آرٹیفیشل جیولری سے ہونے والی الرجی اور علاج

1,192

اکثر آرٹیفیشل جیولری پہننے سے اس کے آس پاس جلد پر الرجی ہوجاتی ہے۔ اس الرجی کی اصل وجہ جیولری میں نِکل کی موجودگی ہوتی ہے۔ جو اکثر جیولری میں شامل ہوتی ہے۔ نِکل سے ہونے والی الرجی کسی بھی وقت ہوسکتی ہے اس کے لیے ضروری نہیں کہ جیولری پہنتے ہی الرجی شروع ہوجائے ۔ الرجی کی وجہ خاص موسم یا جلد کی حساسیت بھی ہوسکتی ہے۔

الرجی شدید بھی ہوسکتی ہے:

کچھ لوگوں کو جیولری سے اتنی شدید الرجی ہوتی ہے کہ وہ جیولری پہن ہی نہیں سکتے ۔ زیور پہننا ہر عورت کا شوق ہوتا ہے لیکن شدید الرجی کی وجہ سے وہ ہر طرح کا زیور پہننے سے محروم رہتی ہیں۔

الرجی سونے اور چاندنی سے بھی ہوسکتی ہے:

الرجی سونے اور چاندنی کے زیور پہننے سے بھی ہوسکتی ہے ۔ اس کی وجہ بھی ان زیورات میں نِکل کی موجودگی ہے ۔ سونے اور چاندنی کو بھی زیورات بنانے کے لیے نِکل ملا کر سخت کیا جاتا ہے۔

موسم بھی الرجی کا باعث بنتا ہے:

جیولری سے اس وقت بھی الرجی ہوتی ہے جب بہت شدید گرمی ہو یا بہت زیادہ پسینہ آئے ۔ یہ پسینہ نِکل کے ساتھ ری ایکٹ کرتا ہے جس سے نِکل کا سالٹ بنتا ہے جو جلد پر اثر انداز ہوتا ہے اور جلد میں خارش ،جلن یا خون رسنے لگتا ہے جبکہ کانوں میں پہننے والی جیولری سے کانوں میں پس پڑنے لگتا ہے ۔

نیلا نشان پڑجانا:

جب انگوٹھی اتارتے ہیں تو اس کے نیچے نیلا نشان بنا نظر آتا ہے یہ بھی نِکل کی وجہ سے ہونے والی الرجی کی ایک قسم ہے۔ اس کے علاوہ سرخ دانے، چھالے یا چھوٹے چھوٹے نشان بھی الرجی کی نشانی ہے۔

ناک کان چھیدنے سے ہونے والی الرجی:

جب ہم سونے کے تار سے ناک یا کان چھیدواتے ہیں تو اس میں موجود نِکل الرجی کا باعث بنتی ہے اور لمبے عرصے تک مختلف الرجیوں کا باعث بنتی رہتی ہے ۔ اگر آپ کو جیولری سے الرجی ہوتی ہے تو ناک یا کان چھدواتے وقت اسٹین لیس اسٹیل کی اسٹرلائزڈ جیولری پہنیں اگرچہ اسٹیل میں نِکل شامل ہوتی ہے لیکن یہ اسٹیل کے درمیان اس طرح پیک ہوتی ہے کہ جلد پر اس کے اثرات نہیں پہنچ پاتے۔

اچھی طرح دھوئیں:

اگر آپ جیولری پہنے پہنے صابن کا استعمال کرتے ہیں تو ضرروی ہے کہ جلد پر لگے صابن کو اچھی طرح دھویا جائے کیونکہ جیولری کے نیچے رہ جانے والا صابن بھی الرجی کا باعث بنتا ہے۔ جیولری پہن کر نہانے دھونے میں اس بات کاخاص خیال رکھیں ۔ کام کاج کرتے وقت جیولری اتارنے کی عادت ڈالیں اور کوشش کریں کہ لمبے عرصے تک جیولری نہ پہنیں۔

نِکل سے بچنے کے طریقے:

۱۔ اسٹین لیس اسٹیل یا سنہرا گولڈ استعمال کریں کیونکہ وائٹ گولڈ میں نکل شامل ہوسکتی ہے۔
۲۔ پلاسٹک سے بنے چشمے کے فریم استعمال کریں۔
۳۔ گھڑی میں بھی چمڑے پلاسٹک یا کپڑے کا پٹہ استعمال کریں۔
اگر آپ نِکل سے بہت زیادہ الرجک ہیں تو نِکل والی غذاؤں سے بھی احتیاط کریں ان غذاؤں میں مچھلی اور چاکلیٹ شامل ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...