ہاتھ اور کلائیوں کی قوت بڑھانے کے لیے ورزش

4,954

اکثر لوگ ورزش کرتے ہوئے ہاتھوں اور کلائیوں کو نظر انداز کر دیتے ہیں ،ایسا کرنا درست نہیں ۔ جسم کے دیگر حصوں کی طرح ہاتھوں کو بھی اسٹریچنگ یعنی کھنچاؤ کی ضرورت ہوتی ہے ۔ خاص طور سے وارم اپ کرتے ہوئے ہاتھوں کی ورزش پر ضرور توجہ دیں ۔ چند آسان ایکسرسائزس سے آپ اپنے بازوؤں کو مضبوظ بنا سکتے ہیں ۔ ہاتھوں اور کلائیوں کی ورزش سے نہ صرف ہاتھوں کو طاقت ملتی ہے بلکہ اس سے بائی سیپ، ٹرائی سیپ اور سینے بھی مضبوط ہوتے ہیں ۔

کلائی کا جوڑاور اس کی اہمیت

کلائی کی ہڈی بڑی پیچیدہ ہوتی ہے ۔ اس میں کئی چھوٹی چھوٹی ہڈیاں، ٹشوز اور جوڑ ہوتے ہیں ۔ ان جوڑوں کی مدد سے کلائی کئی انداز میں مڑ سکتی ہے ۔ یوں تو گھٹنے اور کلائی کاجوڑ کافی حد تک ملتا جلتا ہوتا ہے لیکن گھٹنا صرف اندر کی طرف ہی مڑتا ہے جبکہ کلائی کو ہم اندر باہر دونوں طرف موڑ سکتے ہیں ۔ کلائی ہاتھ اور بازو کو جوڑتی ہے لہذا مجموعی جسم کو صحت مندرکھنے کے لیے کلائیوں اور ہاتھ کا مضبوط ہونا بھی ضروری ہے ۔ کلائی طاقتور ہوگی تو آپ کی پکڑ مضبوط ہوگی ۔

ہاتھ اور کلائی کے لیے آسان ورزشیں

اس بات کو ذہن نشین کر لیں کہ کلائی اور ہاتھوں کی طاقت کے لیے ان پر خاص حد تک دباؤ پڑنا اور کھچاؤ ضروری ہے ۔ اس مقصد کہ لیے ان آسان ورزشوں کو اپنے روزآنہ کے ورک آؤٹ کا حصہ بنائیے :

*مٹھی بنائیں اوراپنی کلائی کو ہر سمت میں گھمائیں ۔ جس جگہ پر بھی موڑنے میں دشواری ہو رہی ہو اسی پوزیشن میں کچھ دیر کے لیے رک جائیں ۔ اس ورزش کوآپ دن میں کئی بار دہرا سکتے ہیں ۔
*فلیکس کریں ۔ انگلیوں کو بند کرکے مٹھی بنائیں اور تیس سیکنڈزبنا کر رکھیں ۔ اب پھر سے ہاتھ کھولیں اسطرح دونوں ہاتھوں سے 1منٹ تک دو دو سیٹس کریں ۔
*اپنی ہتھیلی کو میز پر رکھیں ۔اب اپنی ہر انگلی کو ایک ایک کرکے میز پر رکھیں اور اٹھائیں ۔
*ایک کاغذ کو لے کو ہاتھ میں دبا کر موڑ دیں ۔ اس عمل کو تین چار بار دہرائیں ۔
*کھڑے ہو جائیں اور اپنے دونوں ہاتھوں کو آگے کی طرف جوڑ لیں ۔ اسی طرح دونوں ہاتھوں کو جتنا نیچے لے جا سکیں لے جائیں ۔ جتنی دیر تک آپ اپنے ہاتھوں کو اس پوزیشن پر رکھیں اتنا زیادہ فائدہ ہوگا ۔
*اپنے ہاتھوں کو جھٹکیں جیسے گیلے ہاتھوں کو سکھانے کے لیے جھٹکتے ہیں ۔ ایسا ایک دو منٹ تک ہر ایک گھنٹے بعد کریں ۔
*ہاتھ کو آگے کی طرف سیدھا کریں ۔ کہنی بھی سیدھی رکھیں ۔ ہتھیلیوں اور انگلیوں کی سمت زمین کی طرف رکھیں ۔ اب دوسرے ہاتھ کی مدد سے اس ہاتھ کو اندر کی طرف دبائیں ۔ اس طرح کہ کلائی پر پریشر پڑے ۔ جتنا دبا سکیں دبائیں ۔ پھر اس پوزیشن میں ہاتھ کو 20سیکنڈز کے لیے رکھیں ۔ اب دوسرے ہاتھ کے ساتھ بھی ایسا ہی کریں ۔ ہر گھنٹے بعد دونوں ہاتھوں کے ساتھ تین تین بار اس عمل کو دہرائیں ۔
*اپنی ہتھیلیوں کو دیوار پر رکھ دیں ۔ اس طرح کہ آپ کی ہتھیلیاں چھت کی طرف ہوں ۔ اپنے بازوؤں کو سیدھا رکھیں۔ ہاتھوں کو چلاتے ہوئے دیوار پر نیچے کی طرف لے جائیں ۔ اس طرح کہ ہاتھ دیوار سے ہٹنے نہ پائے ۔نیچے لانے کے بعد اب ہتھیلیوں کی پوزیشن تبدیل کردیں ۔انگلیوں کی سمت زمین کی طرف ہونی چاہیے ۔ اب اسی پوزیشن میں ہاتھوں کو چلاتے ہوئے واپس اوپر کی طرف لے جائیں ۔

یہ چند ورزشیں ہیں جو آپ اپنے ہاتھوں اور کلائیوں کو مضبوط کرنے کے لیے کر سکتے ہیں ۔ امید ہے کہ اس آرٹیکل سے آپ کو پتا چلا ہوگا کہ کلائی کی مضبوطی مجموعی جسم کی طاقت و توانائی کے لیے کتنی ضروری ہے ۔ ہاتھ ا ور کلائی کی ورزشیں مشکل نہیں بلکہ بے حد آسان ہوتی ہیں ۔ مندرجہ بالا ورزشیں ہر عمر کے افراد کر سکتے ہیں ۔ خصوصاًوہ لوگ جن کا ٹائپنگ کا کام ہو یا جو دیر تک کمپیوٹر استعمال کرتے رہتے ہوں ان کے لیے یہ ورزشیں کافی کارآمد اور مفید ثابت ہو سکتی ہیں ۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...