دادی جان کے دیسی ٹوٹکے

19,060

آج کل شہر میں بیوٹی پارلرز کا اتنا جال پھیلا ہوا ہے کہ آپ گھر سے نکلیں تو ہر دو قدم پر ایک بیوٹی سیلون یا پارلر موجود ہے اور اکثر خواتین ان پارلزر کی سر وسز لینے کی اتنی عادی ہو چکی ہیں کہ ان کا اب ان سیلونز جائے بغیر کام نہیں چلتا ،لیکن ان پارلرز یا سیلون کے ہر سروس کے اتنے زیادہ چارجز ہوتے ہیں کہ ہر خاتون اس کو برداشت کرنے کی ہمت نہیں کر پاتی ،لیکن ٹہرئیے ! مایوس نہ ہوں حسین نظر آنا آپ کا پیدائشی حق ہے اس لئے آپ حسین نظر آئیں اس کے لئے ہم نے آپ کے لئے کچھ گھریلو اور آسان ٹوٹکے یکجا کئے ہیں ان کو استعمال کر کے آپ بھی ان خواتین کی طرح ہی خوبصورت نظر آسکتی ہیں جو باقاعدہ پارلرز کے چکر لگاتی ہیں۔

چہرے سے فالتو بال ختم کرنا :

بیسن کو پانی میں گھول کر چہرے پر لگائیں،جب یہ ہلکا خشک ہو جائے تو اسے ہاتھ کی مدد سے کھرچ کر اتار لیں ۔اس سے بال جڑ سے نکل آئیں گے۔
پانی میں نمک ڈال کر سوتی کپڑے سے اسے چہرے پر ملیں ،تقریباًایک ہفتے کے باقاعدہ استعمال سے بال ختم ہو جائیں گے۔

گردن کی سیاہی دور کرنا:

گردن کی سیاہی یا داغ دھبے دور کرنے کے لئے شہد، لیموں ،ہلدی،کا پیسٹ بنا کر گردن پر لگائیں ،اس سے سیاہی اور داغ دھبے ہی دور نہیں ہوں گے بلکہ گردن گوری بھی معلوم ہو گی۔

آنکھوں کے حلقے دور کرنے کے لئے :

آنکھوں کے گرد حیاتین (ای)کا تیل لگائیں حلقے ختم ہو جائیں گے ۔
ایک عددکیلا ،ایک پاؤ پپیتا،ایک پاؤ امرود ،تینوں کی چاٹ بناکر روزانہ استعمال کریں ۔
لیموں کے عرق میں روغنِ چنبیلی کے چند قطرے ملا کر رات کو سونے وقت آنکھوں پر لگانے سے حلقے دور ہوتے ہیں۔
آلو کے ٹکڑے کو کدو کش کرنے کے بعد ململ کے کپڑے میں باندھ کر تقریباپندرہ منٹ آنکھوں پر رکھنے سے بھی سیاہ حلقے ختم ہو جاتے ہیں ۔
ململ کے کپڑے پر نارنگی کا تازہ رس لگا کر آنکھوں پر رکھنے سے بھی حلقے ختم ہو جاتے ہیں ۔

سر سے جوئیں ختم کرنے کے لئے :

سر سے جوئیں ختم کرنے کے لئے تلسی کے پتے منگوائیں،تھوڑے سے پتے پانی سے دھو کر پیس لیں ،پھر رات میں بالوں کی جڑوں میں لگا کرکپڑا باندھ کر سو جائیں۔دوسرے دن صبح کپڑا ہٹا کر سوکھے ہوئے پتوں کو جھاڑ لیں،اورکنگھی کرلیں ۔تھوڑے سے نیم کے پتے اُبال کر ایک بالٹی پانی بنائیں اور اس سے سر دھوئیں ،تلسی کے پتوں کی تاثیر ہے کہ جوئیں دوبارہ نہیں پڑتیں۔
شیمپو بالوں میں لگائیں پھر نل کی دھار کھول کر کنگھی کرتے رہیں،پانی ڈالتے رہیں جب شیمپو بالکل صاف ہو جائے تو ایک چوتھائی چائے کا چمچہ زیتون کا تیل ،دو قطرے لیموں کے ملا کر گیلے بالوں کی جڑوں میں لگا کر گرم پانی میں تولیہ بھگو کر نچوڑ کر بالوں میں لپیٹ دیں ،کچھ دیر بعد تولیہ ہٹا کر بالوں کو خشک کر کے باندھ دیں،ایک دو دفعہ یہ عمل دہرانے سے جوؤں سے زندگی بھر کے لئے نجات مل جائے گی۔

چہرے کے دانوں کے لئے:

اگر آپ کے چہرے پر بڑا سا دانہ نکل آئے اور آپ رات بھر میں اسے ٹھیک کرنا چاہیں تو دانے کے اوپر ٹوتھ پیسٹ لگائیں اور پانچ منٹ سے دس منٹ تک لگا رہنے دیں پھر اپنا چہرہ دھوئیں ،پھر کوئی اچھا سا موئسچرائزر استعمال کریں تاکہ دانے کے اندر سے گندگی صاف ہو جائے۔
بیکنگ سوڈے میں ذرا سا پانی ملا کر گاڑھا سا مکسچر بنائیں اور اسے چہرے پر لگائیں کچھ دیر میں نیم گرم پانی سے چہرہ دھولیں ۔
چہرے پر نکلنے والے دانوں کوبار بار ہاتھ نہ لگائیں ،پانی زیادہ سے زیادہ پئیں اور میک اپ کم سے کم استعمال کریں۔

سانس کی بیماری کے لئے :

ایک چھوٹی پیازکا رس اور ایک بڑی الائچی کو توے پر بھون کر اس کے دانے نہار منہ کھالیں ،سانس کی بیماری کے لئے انتہائی مفید ہے۔

ہاتھ پاؤں کو نر م و ملائم کرنے کے لئے:

ایک بڑا چمچ گلیسرین ،آدھی بوتل عرقِ گلاب،لیموں کا رس 3بڑے چمچ ملا کر رکھ لیں،اور ہر روز رات کو باقاعدگی سے لگائیں ۔

موٹاپے کے لئے:

میتھی دانہ،ایک پاؤ،کلونجی ایک پاؤ،سبز چائے ایک پاؤ،چھلکا اسپغول ایک پاؤ ،چاروں کو باریک پیس لیں ۔دن میں چار مرتبہ آدھا چمچ، پانی کے ساتھ کھالیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...