گردن خوبصورت بنانے کے آزمودہ ٹوٹکے

15,077

گردن جسم کا وہ نمایاں حصہ ہے، جو عمر کی پہلی چغلی کھاتا ہے۔ اس لیے گردن کی حفاظت کی ضرورت مزید بڑھ جاتی ہے۔خوب صورتی کا تعلق صرف چہرے اور لباس تک محدود نہیں ہے۔ اگر آپ خوب صورت شخصیت کی مالک بننا چاہتی ہیں تو گردن کی بھی اسی طرح دیکھ بھال کریں جس طرح اپنے چہرے کا خیال رکھتی ہیں۔ صراحی دار گردن کی اصطلاح ہی خوب صورت شفاف گردن کے لیے استعمال کی جاتی ہے لیکن بیشتر خواتین اور مرد گردن کی جِلد اور ساخت پر توجہ دینے کی بالکل ضرورت محسوس نہیں کرتے ۔

گردن کا مساج

گردن پر معتدل قسم کے کلینزنگ لوشن سے مساج کو اپنا معمول بنالیں کیوں کہ چہرے سے بڑھ کر گردن کا مساج ضروری ہے، اس لیے کہ مساج سے دورانِ خون میں تیزی آتی ہے اور چہرے کی طرف خون کی روانی میں تسلسل پیدا ہوتا ہے۔ مساج سے قبل گردن اچھی طرح دھوکر صاف کرلیں، مساج کے لیے کوئی بھی خالص نیم گرم تیل استعمال کریں۔ مساج سے قبل ہاتھوں کو صاف کرنا ضروری ہے۔

مساج کا طریقہ بے حد آسان ہے، انگلیوں کی مدد سے گردن پر تیل لگائیں، اتنی مقدار میں جو ایک وقت میں مکمل طور پر جذب ہوجائے۔ تیل کو ہلکے ہاتھوں سے دائرے کی شکل میں گردش دیتے ہوئے ملیں۔ خیال رکھیں کہ ہاتھوں کی حرکت نیچے سے اوپر کی طرف ہو، مساج ہلکے ہاتھوں سے کریں۔ ایک مہینے میں ایک سے تین مرتبہ یہ عمل دہرایا جاسکتا ہے۔ مساج کے کئی فوائد ہیں۔ اس کا سب سے بڑا اور اہم فائدہ یہ ہے کہ مساج گردن کی جُھرّیاں ختم کرنے میں مفید ثابت ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ مساج کے ذریعے گردن کی زائد چربی سے بھی نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔ مساج کے ذریعے گردن کی جِلد کو ضرورت کے مطابق نمی حاصل ہوجاتی ہے۔ گردن کی ہفتہ وار مکمل دیکھ بھال کیجیے ، تاکہُ مردہ خلیے دور ہوجائیں اور دورانِ خون میں بھی تیزی آجائے۔

گردن کی جِلد نکھاریں

گردن تمام دن مختلف زاویوں سے حرکت میں رہتی ہے اور موسمی شدت سے باآسانی متاثر ہوجاتی ہے ۔ اکثر ہم چہرے کی جِلد کے لیے تو بے شمار ٹوٹکے آزماتے ہیں لیکن گردن کا بہ غور معائنہ نہیں کرتے کہ آخر گردن کی جِلد اتنی کُھردری کیوں محسوس ہورہی ہے اور اس کے روکھے پن سے نجات کس طرح حاصل کی جائے؟ گردن کی جِلد بھی ہمارے ہاتھوں اور چہرے کی طرح بیرونی موسمی عوامل سے براہِ راست متاثر ہوتی ہے۔ اس لیے گردن کی رنگت نکھارنے کے لیے خاص اہتمام کرنا ضروری ہے۔ گھر میں استعمال ہونے والے روزمرّہ غذائی اجزا کے ذریعے بھی گردن کی صفائی کا مقصد پورا کیا جاسکتا ہے۔ مثلاً

(1) کچا دودھ، تازہ لیموں کا رَس اور تھوڑا سا آٹا باہم ملالیں، اس آمیزے کو گردن پر لگائیں۔ دس سے پندرہ منٹ کے بعد نیم گرم پانی سے صاف کرلیں۔ اس آمیزے میں معمولی مقدار ہلدی بھی استعمال کی جاسکتی ہے۔
(2) دہی اور بیسن کو ملاکر بھی گردن پر لیپ کیا جاسکتا ہے۔ اس سے گردن کی صفائی بہترین ہوتی ہے۔
(3) گلیسرین، پانی اور لیموں روئی کی مدد سے گردن پر لگائیں، رات بھر لگا رہنے دیں، صبح دھوکر نیم گرم تولیے سے گردن کی سینکائی کریں۔
(4) دودھ میں چٹکی بھر نمک ملائیں، اس دودھ سے گردن دھوئیں، گردن کی رنگت نکھر جائے گی۔
(5) ہفتے میں ایک دن گردن پر کلینزنگ ضرور کریں تاکہ گرد و غبار اورُ مردہ خلیات صاف کیے جاسکیں۔
(6) اگر آپ کی جِلد حساس نہیں ہے تو مہینے میں ایک بار معیاری بلیچ کریم بھی گردن پر استعمال کی جاسکتی ہے۔

گردن کی ورزش

گردن کی حفاظت اس لیے بھی ضروری ہے کہ یہ وہ ستون ہے جس پر ہمارا سر رکھا ہوا ہے یعنی اگر گردن کے عضلات میں درد ہو تو اس سے ہمیں سردرد کی شکایت ہوجاتی ہے۔ اس پریشانی سے بچنے کے لیے گردن کی ورزشیں بھی خاصی مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ گردن کی ورزشیں آپ کی گردن کو خوب صورت اور صراحی دار بناسکتی ہیں۔ گردن کی ورزشیں عموماً بہت دِقت طلب سمجھی جاتی ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ بہت آسان ہوتی ہیں۔ روزمرّہ کام کاج کے دوران بھی تھوڑا سا وقت نکال کر مندرجہ ذیل ورزشیں باآسانی کی جاسکتی ہیں۔

* دونوں ہاتھوں کو مضبوطی سے سر کی پشت پر باندھیں اور گردن کو پیچھے کی جانب موڑیں، کچھ سیکنڈ اسی حالت میں رہیں پھر گردن بالکل سیدھی کرلیں، یہ عمل پانچ سے تیس بار تک بھی کیا جاسکتا ہے۔
* کسی اونچی جگہ لیٹ جائیں اور سرنیچے لٹکادیں، اب سر کو اوپر کی طرف اٹھائیں کہ گردن اور سر جسم کی سطح تک آجائے۔ یہاں تک کہ اپنی ٹھوڑی سینے سے لگائیں، یہ عمل جاری رکھیں مستقل کرنے سے گردن کی لچک اور خوب صورتی میں اضافہ ممکن ہے۔
* سیدھی کھڑی ہوجائیں اور گردن کو دائیں اور پھر بائیں جانب موڑیں، نظریں اپنے شانوں پر مرکوز رکھیں۔ یہ ورزش گردن کے ساتھ ساتھ آپ کی آنکھوں کے لیے بہت مفید ہے۔ بہتر نتائج کے لیے یہ ورزشیں باقاعدگی سے کی جائیں لیکن اس سلسلے میں یہ ہدایت بھی ذہن میں رکھیں کہ اگر آپ کی عمر زیادہ ہے تو کوئی بھی ورزش اپنے معالج کے علم میں لائے بغیر شروع نہ کریں۔

یاد رکھیں گردن کو کبھی نظر انداز نہ کریں، کیوں کہ صرف چمکتا دمکتا صاف چہرہ ہی خوب صورتی کی علامت نہیں جب تک گردن کی جِلد بھی چہرے کی طرح صاف اور نکھری ہوئی نظر نہ آئے، لہٰذا آج ہی سے اپنی گردن کی حفاظت کرنا شروع کردیں کیوں کہ گردن کی جُھرّیاں عمر کا بھید کھولتی ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...