شادی کی شاپنگ کے ساتھ اسکن کیئر کے ٹوٹکے

442

شاپنگ میری کمزوری کب سے ہے مجھے یا د نہیں ۔ بس یہ پتا ہے کہ شاپنگ پر جا کر بلکہ صرف جانے کا سوچ کر جو خوشی مجھے ملتی ہے وہ شاید کسی کو اپنی شادی پر بھی نہیں ہوتی ہوگی۔ شادی سے یاد آیا، اپنی شادی میں میرے لیے سب سے دلچسپ چیز شاپنگ ہی توتھی۔ نہیں نہیں دلہا بھی مجھے پسند تھا لیکن اتنی ساری شاپنگ کا موقع ہاتھ آئے تو کچھ اور یاد ہی کہاں رہتا ہے؟

شادی گرمیوں میں ہونے کی وجہ سے چلچلاتی دھوپ میں ساری تیاری کی ۔ خوشی خوشی روزانہ کسی نہ کسی بہانے مارکیٹ کے چکر لگاتی۔ نتیجہ یہ ہوا کہ شادی سے دو ہفتے پہلے اپنا چہرہ خود پہچانا نہیں جا رہا تھا ۔ چہرہ تو چھوڑو ہاتھوں اور پیروں پر بھی کالے کالے دھبے نظر آنے لگے۔ غرض یہ کہ امی سے ایک گھنٹے کی ڈانٹ اور باہر نکلنے پر مکمل پابندی لگنے پر ہی میں نے شاپنگ کا سلسلہ روکا۔ مامیوں خالاؤں کو فوری طور پر بلایا گیا اور کئی دن تک ابٹن سے ِ جلد کی رگڑائی ہوئی۔ پھر کہیں جا کر شادی والے دن کسی نے یہ نہیں کہا،’سنو۔۔ تھوڑا فیس پاوڈر اور لگا لو‘۔

آپ بھی میری طرح آخر وقت میں رونے کے بجائے اگر شاپنگ پر جانے سے پہلے چند چیزوں کا خیال رکھیں تو یہ دن ہنستے کھیلتے گزر جائیں گے۔

شاپنگ پہ جانے سے پہلے:

دلہن کو اپنی شادی کی شاپنگ پہ جانے سے روکنا تو اپنی شامت آپ بلانے جیسا ہے ۔ لیکن لڑکیوں !ان سب باتوں پر عمل کر لو تو آخر وقت میں میری طرح امی کی ڈانٹ نہیں کھانی پڑے گی ۔

* شاپنگ کے لیے نکلنے سے پہلے ایسا سن اسکرین استعمال کریں جس میں یو وی اے اور یو وی بی
ریڈیئشن ہو ۔واٹر پروف سن اسکرین استعمال کرنا زیادہ اچھا رہے گا ۔
*کم از کم ایک بار میں ایک اونس سن اسکرین لگائیں۔ سن اسکرین شاپنگ پہ جانے سے پندرہ بیس منٹ پہلے لگائیں ۔
*کوشش کریں کہ صبح دس سے دوپہرچار کے درمیان شاپنگ پہ نہ جائیں ۔ اس وقت کی دھوپ جلد کے لیے زیادہ نقصان دہ ہوتی ہے ۔
*شاپنگ کے دوران ہر پندرہ بیس منٹ بعد سن اسکرین لگائیں ۔ سن اسکرین محض چہرے پر نہیں بلکہ ہاتھوں اور پیروں پر بھی لگائیں ۔
*شاپنگ پہ جاتے ہوئے لمبی آستینوں والے کپڑے پہنیں ۔ کوشش کریں تھوڑی تھوڑی دیر میں بال اور چہرہ دوپٹے سے ڈھک لیں ۔
*سرخ ، گلابی اور زرد رنگ کے کپڑے پہن کر اگر گرمیوں کی دوپہر میں آپ باہر نکلیں توممکن ہے دوسروں کو آپ کو دیکھ کر کچھ اکتاہٹ ہو لیکن یہ رنگ سورج کی الٹرا وائلٹ شعائیں جذب کرنے اور جلد کو ان نقصان دہ شعاؤں سے بچانے کے لیے بہترین ہیں۔
*سن گلاسز 99سے100فی صد تک یو وی شعائیں جذب کر لیتے ہیں جس کا مطلب ہے انہیں پہن کر آپکی آنکھیں اور آس پاس کی جلد مکمل طور پر محفوظ رہیں گی ۔

کہیں مجھے دیر تو نہیں ہو گئی ؟

اگر میں نے خبردار کرنے میں دیر لگا دی ہے اور آپ پہلی ہی بنا سن اسکرین دھوپ میں شاپنگ کرکرکے اپنی جلد جلا چکی ہیں تو بھی فکر کی کوئی بات نہیں۔ ان آسان ٹوٹکوں سے آپ شادی کے دن تک پھر سے گوری گوری ہو جائیں گی ۔

*کارن فلور میں پانی ملا کر پیسٹ بنا لیں اور جھلسی ہوئی جلد پر لگائیں ۔
*سلا دپتے پانی میں ابال لیں ۔ پانی چھان کر ٹھنڈا کر نے کے لیے فرج میں رکھ دیں ۔ اب اس میں کاٹن بالز ڈبوئیں اور متاثرہ جگہ پر ہلکے ہلکے لگائیں ۔
*نہانے سے پہلے جلد پر دہی لگائیں ۔ کچھ دیر بعد ٹھنڈے پانی سے نہالیں۔ جلد کو ہلکے ہلکے سکھائیں ۔
*شاپنگ سے واپس آکر آنکھوں پر ٹھنڈے استعمال شدہ ٹی بیگز رکھیں ۔ اس میں موجود ٹینک ایسڈ سورج کی گرمی کو دور کرتا ہے ۔
*نہانے کے پانی میں ایک کپ سفید سرکہ ملانے سے بھی سن برن یعنی سورج سے جھلسی جلد کو آرام آتا ہے ۔
*جو کو ایک ململ کے کپڑے میں لپیٹ کر اس پر سے پانی بہائیں ۔ پھر جو نکال کرانگلیوں سے مسل دیں ۔ ہر دو سے چار گھنٹوں بعد متاثرہ جلد پر لگائیں ۔
*ایلوویرا کو جلد پر لگانے سے بھی راحت محسوس ہوتی ہے ۔
*جلد کو بدنما کرنے والے کالے دھبے اور چھائیوں کے لیے لازما کریم کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے ۔ مٹر کے دانے کے برابر لازما کریم لے کر رات کو سونے سے پہلے متاثرہ جلد پر لگائیں ۔دس منٹ بعد چہرہ دھو لیں۔ آہستہ آہستہ دورانیہ بڑھائیں۔

بھئی میں نے تو اپنی شادی میں جیسے تیسے گزارا کرلیا،لیکن اب تو میں اپنی بھانجیوں بھتیجیوں کو یہ ہی مشورے دیتی ہوں۔ اب وہ سنیں نہ سنیں ان کی مرضی۔۔۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...