بے بی آئل سے خوبصورتی میں اضافہ کیجئے

22,429

بچوں کی نازک جلد کی حفاظت کے لیے بے بی آئل کا استعمال کیا جاتا ہے۔ بے بی آئل کی خصوصیت یہ ہے کہ بڑے بھی اس کااستعمال کرسکتے ہیں جس طرح یہ بچوں کی نازک جلد کے لیے ہلکا ہوتا ہے اس طرح بڑوں کی جلد کے لیے بھی مختلف طریقوں سے مفیدہوتا ہے۔
بے بی آئل کے کچھ استعمال جو خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں۔

جلد کو نمی فراہم کرتا ہے:

نہانے کے بعد جسم پر بے بی آئل لگا کر چھوڑ دیا جائے اور اسے تولیے سے صاف نہ کیا جائے تو پورا دن جلد کی نمی برقرار رہے گی۔ اسی طرح سردیوں میں بھی اگر آپ نہ بھی نہائیں تو بے بی آئل میں برابر کی مقدار میں پانی ملاکر جلد پر ملیں اس سے جلد نرم و ملائم اور نمی سے بھرپور رہے گی۔

انڈر آئی جیل کے طور پر استعمال کریں:

رات کو سونے سے پہلے آنکھوں کے حلقوں پر انگلی کی مدد سے بے بی آئل لگائیں ۔ ۱۔۲ منٹ کے لیے مساج کریں پھر ٹشوسے صاف کرلیں۔

میک اپ صاف کرنے کے لیے :

سونے سے پہلے میک اپ کو مکمل طور پر صاف کرنے کے لیے صاف کاٹن پر بے بی آئل لگا کر چہرہ اور گردن صاف کرلیں ۔ اور پھر ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔ نرم کاٹن کے تولیے سے خشک کرلیں۔

پھٹے ہوئے ہونٹوں کے لیے:

پھٹے ہونٹوں کو اسکرب کرنے کے لیے بے بی آئل سے بہتر کوئی چیز نہیں ۔ اسکربر بنانے کے لیے ایک چائے کا چمچ بے بی آئل میں آدھا چائے کا چمچ شکر اور چند قطرے لیموں کا رس ملائیں ۔ اس مکسچر کو ہونٹوں پر نرمی کے ساتھ ملیں۔ روزانہ رات کو سونے سے پہلے کریں چند ہی دنوں میں آپ کے ہونٹ نرم اور گلابی ہوجائیں گے ۔ اگر کہنیاں کالی ہوں تو یہ مکسچر کہنیوں پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے ۔

پھٹی ایڑھیوں کے لیے :

اگر آپ کی ایڑھیاں پھٹ جاتی ہیں تو ان پر بے بی ئل لگا کر موزے پہن لیں ۔ نہانے کے بعد اور رات کو سونے سے پہلے بھی بے بی آئل پیروں پر لگایا جاسکتا ہے ۔ اگر روزانہ استعمال کیا جائے تو ایڑھیاں کبھی نہیں پھٹیں گی۔

کیوٹیکل کو صاف کرنے کے لیے :

کیوٹیکل کو صاف کرنے کے لیے کیوٹیکل آئل خریدنے کی ضرورت نہیں اس کی جگہ بے بی آئل لگائیں اور ناخنوں کے کیوٹیکل صاف کریں۔ مینی کیور کرتے وت بے بی آئل سے ہاتھوں کا مساج کریں کیوٹیکل ہٹانے کا سب سے آسان طریقہ ہے۔

آئی بروز کو شیپ دینے کے لیے :

آئی بروز کو شیپ دینے کے لیے آئی برو برش بے بی آئل سے گیلا کریں اور اس پر ہلکا سا آئی شیڈ لگا کر آئی بروز کو اپنی پسند کا شیپ دیں۔

روکھے بالوں کے لیے :

سردیوں کے موسم میں بالوں کا روکھا ہونا عام بات ہے ۔ روکھے بالوں کے لیے ٹشوپر بے بی آئل لگا کر روکھے بالوں پر پھیریں اور پھر بال بنائیں۔ بے بی آئل براہ راست بالوں پر نہ لگائیں کیونکہ اس سے بال بہت چکنے ہوجائیں گے۔
اپنی جلد کی حفاظت کے لیے دوسری چیزوں کے ساتھ بے بی آئل ضرور خریدیں ۔ بے بی آئل آپ کے پاس ہوگا تو آپ اس سے جلد اور بالوں کے بہت سے مسائل حل کر کے جلد اور بالوں کوخوبصورت بناسکتے ہیں۔

مزید جانئے :جلد کو بیبی سافٹ رکھنے کے10 طریقہ


شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...