بالوں کو دھوپ سے بچانے کے ٹوٹکے

388

جو چیز ہمارے جسم کی پرورش ،نشونما اور صحت کے لئے ضروری ہے وہ ہوا ،سورج کی روشنی ،پانی اور غذا ہیں ۔علم کیمیا کے ماہرین تو یہاں تک کہتے ہیں کہ ہر چیز کی تخلیق کا انحصار ہوا اور سورج کی روشنی پر ہے ۔تمام سبزیاں ،غلے اور پھل ہوا اور دھوپ سے ہی پیدا ہوتے ہیں ۔زمین اس کو پیدا کرنے کے لیے ضروری خام مال یعنی چونا ،فولاد ،پوٹاشیم ،میگنیشیا وغیرہ مہیا کرتی ہے ۔

سورج کی روشنی کے جہاں بہت سے فائدے ہیں وہیں بہت سے نقصانات بھی ہیں ۔دھوپ اگر ہڈیوں کو وٹامن ڈی پہنچانے کا ذریعہ ہے وہیں دھوپ جلد کے کینسر کی بھی بڑی وجہ بن سکتی ہے۔ سورج کی شعائیں بالوں کی نشونما پر بھی اثر انداز ہوتی ہیں ۔

بالوں کے لئے دھوپ نقصان دہ کیوں ؟

۱۔بالوں کا روکھا ہو جانا

سورج کی شعائیں (یو وی اے ،یووی بی) اگر مسلسل بالوں پر پڑتی رہیں تو یہ بالوں کی بیرونی تہہ ( کیوٹکس ) سے لے کر اندرونی تہہ کو خراب کر دیتی ہے جس سے بال روکھے اور بے جان ہو جاتے ہیں ۔امریکہ اور افریقہ کی خواتین کے بال دھوپ سے زیادہ خراب ہوتے ہیں کیوں کہ ان کے بال قدرتی طور پر پتلے ہوتے ہیں ۔

۲۔ بالوں کا دو منہ ہو جانا

جب بالوں کی صحت خراب ہونا شروع ہوتی ہے تو بال دو منہ ہونا شروع ہو جاتے ہیں ۔یہ اس بات کی نشانی ہوتی ہے کہ بالوں کی نشونما صیح نہیں ہو رہی ۔دھوپ کی براہ راست شعائیں پڑنے سے بالوں کی نمی کم ہونا شروع ہو جاتی ہے جس سے بالوں کی کیوٹکس کمزور ہو جاتی ہے اور بال دو منہ ہو جاتے ہیں ۔

۳۔ رنگ خراب ہونا

سورج کی ہلکی شعائیں تو بالوں کو صحت دیتی ہیں مگر بہت دیر تک دھوپ کی تیز شعا ئیں بالوں کا رنگ خرا ب کر دیتی ہیں ۔جن لوگوں کے بالوں کا رنگ ہلکا ہوتا ہے (سنہری ،گرے،براؤن ) دھوپ کی وجہ سے ہلکا پڑنے لگتا ہے ۔تیز دھوپ بالوں کے لئے بلیچ کا کام کرتی ہے جس سے بالوں کا پروٹین (کیراٹین ) ختم ہو جاتا ہے ،اور کیمیکل یا بلیچ سے رنگے بالوں کا رنگ سفیدہونا شروع ہو جاتا ہے۔

۴۔ بالوں میں چکناہٹ

گرمی کی تیز دھوپ میں عام طور پر بال جلد چکنے اور وزن میں بھاری محسوس ہوتے ہیں جس کی وجہ سورج کی تپش کی وجہ سے آنے والا پسینہ ہوتا ہے ۔ایسے میں بالوں کو جلدی جلدی دھو نا بالوں کو روکھا اور بے جان بنا دیتا ہے ۔

۵۔ بالوں کا جھڑنا

لوگوں کا ماننا ہے کہ بال سر کی جلد کو ہر اچھے برے موسم سے کسی حد تک تو محفوظ رکھتے ہیں لیکن اگر دیر تک سورج کی شعائیں براہ راست بالوں پر پڑے تو سر پر خشکی ہو جاتی ہے اور بال جھڑنا شروع ہو جاتے ہیں ۔

دھوپ سے بالوں کو محفوظ کرنے طریقے

۱۔ بالوں کو ڈھکیں

کوشش کرنی چاہئے کہ دھوپ میں کم سے کم باہر نکلیں اور زیادہ کام صبح یعنی ہلکی دھوپ کے وقت نمٹا دیں۔جہاں تک ممکن ہو سورج کی تیز شعاؤں سے پرہیز کریں ۔اگر گرمیوں کی دھوپ میں نکلنا ضروری ہو تو بالوں کو ڈھانپ کر رکھیں۔

۲۔ بالوں کی تراش خراش

لوگ گرمی کے موسم میں ساحل سمندر جاتے ہیں ۔ سمندر کی ہوا اور سورج کی بر اہ راست شعائیں پڑنے سے بالوں کو نقصان پہنچتا ہے ۔ موسم گرما کی چھٹیوں میں باہر گھومنے کا ارادہ ہو تو سب سے پہلے اپنے بالوں کے دو منہ ترشوالیں اور بالوں کی ڈیپ کنڈیشننگ ٹریٹمنٹ کروائیں۔ ساحل سے واپس آنے کے بعد بھی بالوں کو اچھی طرح دھو کر کنڈشنر کریں ۔

۳۔ کلورین والا پانی او ر دھوپ

جو لوگ اپنے بالوں پر بلیچ اور بے جا کیمیکل کا استعمال کرتے ہیں اور گرمی کے موسم میں لطف اندوز ہو نے کے لئے سوئمنگ پول کا رخ کرتے ہیں ان کو اپنے بالوں کو کلورین والے پانی سے بچانا چاہئے ۔جب بالوں پر کلورین لگتا ہے اور اس پر دھوپ پڑتی ہے تو بال کمزور ہونا شروع ہو جاتے ہیں ۔سوئمنگ کیپ لگا نے سے بالوں کو محفوظ کرنا چاہئے ۔۔

۴۔ہیئر ڈائی کا محدود استعمال

چونکہ گرمی کے موسم میں بال زیادہ جھڑتے ہیں اس لئے گرمی کے موسم میں بال نہیں رنگنے چاہئیں ،اگر بال رنگنا ہو تو شدید گرمی بڑھنے سے ایک دو ماہ پہلے ہی رنگ لینا چاہئے ۔البتہ مہندی وغیرہ کا استعمال مفید رہے گا ۔

۵ ۔ وٹامن سی اور ای

اینٹی آکسیڈنٹ پھلوں کا استعمال سورج کی شعاؤں کے اثرات سے بچاتا ہے ۔ایسے پھل جن میں وٹامن سی اور ای اور بیٹا کروٹین شامل ہو تے ہیں سورج کی فری ریڈیکل شعاؤں سے بچاتے ہیں ۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...