فضائی آلودگی آپ کے حسن کی دشمن

495

فضائی آلودگی ایک عالمگیر مسئلہ ہے ۔ا س سے صحت کے سنگین مسائل جنم لیتے ہیں ۔عالمی ادارہ صحت نے فضائی آلودگی کو انسانی صحت کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دے دیا ہے۔ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ بیرونی فضائی آلودگی چین اور بھارت جیسے ممالک کے لیے بڑا مسئلہ ہے جہاں تیزی سے صنعت کاری ہو رہی ہے۔کنگز کالج لندن کے ماحولیاتی تحقیقاتی گروپ کے ڈائریکٹر فرینک کیلی کا کہنا ہے کہ ’ہم سب کو سانس لینا ہوتا ہے اس لیے ہم اس آلودگی سے بچ نہیں سکتے۔ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی کی وجہ سے سانس کے ساتھ ہمارے پھیپھڑوں میں ایسے ننھے ننھے ذرات چلے جاتے ہیں جو بیماری کا باعث بنتے ہیں۔ سائنسدانوں کے خیال میں فضائی آلودگی دل کی سوجن کی وجہ بھی بنتی ہے جس کی وجہ سے دل کا دورہ پڑنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ ترقی پذیر ممالک میں مردوں کے مقابلے میں خواتین کے فضائی آلودگی سے متاثر ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہوا میں موجود مضر صحت مادے انسانوں میں سرطان کی اہم وجہ ہیں۔

سب جانتے ہیں کہ فضائی آلودگی انسانی صحت کے لیے کتنی خطرناک ہے ۔مگر اس کے کچھ نقصانات ایسے ہیں جو بہت کم لوگ جانتے ہیں ، اسی لیے وہ ان نقصانات کی وجہ آلودگی کے بجائے دوسری چیزوں کو ٹھہراتے ہیں ۔ آلودگی ہمارے چہرے کے لیے انتہائی مضر ہے ۔ مگر ہم عموماً اس کا ذمہ دار اپنی ڈائٹ، دھوپ ، نیند اور پانی کی کمی کو قرار دیتے ہیں ۔ اس کی ایک وجہ فضائی آلودگی بھی ہے ، مگر اس طرف دھیان بہت کم ہی جاتا ہے ۔

فضائی آلودگی کیا ہے ؟

امریکن اکیڈمی آف ڈرماٹولوجی کی ماہر جلد جولی روزاک کے مطابق آلودگی میں بنیادی طور پر دو چیزیں ہوتی ہیں ۔ ایک تو اس میں وہ انتہائی باریک ذرات ہوتے ہیں ،جو بظاہر دکھائی نہیں دیتے ۔ ان کا احساس چہرہ دھوتے وقت ہوتا ہے جب جلد سے سیاہ میل کی صورت میں یہ ذرات اترتے ہیں ۔ ان ذرات کے علاوہ آلودگی میں وہ چند گیسیں ہوتی ہیں ، جیسا کہ نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ،سلفر ڈائی آکسائیڈ،اور کاربن مونو آکسائیڈ وغیرہ ۔ یہیں گیسیں اور ذرات آلودگی کو جنم دیتے ہیں ۔ اوردیگر مسائل کے ساتھ جلد کے نقصان کا سبب بنتے ہیں ۔ سورج اور ہماری زمین کے درمیان فضا میں اوزون کی ایک قدرتی تہہ ہے ۔ جو گاڑیوں ،کیمیکل پلانٹ وغیرہ سے نکلنے والے دھویں سے روزانہ متاثر ہورہی ہے ۔ اوزون کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے سورج کی الٹراوائلٹ شعاعیں براہ راست زمین پر پڑ رہی ہیں ۔ یہ شعاعیں فضا میں موجود آلودگی کے ساتھ مل کر آپ کی جلد سے پروٹین اور قدرتی چکنائی کو کھینچ نکالتی ہیں۔ اس کی وجہ سے آپ کی جلد کی رنگت اڑ جاتی ہے اور چہرہ بے رونق نظر آنے لگتاہے ۔

آلودگی سے جلد کو کیا نقسان پہنچتا ہے ؟

فضائی آلودگی جلد کے خلیوں سے آکسیجن کھینچ لیتی ہے ۔ جس سے جلد بے رونق نظر آنے لگتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ آلودگی سے متاثر افراد کی جلد وقت سے پہلے بوڑھی ہوجاتی ہے ۔ جلد پر مسام بند ہوجاتے ہیں ۔ خارش ، سوزش،جلد اور الرجی جیسی شکایت عام ہوجاتی ہے ۔ اور یہ تو محض چندمسائل ہیں ۔ْ ڈاکٹر اینٹ کنگ کہتے ہیں کہ اگر ایک بار آپ کی جلد ضرورت سے زیادہ حساس ہوجائے تو اس پر بیرونی عوامل کا اثر بہت زیادہ ہونے لگتاہے ۔ عام لوگوں کے مقابلے میں جلن اور الرجی کی شکایت بڑھ جاتی ہے ۔ ڈاکٹر کنگ نے مزید بتایا کہ جلن اور سوزش کو بہت معمولی اور عا م سی بات سمجھا جاتا ہے لیکن تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ یہ مسائل کینسر ،امراض قلب اور زیابیطس جیسی خطرناک بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں ۔ آلودگی سے متاثرہ ملکوں میں جلد کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔ چہرے کی جلد چونکہ سب سے زیادہ حساس ہوتی ہے اس لیے آلودگی کا پہلا وار بھی چہرے پر ہی ہوتا ہے ۔

تو پھر اس کا حل کیا ہے ؟

اگر آپ کسی ایسے شہر میں رہتی ہیں جہاں آلودگی بہت زیادہ ہے تو پھر آپ کے لیے اس سے بچنا ممکن نہیں ۔ آپ اپنا دفاع صرف اسی صورت میں کرسکتی ہیں جب اس میل کو کلینزنگ کے ذریعے چہرے سے صاف کریں ۔ماہر جلد جولی روزاک کا مشورہ ہے کہ آپ کو دومرتبہ کلینزنگ کی ضرور ت ہے ۔ ایک کلینزنگ چہرے سے روز مرہ کی آلودگی کی اثرات ہٹانے کے لیے اور دوسری میک آپ صاف کرنے کے لیے ۔ سب سے پہلے کسی آئل کلینزر کے ذریعے چہرے کی صفائی کریں ۔اس کے بعد کوئی ہلکا پھلکا کلینزر لے کر اس سے بچا کچا میل صاف کرلیں۔اب یہ کیسے پتہ چلے گا کہ آپ کے چہرے کی کلینزنگ صحیح طریقے سے ہوئی ہے یا نہیں ؟ یہ پتہ چلے گا جلد کے مساموں سے ۔ ٹھیک سے کلینزنگ نہ ہونے کا یہ نظر آنا ثبوت ہے ۔ اگر آپ کے چہرے پر دانے وغیرہ نکل آئیں ۔خاص طو رپر ٹھوڑی ، نتھنے یا گالوں کے اوپر والے حصے پر ، تو سمجھ جائیں کہ جلد کے مسام بندہیں اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ کلینزنگ مناسب طور پر نہیں ہورہی ۔اس کے علاوہ پانی زیادہ سے زیادہ پئیں ۔ اس سے آپ کی جلد ہائیڈرینٹ رہے گی اور اس میں آلودگی سے مقابلہ کرنے کی قوت میں بھی اضافہ ہوگا۔

کچھ دیگر تجاویز

*۔اپنی خوراک کا خیال رکھیں۔ سبزیوں اور پھلوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں ۔کیونکہ سبزیوں اورپھلوں میں قدرتی طور پر ایسے اجزا موجود ہوتے ہیں ،جو جلد پرپڑنے والی منفی اثرات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔
*۔ورزش کریں۔ اس سے آپ کے جسم میں خون کی روانی بہتر ہوگی ۔اس کا فائدہ جلد پر بھی نظرآئے گا۔
*۔سگریٹ آلودگی ہی کی ایک قسم ہے ۔ چاہے آپ نہ پئیں ،مگر کسی اور کے دھویں سے آپ بھی متاثر ہوسکتی ہیں ۔سگریٹ کا دھواں جسم میں داخل ہوکرخون کی نالیوں کو سکیڑ دیتا ہے ۔ اس سے آپ کی جلد کو مناسب مقدار میں خون نہیں ملتا اوریوں جلد خون کے ذریعے ملنے والی آکسیجن اورغذائیت سے محروم ہونے لگتی ہے ۔اس لیے سگریٹ کے دھویں سے بھی دور رہیں ۔
*۔اپنے پرس میں صاف پانی کی ایک اسپرے بوتل ضرور رکھیں ۔جب بھی موقع ملے چہرے پر اسپرے کریں اور کسی ٹشو وغیرہ سے صاف کرلیں۔ چہرے کو خشک نہ چھوڑیں ۔ موائسچر ائرزکا استعمال کریں ۔
*۔سبز چائے میں اینٹی آکسیڈنٹس پایا جاتا ہے ۔ اس لیے ایک دو کپ سبزچائے ضروری پئیں ۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...