لمبے سفر کی تھکن دور کرنے کی 5 ورزشیں

596

سفر جہاز کا ہو یا گاڑی کا اگر طویل ہو تو جسمانی تھکن کا باعث بنتا ہے۔ گھنٹوں ایک مختصر سی جگہ بیٹھ کر سفر کرنے سے ذہنی تناؤ بھی بڑھ جاتا ہے۔ ایک ہی حالت میں بیٹھے رہنے سے جسم کے پٹھے اکڑنے لگتے ہیں اور جسم کے پچھلے حصے میں بہت زیادہ دباؤ بڑھ جاتا ہے جس سے جسم میں درد اور بےسکونی پیدا ہو جاتی ہے۔ اس لئے لمبے سفر کے بعد کمر میں درد کی شکایت عام ہے۔

تنگ جگہ پر زیادہ دیر تک بیٹھے رہنے سے نظام ہضم بھی متاثر ہوتا ہے کیوں کہ بیٹھنے سے پسلیوں کا حصہ پیٹ سے مل جاتا ہے اس طرح آنتوں کے درمیان گنجائش کم ہونے سے ہاضمہ صحیح سے کام نہیں کر پاتا جس سے اکثر لوگوں کے پیٹ میں گیس بن جاتی ہے اور پیٹ پھولنے لگتا ہے۔

جب بھی سفر کے دوران کسی ضرورت کے تحت اٹھیں توکچھ منٹ مزید دے کراپنی گاڑی سے باہر یا جہاز میں کھڑے ہو کر ورزش کریں۔ یہ ورزشیں سفر میں پٹھوں کی اکڑاہٹ کو ختم کرکے سکون دیتی ہیں ۔ یہ ورزشیں ان لوگوں کے لئے بھی کارآمد ہیں جو دن بھر بیٹھ کر کام کرتے ہیں۔ ہر پوز کو ۳۰ سے ۶۰ سیکنڈ تک کریں اور اپنے سفر کو خوشگوار بنائیں۔

۱۔سینے کو کھولنے کی ورزش

1
کھڑے ہوکر یا بیٹھ کر گہرا سانس لیتے ہوئے دونوں ہاتھوں کی انگلیاں ایک دوسرے کے اندرڈال کر پیچھے لے جائیں۔اسطرح کہ سانس اندر لیتے ہوئے دونوں شانوں کی ہڈیاں آپس میں مل جائیں۔ اب سانس کو باہر نکالتے ہوئے دونوں ہاتھوں کو کمر کے بائیں طرف لے جائیں۔ اس طرح کہ دائیں جانب سے سینہ اور کندھے میں کھنچاؤ پیدا ہو۔ یہی عمل ہاتھوں کو کمر کے دائیں جانب لے جاکر دہرائیں۔

۲۔ ٹلاسانا

4
کھڑے ہو کر دونوں ہاتھ سر کے اوپر لے جائیں، دونوں ہاتھوں کی انگلیاں ایک دوسرے کے اندر ڈا ل لیں ۔اس طرح کہ ہتھیلیاں چھت کی طرف ہوں ۔ہاتھوں کو اتنا اوپر اٹھائیں کہ کندھوں کی مخالف سمت میں کھنچاؤ پیدا ہو۔اگر آپ کسی چھوٹی یا تنگ جگہ پر ہیں جہاں پرآپ کے ہاتھ چھت سے ٹکرائیں گے جیسے جہاز وغیرہ تو آپ یہ ورزش بیٹھے بیٹھے بھی کرسکتے ہیں۔

۳۔ سائڈ اسٹریچ

3
سانس لیتے ہوئے دونوں ہاتھ سر سے اوپر لے جائیں اسطرح کہ ہاتھ کی انگلیاں سر سے اوپر کی جانب ہوں یا دائیں ہاتھ سے بائیں ہاتھ کی کلائی کو پکڑ لیں۔ہاتھوں کو اوپر اٹھائیں کہ کھنچاؤ پیدا ہو سانس کو باہر نکالتے ہوئے،دائیں جانب جھکیں اس طرح کہ کمان کی صورت بنے۔کھنچاؤ بائیں جانب ہوگا۔ہاتھوں کو کانوں کی سیدھ میں رکھیں پیٹ کو اندر کی طرف کھینچ کر دائیں جانب جھکتے ہوئے دائیں پیر پر زور دیں۔سینے کو کھلا رکھیں،سیدھے ہو جائیں اور یہی عمل بائیں جانب دہرائیں۔

۴۔ سلامبا(کمر کے لیے)

2
پیروں کو ملا کر سیدھے کھڑے ہو جائیں ۔آپ اپنی جسامت کے لحاظ سے پیر کھول بھی سکتے ہیں۔ دونوں ہاتھ کمر کے نچلے حصے پر رکھیں اور اوپری دھڑ پیچھے کی جانب لے جائیں اور کمان کی صورت بنائیں ۔اس پوز میں پورے جسم کو شامل کریں۔اپنے وزن کو سہارنے کے لئے ہاتھوں کا استعمال کریں۔ریڑھ کی ہڈی کے نچلے حصے کونیچے کی طرف جھکائیں۔پیٹ کو اندر کی طرف کھینچ کر رکھیں اور پیروں سے زمین پر زور دیں۔اگر آپ کی گردن برداشت کرسکے توسر کو پیچھے کی طرف اتنا جھکائیں کہ چہرے کا رخ چھت کی طرف ہو جائے۔ورنہ جتنا ہو سکے سر کو پیچھے لے جائیں۔اس پوز سے واپس سیدھے ہونے کے لئے سینے سے شروع کریں اورسیدھے ہو جائیں۔

۵۔ کواڈ اینڈہپ فلیگزر اسٹریچ

5
کھڑے ہوکر اپنا بایاں ہاتھ سیٹ کی پشت،کار کے دروازے یا کسی دوسری چیز پر رکھیں۔اپنا پورا وزن بائیں پیر پر منتقل کر دیں تاکہ آپ اپنی دائیں ٹانگ گھٹنے سے موڑ کر اوپر لے جا سکیں۔دائیں ہاتھ سے ٹخنے کو پکڑ لیں۔سیدھے گھٹنے اورریڑھ کی ہڈی کو زمین کی طرف زور دے کر لے جائیں۔پیٹ کو اندر کریں اور سینے کو باہر نکالیں۔اسطرح کھنچاؤ زیادہ ہوگا۔اگر ٹخنہ نہ پکڑا جاسکے تو جوتے کی ٹو کو پکڑ لیں لیکن اتنا نہ کھینچیں کہ تکلیف کا باعث بنے۔پھر سیدھے کھڑے ہوکر بائیں ہاتھ سے بایاں ٹخنہ پکڑیں۔اور یہی عمل دہرائیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...