جو دل چاہے کھائیں اور وزن بھی کم کریں

3,285

اپنی پسندیدہ چیزیں کھاتے ہوئے وزن کو کم کرنا عجیب سی بات لگتی ہے ۔ اپنی تمام پسندیدہ چیزوں کو چھوڑ کر اور خود پر بہت زیادہ پابندی لگا کر اپنے آپ کو صرف ویٹ لوز پلان پر چھوڑ دینا بھی صحیح نہیں ۔ البتہ جتنی زیادہ آپ ورزش کریں گے اور اپنی پسندیدہ غذا اعتدال کے ساتھ کھائیں گے تو اپنے وزن کو باآسانی کم کرسکتے ہیں ۔

1۔کھانے کو الزام نہ دیں:

کھانا توانائی اور کیلوریز فراہم کرتا ہے اسے کسی طرح بھی مورد الزام نہ ٹھہرائیں ۔کھانے کو اپنی کمزوری نہ سمجھیں کھانے کے متعلق منفی سوچ رکھنے کے بجائے مثبت سوچ رکھیں ۔ اگر آپ کوچاکلیٹ پسند ہے تو اس کو اپنی غلطی نہ سمجھیں بلکہ اپنے آپ کو بتائیں کہ چاکلیٹ آپ کو اپنے ذائقہ کی وجہ سے پسند ہے ۔ وزن کم کرنے کے لیے چاکلیٹ کا چھوٹا ٹکڑا کھاکر بس کردیں بجائے دو بڑے پیس کھانے کے۔

2۔ہر چیز کھائیں:

اپنے آپ کو کچھ بھی کھانے سے نہ روکیں لیکن جو کچھ کھائیں پئیں اعتدال کے ساتھ لیں۔اس طرح کم مقدار میں کھانے سے آپ کی کھانے کی خواہش بھی پوری ہوجائے گی اور وزن میں بھی اضافہ نہیں ہوگا۔ خود کو کھانے پینے سے بالکل روکنے کے بجائے اپنی پسند کی چیز ہفتے میں ایک دفعہ لے لیں۔

3۔غذا کو ایندھن سمجھیں:

آپ کے جسم کو اس ایندھن کی ضرورت ہوتی ہے ۔ نہ ہی یہ آپ کا دوست ہے اور نہ دشمن یہ صرف آپ کو صحت مند رکھتا ہے۔ اتنا کھائیں کہ آپ مطمئن ہوجائیں۔ خود کو حد سے زیادہ روکنا بھی صحت کے لیے مضر ہے۔ اپنی بھوک سے لے کرپیٹ بھرنے تک ۱ سے ۱۰ تک نمبر دیں۔ بہت زیادہ بھوک کو ا نمبر اور سیر ہو کر کھانے کو ۱۰ نمبر دیں۔اپنے کھانے کو ۵ سے ۶ نمبر پر روک دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ ضرورت سے زیادہ کھانا نہ کھائیں۔ اپنی پسندیدہ غیر صحت مند چیز یں تھوڑی کم مقدار میں کھائیں۔ اس طرح وزن کم کرنے میں مدد ملے گی۔

4۔غذائیت پر زور دیں:

پھل ، سبزیاں اور دوسری فائبر والی غذائیں وٹامنز اور منرلز سے بھر پور ہوتی ہیں۔جبکہ ان میں کیلوریز کی کم مقدار ہوتی ہے۔ ایسی غذائیں کھانے سے بھی وزن کم کرنے میں مدد ملے گی۔

5۔بھوک اور بوریت کے فرق کو محسوس کریں:

اکثر اوقات جب ہم بور ہورہے ہوتے ہیں وقت گزارنے کے لیے کھانا شروع کردیتے ہیں۔ اور اگر یہ کھانا مضر صحت ہو تو وزن بڑھنے کا باعث بنتا ہے۔ ٹی وی دیکھتے ہوئے یا کمپیوٹر کے سامنے بیٹھ کر بھی کھانے سے گریز کریں۔ ہاتھوں اور منہ کو مصروف رکھنے کا کوئی اور طریقہ اختیار کرسکتے ہیں۔ مثال کے طور پر چوئنگ گم کھائیں یا سوئٹر بن لیں۔

6۔جذبات میں کھانے سے گریز کریں:

اکثر لوگ غم ، پریشانی ، خوشی اور غصے میں زیادہ کھانے لگتے ہیں۔ ایسی صورت میں کھانے سے پہلے سوچیں کہ کیا آپ واقعی بھوکے ہیںیا اپنی کیفیت کی وجہ سے کھانے کے خواہش مند ہیں۔
اپنے کھانے کی چیزوں کو نوٹ کریں تاکہ آپ کو پتہ رہے کہ اگر آپ نے ایک دن پہلے آئس کریم کھائی ہے تو اب ایسے لنچ کا انتخاب کریں جس میں کم کیلوریز ہوں۔ اس طرح آپ اپنی پسند کی چیز کھا کر بھی اپنے وزن کو کم رکھ سکتے ہیں۔

7۔پانی پئیں:

بھوک اور پیاس کا ایک ہی انداز میں احساس ہوتا ہے ۔ ایسی صورت میں پہلے گلاس بھر کر پانی پئیں اور پندرہ منٹ انتظار کریں اگر اب آپ کو بھوک محسوس نہیں ہورہی تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کے جسم کو پانی کی ضرورت تھی ۔ اس کیفیت کو ختم کرنے کے لیے اپنے ساتھ پانی رکھیں وقفے وقفے سے پیتے رہیں۔

8۔اپنی خواہشات پر قابو رکھیں:

اگر آپ کا مضر صحت غذا کھانے کا دل چاہتا ہے تو اپنا دھیان ادھر سے ہٹا نے کی کوشش کریں۔ کھانے کے علاوہ کچھ اور کریں واک پر چلے جائیں دوست سے فون پر بات کرلیں کوئی پھل یا سبزی کھالیں ۔ اس کے بعد بھی اگر آپ کا من پسند کھانا کھانے کا دل چاہے تو خود کو نہ روکیں۔

9۔ایسے کھانوں سے گریز کریں جو بھوک کو بڑھاتے ہیں:

کچھ غذائیں کھانے یا پینے کے بعد بھوک محسوس ہوتی ہے ڈائٹ سوڈا میں موجود مصنوعی چینی یا عام چینی سے بھی بھوک محسوس ہوتی ہے ۔ ایسے کھانے پینے کی چیزوں سے گرے زکرنا چاہیے جن سے بھوک میں اضافہ ہوتا ہے۔

10۔ورزش کریں:

اپنی پسندیدہ غذا کھانے کے ساتھ اگر آپ وزن کم کرنے کے خواہش مند ہیں تو اس کے لیے ورزش کریں تاکہ ضرورت سے زائد کیلوریز کو جلاسکیں ۔ اگر آپ نے رات میں بہت زیادہ کیلوریز والا کھانا کھایا ہے تو اگلے دن زیادہ ورزش کریں۔ دوڑنا یا تیز چلنا کیلوریز جلانے کے لیے بہت فائدہ مند ہیں۔

ان سب باتوں کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ آپ کو اس بات کا ندازہ ہو کہ آپ کو کتنی کیلوریز کی ضرورت ہے اور دن بھر میں کتنی کیلوریز حاصل کی یا استعمال کی ہیں۔اس طر ح آپ اپنی ڈائٹ کو کنٹرول کرکے اپنی پسندیدہ چیزیں کھا کر سلم رہیں گے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...