گھر میں پیڈی کیور کے آسان طریقے

19,676

پیر ہمارے جسم کا سب سے زیادہ نظر انداز کئے جانے والے حصے ہیں ،جب کہ پیر ہی ہوتے ہیں جو کہ تمام عمر انسان کے پورے وجود کا بوجھ اٹھاتے ہیں ،ایک عام آدمی ایک دن میں تین ہزار سے دس ہزار قدم اٹھاتا ہے اور اپنی تمام عمر میں ۷۷ ہزار میل کا فاصلہ طے کرتا ہے ۔
لمبا فاصلے طے کرنے یا زیادہ پیدل چلنے کے باعث نہ صرف پاؤں تھکتے ہیں بلکہ اکثر پیروں سے بدبو آنا اور رنگ خراب ہونے کی بھی شکایت پیدا ہو جاتی ہیں پیروں کے کئی مسائل کا حل صرف دواؤں کا استعمال نہیں بلکہ فٹ باتھ یا پھر پیڈی کیور کے ذریعے پیروں کو خوبصورت بنایا جا سکتا ہے

پانی میں پیر وں کو بھگونا

(۱) لمبا سفر طے کر کے واپسی پر اپنے پیروں کو نمک ملے پانی میں تھوڑی دیر کے لئے بھگو دیں اس پانی میں بورک پاؤڈر یا ایلم بھی ڈال دیں اور کم از کم دس منٹ تک اپنے پاؤں پانی میں رکھیں اور صاف تولیے سے آہستہ آہستہ رگڑ کر صاف کر لیں اوران پر تھوڑا سا پاؤڈر لگا لیں
(۲) اگر آپ کے پیروں سے بدبو آنے کی شکایت ہے تو فٹ باتھ کے وقت پانی میں عرق گلاب ،لونگ کا تیل یا لیوینڈر کے تیل کے چند قطرے بھی شامل کر دیں
(۳) اگر آپ سر درد یا دماغی ٹینشن سے فوری نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو تھوڑے سے تیز گرم پانی میں تازہ ادرک ،یا لیموں کا عرق ملا کر اس پانی میں پاؤں ڈالیں ۔
(۴) اگر آپ کی ایڑھی اور انگلیوں کے پاس کی کھال سخت اور بے جان ہوگئی ہے اور آپ کے پیر بد نما نظر آنے لگے ہیں تو کیسٹر آئل اور لیموں کا رس برابر مقدار میں لے کر اس سخت جگہ پر اور اس کے آس پاس مساج کریں اور اس کے پاس بائی کاربو نیٹ سے ملے نیم گرم پانی سے پیروں کو دھو لیں ۔
(۴) فنگل اور بیکٹیریل مسئلہ ہونے کی صورت میں کچلا وا ادرک اور سرکہ ملے ہوئے پانی میں پیر ڈالیں
(۵) ۔ اپنے پیروں کو جلن اور ٹیسوں سے محفوظ کرنے کے لئے ،چائے کی پتی اور تلسی کے پتوں کو پانی میں ٖڈال کر ابال لیں اور پھر پانی کو تھوڑا تھوڑا کر کے پیروں پر ڈالتے رہیں

ناخنوں کی صفائی

ناخن کاٹ کر برابر کر لیں ۔پیروں کے ناخن لمبے نہیں ہونے چاہییں ۔بہترین شیپ چوکور نما شکل ہے ،اور فائلنگ کوٹوں سے درمیان کی جانب کی جانی چاہئے ۔
اگر آپ کے ناخن کے گرد کی جگہ سخت ہے تو پانی میں دیر تک پاؤں بھگوئیں اور ناخن کے آس پاس کی جلد کو کیوٹکل پشر سے پیچھے دھکیلیں ،ناخن صاف کر کے ان کے نیچے سے گر مٹی صاف کر لیں ۔

تلوؤں کا ٹریٹمنٹ

پیر کے تلوؤں کو جھانوے سے رگڑیں ،جھانوے سے صفائی کے دوران اس کو پانی میں ڈبوتی رہیں ،دونوں پیروں کے ساتھ باری باری یہ عمل کریں

پیروں کا مساج

کوئی بھی موائسچرائزنگ کریم یا سردیوں والا لوشن پیروں پر اچھی طرح ملیں ،مساج سے خون کا دوران بڑھتا ہے جو پیروں کی صحت اور حرکت کے لئے ضروری ہے ۔

پھٹی ہوئی ایڑھیوں کا علاج

ناخنوں اور تلوؤں کے نارمل ٹریٹمنٹ کے بعد پیٹرولیم جیلی یا ویسلین پھٹی ہوئی جگہوں پر لگائیں اور کاٹن کے موزے پہن لیں
آخر میں ہئیر ڈرائیر سے پیروں کو ۵ سے ۱۰ منٹ تک گرمی پہنچائیں ،پیروں کو ٹھنڈا ہونے دیں پھر موزے اتار دیں ۔اب جھانوے کو آہستگی سے ایڑیوں کو ملیں ،پھر خشک کھال کو روئی سے پونچھ کر الگ کر لیں اور اب پیروں پر فٹ پیک بنا کر لگائیں

فٹ پیک

دو چمچ ملتانی مٹی ،پانچ قطرے عرق گلاب ،پانچ قطرے زیتون کا تیل یا کوئی دوسرا تیل ملائیں ۔اس مرکب کو پیروں پر مل کر آدھے گھنٹے کے لئے چھوڑ دیں پھر پیر دھو ڈالیں

ورزش

اپنے پیروں کو دلکش بنانے اور اپنے پیروں پر دوبارہ کھڑے ہونے کے لئے چند ورزشیں ضروری ہیں ۔

۱۔ ایک بہترین ورزش ساحل کی ریت پر ننگے پیر پر چلنا ہے ،پانی کے نزدیک چلیں جہاں ریت گیلی ہوتی ہے ۔
۲۔ ایک بڑی کتاب پر تولیہ ڈھانک کر اپنے سامنے رکھ لیں ،پیر کتاب پر رکھ کر پنجے باہر نکال لیں ،انگلیوں کو موڑ کر تولیہ پکڑنے کی کوشش کریں ،اس طرح پنجے کے قریب موجود ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں اور انگلیوں کا شیپ بگڑنے سے محفوظ رہتا ہے ۔
۳۔ اپنے ہاتھ کی انگلیاں پیروں کی انگلیوں کے درمیان پھنسا لیں اب پیر نیچے جھکا کر اپنی جانب کھینچیں
پیروں کی روزانہ حفاظت
۱۔اگر آپ کے پیر روکھے ہیں یا ایڑیاں پھٹ رہی ہیں تو سونے سے قبل ان پر کولڈ کریم ،سروں کا تیل یا گلیسرین لگائیں
۲۔گھر میں ننگے پیر پھرنے سے اجتناب کریں
۳۔ ہر ہفتہ باقاعدگی سے پیروں کی دیکھ بھال اور پیڈی کیور سے لمبے عرصے تک پیروں کو صحت مند رکھ سکتی ہیں
۴۔ سخت جوتے پہننے سے اجتناب برتیں ۔آپ کے پیروں کے لئے بہترین جوتا وہ ہے جس میں آپ کو آرام محسوس ہو

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...