جلد کو آلودگی سے بچانے کے بہترین طریقے

3,905

ماحول کی آلودگی جلد پر گہرا اثر ڈالتی ہے۔عمر کے ساتھ ساتھ جلد کا کھنچاؤ اور نمی کم ہوتی جاتی ہے،لیکن جلد کی آلودگی بھی جلد کو خراب کرنے کی اہم وجہ ہے۔کیوں کہ فضا میں موجود ٹاکسنز چہرے گردن اور ہاتھوں کی جلد کووقت سے پہلے بوڑھا کر دیتی ہے۔فضا میں موجود آلودگی ،گرد اور دھندجلد کے مسام بند کر دیتی ہے،اور جلد بد رونق ہو جاتی ہے۔ آلودہ فضا میں ذیادہ دیر رہنا جلد کی الرجی،استھما اورایگزیما کا باعث بنتا ہے۔آلودہ ہوا جلد میں داخل ہوکرنمی کو ختم کرتی ہے جس سے جلد خشک ہو جاتی ہے اور جلد پر دھبے نمودار ہو جاتے ہیں۔جلد سیاہی مائل اوربد رونق ہوجاتی ہے اور جھریاں پڑ جاتی ہیں۔

ہوا کی آلودگی ہمیں نظر آتی ہے اس لئے ہم اس سے بچنے کی بھی کوشش کرتے ہیں۔لیکن پانی کی آلودگی سے ہم واقف نہیں ہوتے ۔پانی میں موجود کلورین ہماری جلد کو نقصان پہنچاتی ہے۔ ضروری ہے کہ جلد کو کلورین سے ہونے والے نقصان سے بچانے والی مصنوعات کا استعمال کیا جائے اس کے علاوہ پانی کو فلٹر کر کے پیا جائے اور سوئمنگ پول میں بھی کم وقت کے لئے جایا جائے۔

جلد کو خوبصورت بنانے کے لئے بہت ساری مصنوعات مارکیٹ میں دستیاب ہوتی ہیں،یہ چیزیں بھی جلد کو آہستہ آہستہ نقصان پہنچاتی ہیں۔جلد کی اوپری سطح ماحول کی آلودگی کی وجہ سے متاثر ہوتی ہے۔جلد کو آلودگی سے بچاکر صحت مند بنانا کچھ مشکل نہیں۔کچھ باتیں اپنا کرآپ اپنی جلد کو صحت مند اور چمکدار بنا سکتے ہیں۔

*جلد کو صاف رکھئے

جلد کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔صفائی جلد کی حفاظت کا اہم ذریعہ ہے۔صفائی کے لئے ایسی کلینزنگ کریم استعمال کریں جو آپ کی جلد کے لئے مناسب ہو۔کلینزنگ جلدسے گرد ،آلودگی اور چکنائی کو صاف کرتی ہے جو جلد کے مسام بند کرنے کا باعث بنتی ہے۔کلینزنگ جلد کو داغ دھبوں سے نجات دلاتی ہے۔لیکن اس بات کا خاص خیال رکھئے کہ جلد کے لحاظ سے کلینزر استعمال کیا جائے۔خشک جلد کے لئے کریمی فیشل کلینزر استعمال کریں۔حساس جلد کے لئے الکوحل سے پاک کلینزر استعمال کریں جبکہ چکنی جلد کے لئے ایسیڈک فیشل کلینزر فائدہ مند ہے۔

*پانی ذیادہ پیئں

پانی جلد میں جمع ہونے والی ٹوکسن کو باہر نکالنے میں مدد دیتا ہے۔اور خلیوں کو ضرورت کے مطابق غذا حاصل کرنے کے قابل بناتا ہے۔ذیادہ مقدار میں پانی پینے سے نظام ہضم درست رہتا ہے۔جلد کے لئے نمی ضروری ہے۔ذیادہ پانی کا استعمال پسینے کے اخراج سے کم ہونے والی نمی کو برقرار رکھتے ہوئے جلد کو تروتازہ اور نرم وملائم بناتا ہے۔

*اومیگا تھری کا استعمال

یہ فیٹی ایسڈ جلد کی اوپری سطح پر ایسے خلیے بناتے ہیں جو جلد میں چمک کا باعث بنتے ہیں۔اس کے علاوہ یہ خلیے جلد کو آلودگی اور مضر شعاؤں سے محفوظ رکھتے ہیں۔اومیگاتھری اور اومیگا سکس فیٹی ایسڈجلد کے لئے بہترین ہیں۔اومیگا سکس انڈہ ،مرغی،گوشت،اناج اور بیجوں میں پایا جاتا ہے۔جبکہ اومیگا تھری مچھلی ،اخروٹ ،لوبیہ اور پالک میں ہوتا ہے۔اومیگا تھری کا استعمال آپ کی جلدکو ناصرف اوپر سے خوبصورت بناتا ہے بلکہ اندرونی طور پر بھی صحت مند رکھتا ہے۔

*سن اسکرین کا استعمال کریں

ذیادہ وقت دھوپ میں رہنے کی وجہ سے جلد سیاہ ہونے لگتی ہے،اس کی نرمی ختم ہوجاتی ہے اور جھریاں پڑنے لگتی ہیں۔سن اسکرین جلد کو مہلک بیماریوں سے بچاتا ہے،اسکے علاوہ دھوپ کی وجہ سے پڑنے والی جھریوں سے بھی محفوظ رکھتاہے۔

*وٹامن سی اور وٹامن ای

وٹامن سی اور وٹامن ای جلد پر ہونے والے کیمیائی اثرات کوکم کرتے ہیں۔یہ دونوں وٹامنز پھل،سبزیوں،سی فوڈ اور ککنگ آئل میں پائے جاتے ہیں۔وٹامن سی جلد کو نرم وملائم رکھتا ہے۔یہ اناج، سیب،موسمی،کینو وغیرہ میں پایا جاتا ہے۔جبکہ وٹامن ای جلد کوخراب ہونے سے بچاتا ہے،وٹامن ای گیہوں،سرسوں پالک اور مونگ پھلی میں پایا جاتا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...