دہی سے جلد گوری اور خوبصورت بنانے کے ٹوٹکے

6,744

دہی پروٹین، کیلشیئم ، وٹامنزاور پری بائیو ٹکس سے بھرپور ہے ۔ اسے ایک صحت بخش غذا کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے جس سے جسم کو بے پناہ فوائد حاصل ہوتے ہیں ۔ جسم کے دیگر اعضا کے ساتھ ساتھ یہ جلد کی صحت کے لیے بھی بے حد مفید ہے ۔ دہی میں لیکٹک ایسڈ موجود ہوتا ہے جو جلد کو جوان ترو تازہ رکھتا ہے ۔ اس سے جلد نرم و ملائم ہوجاتی ہے ۔ دہی سے کیل مہاسے بھی ختم ہوتے ہیں اور رنگت صاف ہوتی ہے ۔ دہی کو اس کی خالص اور اصل شکل میں استعمال کیا جائے تو اس میں موجود غذائی اجزا جلد کو پر کشش اور صحت مند بنا دیتے ہیں ۔

جلد کے حسن و دلکشی کے لیے دہی کھانے کے علاوہ چہرے پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ جلد خوبصورت بنانے کے لیے دہی کو مندرجہ ذیل طریقوں سے استعمال کرکہ دیکھیں:

اسکن وائٹننگ

جلد پر دہی کے باقائدگی سے استعمال سے جلد چمک دار ہو جاتی ہے اور جھائیاں دور ہو جاتی ہیں ۔ اسکن وائٹننگ کے طور پر دہی کو استعمال کرنے کے لیے ایک سے دو چھوٹے چمچ دہی میں چند قطرے لیمبو یا نارنجی کے جوس کے شامل کر دیں ۔لیمبو یا نارنجی کے عرق میں موجود سٹرک ایسڈ جلد کو قدرتی رعنائی مہیا کرے گا ۔

قدرتی موائسچرائزر

جلد کو نرم و ملائم بنانے کے لیے 4بڑے چمچ دہی میں 1چھوٹا چمچ کوکو پاؤڈر اور 1چھوٹا چمچ شہد شامل کریں ۔ اب اس ماسک کو چہرے پر بیس منٹ کے لیے لگا لیں ۔ پھر ہلکے گرم پانی سے چہرہ دھو لیں ۔
اس کے علاوہ دہی میں مسور کی دال کا پاؤڈر اور نارنجی کے چھلکوں کا مکسچر ہم وزن ملا کر لگایا جا سکتا ہے ۔ اسے 15منٹ کے لیے لگا رہنے دیں ۔اگر جلد زیادہ خشک ہو تو تھوڑا شہد بھی شامل کر لیں ۔ جلد نرم ہونے کے ساتھ ساتھ چمکدار بھی ہو جائے گی ۔

مردہ خلیات ہٹانے کے لیے اسکرب

دہی سے ایک زبردست اسکرب تیار کیا جا سکتا ہے ۔ دہی میں موجود اسکربنگ خصوصیات کی وجہ سے اس کا مساج کرنے سے جلد کے مردہ خلیات صاف ہو جاتے ہیں ۔ دہی میں چاول کا پاؤڈر ملا کر گاڑھا سا پیسٹ بنا لیں ۔ اس سے چہرے پر گولائی میں مساج کریں ۔ تھوڑی دیر مساج کرنے کے بعد ٹھنڈے پانی سے دھولیں ۔ چاول کی جگہ جو کا آٹا بھی شامل کیا جا سکتا ہے ۔

کیل مہاسے دور کرنے کے لیے

جلد سے کیل مہاسے ختم کرنے کے لیے صرف دہی بھی استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ دہی کا گاڑھا سا پیسٹ چہرے پر لگا کر بیس منٹ کے لیے چھوڑ دیں ۔ کچھ دیر بعد منہ دھو لیں ۔
دہی کے پیسٹ میں ہلدی پاؤڈر، چینی اور سندل پاؤڈ ر بھی شامل کر سکتے ہیں ۔ اس پیسٹ سے جلد کا مساج کریں ۔ پندرہ منٹ بعد ٹھنڈے پانی سے منہ دھو لیں ۔

آنکھوں کے نیچے ہلکے

تھکن کی وجہ سے آنکھوں کے نیچے ہلکے پڑجاتے ہیں ۔ ان کو دور کرنے کے لیے دہی کی پتلی سی تہہ آنکھوں کے نیچے لگا دیں ۔ ہلکی سی خشک ہوجانے پر روئی کی مدد سے پونچھ لیں اور سو جائیں ۔ اس عمل کو ایک ہفتے تک روزانہ سونے سے پہلے کرکہ دیکھیں ۔ آپ کے ہلکے ختم ہوجائیں گے ۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...