فیشل سے قبل 7چیزوں کی احتیاط ضروری ہے

23,774

فیشل کرانے سے نہ صرف جلد خوبصورت ہو جاتی ہے بلکہ یہ ذہن کو سکون بھی پہنچاتا ہے ۔ جلد کی صفائی کے لیے مہینے میں ایک سے دو بار فیشل کرانے کا مشورہ دیا جاتا ہے ۔ بعض اوقات فیشل کرانے سے چہرے پر سرخ دھبے پڑ جاتے ہیں اور کبھی کیل مہاسے نکل آتے ہیں۔ اس کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں ۔ فیشل کرانے سے پہلے چند باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے ۔ فیشل کے بعد من چاہے نتائج نہ ملنے کی وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ آپ نے فیشل سے پہلے چہرے پر کوئی ایسی چیز لگائی ہو جس کے بعد فیشل لینے سے چہرے پر کوئی ری ایکشن ہو گیا ہو ۔فیشل کے بعد چہرے کو خوبصورت و شاداب بنانے کے لیے فیشل کرانے سے پہلے ان سات باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔

فیشل سے پہلے ویکس نہ کرائیں

ویکس سے جلد کی سطح کھنچ جاتی ہے ۔ اس پر فوری مساج ہو تو جلد کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔ اگر آپ کو ویکس کروانی ہی ہے تو فیشل سے کم از کم چوبیس گھنٹے پہلے کرائیں۔

سورج کی شعاؤں سے دور رہیں

کڑی دھوپ میں زیادہ وقت گزارنے کے بعدفوراً فیشل نہ کرائیں۔ یوں تو فیشل سے سورج کی شعاؤں کے باعث جلد پر ہونے والی پگمنٹیشن ٹھیک ہو جاتی ہے لیکن فوری طور پر فیشل کرانا جلد کو نقصان بھی پہنچا سکتا ہے۔ سورج کی دھوپ جلد پر پڑنے کے بعد اسے نارمل ہونے کے لیے کچھ وقت درکار ہوتا ہے۔ اگر ایسا نہ ہو تو فیشل میں موجود اینٹی ایکنی اور اینٹی ایجنگ اجزا جلد پر منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں ۔

بوٹوکس کے فوراً بعد فیشل نہ کرائیں

بوٹوکس ابھی پاکستان میں اتنا عام تو نہیں ہوا جتنا کہ یورپی ممالک میں اس کا استعمال عام ہے لیکن پھر بھی کئی لوگ چہرے کی جھریاں اور جھائیا ں ختم کرنے کے لیے یہ طریقہ اپناتے ہیں ۔البتہ اس بات کا خیال رکھیں کہ بوٹوکس لینے کے 48گھنٹوں تک فیشل نہ لیں۔ جب چہرے پر کوئی انجیکشن لگتا ہے تو مساج سے انجیکٹڈ سیال جلد میں غلط طرف بھی جا سکتا ہے جس سے جلد کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔

فیشل سے پہلے چہرے پر کوئی تجربہ نہ کریں

چہرے کے کیل مہاسے دور کرنے یا چہرے کو کر نرم و ملائم بنانے کے لیے ہم اکثر گھریلو نسخے اور ٹوٹکے اپناتے ہیں۔ جس سے اکثر فائدہ بھی ہوتا ہے البتہ فیشل کرانے سے پہلے چہرے پر کسی بھی قسم کاٹوٹکا نہ آزمائیں ۔ چہرے پر ان ٹوٹکوں سے مسام بھر جاتے ہیں جس کے باعث کریم کو اندر داخل ہونے کی جگہ نہیں مل پاتی ۔

مصنوئی پلکیں نہ لگائیں

مصنوعی پلکوں کو چپکانے کے لیے لگائے جانے والی کریم یا گلو کو 48گھنٹوں تک ملا نہیں جاسکتا نہ ہی اسے بھاپ دی جا سکتی ہے ۔ مصنوعی پلکیں اتارنے کے فوراًبعد بھی پلکوں پر گلو لگا رہ جاتا ہے ۔ لہذا اس کے فورا بعد فیشل کرنا درست نہیں ہوگا۔

تیز کیمیکل والی کریم یالوشن چہرے پر نہ لگائیں

بعض کریموں میں گلائیکولک ایسڈ اور ریٹی نول جیسے اجزا موجود ہوتے ہیں جس سے جلد ایکسفولیئٹ ہوجاتی ہے ۔ فیشل کے بعد ہونے والے زیادہ تر ریئکشنز اسی وجہ سے ہوتے ہیں۔ اگر آپ کو معلوم نہیں کہ آپ کی کریم میں کون سے اجزا موجود ہیں تو احتیاط کے طور پر فیشل کے لیے نکلنے سے پہلے چہرے پرمحض کوئی بیبی لوشن ہی لگائیں ۔

چہرے پر کوئی زخم ہو تو فیشل نہ لیں

اگر چہرے کی جلد پر کوئی چوٹ یا زخم ہو گیا ہو تو جب تک وہ ٹھیک نہ ہو جائے تو فیشل نہ کرائیں ۔ فیشل کی کریموں میں موجود کیمیکلز چوٹ  یازخم کو مزید بگاڑ سکتے ہیں ۔

اگر ان تمام احتیاطوں کے بعد بھی چہرے پر کوئی ری ایکشن ہو جائے تو یا تو وہ فیشل آپ کی جلد کے لیے درست نہیں یافیشل کرنے کا طریقہ غلط ہے ۔ چہرے کی جلد بے حد حساس ہوتی ہے۔ اس کا خیال رکھنا ضروری ہے!

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...