں۔ اس سے ذائقہ بھی بدلے گا۔اور جسم کو اس کا فائدہ بھی ہوگا۔

چکن تکہ

اگر ڈائٹنگ کے دوران ہری سبزیوں کے سہارے رہنا آپ کے لئے مشکل ہو رہا ہے،تو آپ چکن بھی ٹرائی کر سکتے ہیں۔لیکن فرائڈ چکن سے آپ کو اجتناب کرنا ہوگا۔ اس کے بجائے آپ لیموں اور کالی مرچ کے ساتھ گرل چکن ٹرائی کرسکتے ہیں۔

بیکڈ پوٹیٹو

اگر آپ کو لگتا ہے کہ ڈائٹنگ کے دوران آلو آپ کا سب سے بڑا دشمن ہے، تو آپ کودوبارہ سوچنا چاہئے۔ دراصل، بیکڈ آلو آپ کے لئے اچھا انتخاب ہو سکتے ہیں۔ آپ انہیں ذرا سے نمک کے ساتھ لے سکتے ہیں۔ بیکڈ آلو میں کیلوری کم ہوتی ہیں جبکہ وٹامن سی اور پوٹاشیم کی بھرپور مقدار ہوتی ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...