منہ کی بدبو سے چھٹکارا پانے کے ٹوٹکے

11,439

منہ سے ناخوشگوار سانس کاا خراج اگرچہ ایک معمولی مسئلہ ہے تاہم اکثر اوقات یہ کافی پریشانی کا باعث بن جاتا ہے

منہ سے بدبو آنے کے کئی اسباب ہیں جن میں مضر صحت غذاؤں کا استعمال کھانے پینے میں بے قاعدگی، الکوحل اور سگریٹ نوشی کا بکثرت استعمال، جسم میں پانی کی کمی، مسوڑھوں کا سوجنا، دانتوں میں خلا پیدا ہوجانا، پائیوریا (مسوڑھوں میں پیپ پڑجانا)، گلے کا انفیکشن، سانس کا مسئلہ، آنتوں میں کیڑے، قبض اورمعدے سے متعلقہ دوسری بیماریاں شامل ہیں۔ جگر اور گردوں کی خرابی بھی منہ کی بدبو کا سبب بن سکتی ہے۔

اس کے علاوہ کچھ غذائیں مثلاًپیاز، لہسن اور پروٹین سے بھرپور غذائیں جیسے کہ بڑا گوشت، مچھلی اور پنیر وغیر ہ بھی اس مسئلے کو سنگین بنادیتی ہیں۔ناخوشگوار بدبو سے نجات کے لیے کچھ گھریلو نسخے پیش ہیں جو یقیناًبے حد کار آمد ثابت ہوسکتے ہیں۔

* میتھی کی چائے منہ کی ناخوشگوار بو کے لیے بہترین گھریلو نسخہ ہے۔ ایک چائے کا چمچ میتھی کے بیجوں کو ایک کپ پانی میں ڈال کر پانچ منٹ تک ابالیں جب بیج نرم پڑجائیں تو اسے پندرہ منٹ تک ٹھنڈا ہونے دیں پھر چھان کر اس پانی کو ماؤتھ واش کے طورپر استعمال کریں۔
* نیم گرم پانی میں تھوڑا سانمک شامل کرکے اس سے غرارے کریں۔ نمک میں موجود عناصر منہ سے مردہ خلیوں کو نکال کر سانسوں کی بدبو کو ختم کرنے میں مدددیتے ہیں۔
* دن بھر منہ کا خشک رہنا بھی ناخوشگوار بدبو کا سبب بنتا ہے۔ اس لیے منہ کو نم رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ وافر مقدار میں پانی پیا جائے اگر آپ زیادہ پانی نہیں پی سکتے تو ایک ایک گھونٹ پانی پئیں تاکہ منہ تروتازہ رہے اس کے علاوہ منہ کو بغیر شکر والی چیونگم یا پھر تازہ پودینے کی پتیاں چباکر بھی نم رکھا جاسکتا ہے۔ وہ لوگ جو بہت کم پانی پیتے ہیں وہ بھی اس مسئلے کا شکار نظر آتے ہیں۔
* میٹھے سوڈے کا استعمال منہ کو ترو تازہ رکھنے کے لیے نہایت فائدہ مند ہے۔ سوڈا نہ صرف منہ کی تیزابیت کو کم کرتا ہے بلکہ منہ میں بیکٹیریا کی نشوونما کو بھی روکنے میں مدد دیتا ہے۔ تھوڑی سی مقدار میں سوڈا لے کر اس سے دانتوں کو برش کریں یا پھر میٹھے سوڈے اور ہائیڈروجن پرآکسائیڈ کا پیسٹ بنالیں لیکن اس بات کا خیال رکھیں کہ ہائیڈروجن پر آکسائیڈ کے ایک چمچ میں دو چمچ پانی شامل کرکے استعمال کریں تاکہ دانتوں پرا س کے سخت اثرات مرتب نہ ہوں۔
*دس بارہ نیم کے تازہ پتوں کو ایک گلاس پانی میں اُبال کر چھان لیں۔ پانی ٹھنڈا ہونے پر اس سے غرارے کریں نیم چونکہ جراثیم کش خصوصیات رکھتا ہے اس لیے اس کا باقاعدہ استعمال منہ سے بدبو کو ختم کردیتا ہے۔
* کچے امرود کا استعمال منہ سے بدبو دور کرنے کے لیے بہترین ہے۔ امرود میں حیرت انگیز اجزا فاسفورس ایسڈ، کیلشیم اور میگنیز شامل ہوتے ہیں اس لیے امرود کو چبانا دانتوں اور مسوڑھوں کے لیے شاندار ٹانک کا کام دیتا ہے یہ نہ صرف مسوڑھوں سے خون رسنے کوروکتا ہے بلکہ سانس کی ناخوشگوار بو کوبھی ختم کردیتا ہے ۔امرود کی نرم اورتازہ پتیاں چبانے سے منہ کی بدبو ختم ہوجاتی ہے۔
*منہ کو تروتازہ اوربدبو سے پاک رکھنے کے لیے لیموں کا استعمال بے حد مفید ہے۔ آدھا لیموں لیں اوراسے آہستگی کے ساتھ دانتوں اور مسوڑھوں پر رگڑیں۔ لیموں میں پایا جانے والا طاقتور جز وٹامن سی منہ کے اندرونی ریشوں کو سکیڑ کر ان سے زہریلے عناصر کو باہر نکال دیتا ہے جن سے دانت اورمسوڑھے مضبوط ہوتے ہیں۔
*دہی کا باقاعدہ استعمال منہ اور سانس کو تروتازہ اورخوشگوار رکھتا ہے۔ روزانہ چھ اونس دہی کا استعمال منہ میں بدبو پیدا کرنے والے کمپاؤنڈ ہائیڈروجن سلفائیڈ کے لیول کو کم کردیتا ہے ۔کچھ ہفتے تک دہی کا باقاعدہ استعمال منہ کی بدبو کو مکمل طورپر ختم کردیتا ہے۔
* اگرمنہ سے بدبو گلے کی خرابی کی وجہ سے آرہی ہوتو ایک گلا س نیم گرم پانی میں چند قطرے شہد اور لیموں یا لونگ کے تیل کے شامل کرکے اس مکسچر سے غرارے کریں اور تھوڑا سا پانی نگل لیں۔
* سبز چائے انسان کی تھکاوٹ دور کرنے کے ساتھ ساتھ منہ کی بدبو کو بھی ختم کردیتی ہے Webmo کے مطابق2003ء میں کی جانے والی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ چائے30 فیصد تک بیکٹیریا کی نشوونما کو کم کرنے کی کوشش کرتی ہے محققین نے دو تحقیقات کیں، جس میں دونوں چائے کا استعمال بیکٹیریا سے مزاحمت کرنے کے لیے پر اثر ثابت ہوتا ہے جبکہ بلیک ٹی دانتوں میں خلا، پلیگ اور منہ سے بدبو کو ختم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔
* ترش یا تیزابی خصوصیات کے حامل پھل بدبو دار سانس کو ختم کرنے میں مدد دیتے ہیں، ان پھلوں میں شامل قدرتی ایسڈ منہ میں موجود لعاب کی پیداوار کو سرگرم کرتاہے اور سانس کو تروتازہ رکھنے کے ساتھ ساتھ مردہ سڑے ہوئے خلیوں کو بھی باہر نکال دیتے ہیں جومنہ میں بدبو پیدا کرنے کا سبب بنتے ہیں۔
* دو کپ پانی میں تین لونگ شامل کرکے ابالیں اورچھان کر ماؤتھ واش کے طورپر دن میں دومرتبہ استعمال کریں۔منہ کی بدبو کو ختم کرنے میں نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔
* بے شمار خصوصیات کی حامل سونف نظام ہاضمہ کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ منہ کی بدبو کو بھی ختم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ پورے دن میں کم ازکم ایک یا آدھا چائے کا چمچ سونف ضرور چبائیں۔ اس کے علاوہ سونف سے بنی ہوئی چائے کو ماؤتھ فریشنر کے طورپر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
* ا الائچی میں ایک کمپاؤنڈCineol پایا جاتا ہے، جو مسوڑھوں کے مرض کوکم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔کھانے کے بعد اگر الائچی کے چند دانوں کو چبالیا جائے تو منہ اور سانس دونوں خوشگوار اور تروتازہ رہیں گی۔
* ایک گلاس پانی کو ابالیں۔ جب پانی کھولنے لگے تو اس میں سوڈا شامل کرلیں اب اسے ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں جب پانی ٹھنڈا ہوجائے تو اس میں گلیسرین، ایلو یرا جیل اورپودینہ شامل کردیں اسے اچھی طرح مکس کرنے کے بعد چھان کر ماؤتھ واش کے طورپر استعمال کریں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...