صحت مند ناخنوں کے لئے دس غذائیں

992

کیا آپ جانتے ہیں کہ ناخن کا بڑھا ہوا حصہ بے جان ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ ناخن کو تراشتے وقت تکلیف نہیں ہوتی۔مضبوط اورچمکیلے ناخن خوبصورتی کی علامتوں میں سے ایک علامت ہے۔لیکن ہم اس بات کو قطعی نظر انداز کردیتے ہیں کہ صحت مند ناخن کے لئے بھی مناسب غذا کی ضرورت ہوتی ہے۔غذائیت سے بھرپور چند اشیاء ناخن کی نشو نما کے لئے بہترین ثابت ہوتی ہیں۔پورے جسم میں ناخن کو سب سے آخر میں غذا پہنچتی ہے ۔اگر ناخنوں کو اچھی غذا نہ ملے تو وہ کمزور اور کڑک ہوکر ٹوٹنے لگتے ہیں۔

صحیح غذاآپ کے ناخنوں کو مظبوط ا ور صحت مند بنا سکتی ہے۔یہاں صحت مند ناخنوں کے لئے کچھ غذائیں تحریر کی جا رہی ہیں۔

پھلیاں

مختلف قسم کی پھلیاں بائیوٹن حاصل کرنے کا ذریعہ ہیں،یہ وٹامن کی ایک قسم ہے جوناخن کو ٹوٹنے سے بچاتی ہے اور ناخن کی نشونما کے لئے بہت ضروری ہیں۔بائیوٹن کی معمولی کمی ناخن کو خشک اور بدرنگ کرنے کے ساتھ اس کے بڑھنے کی رفتار کو بھی کم کر دیتی ہے۔اس کمی کو پورا کرنے کے لئے سبز اور سفیدپھلیاں،فراش بین اور لوبیا وغیرہ ابال کر بیک کرکے یاسلاد کے ساتھ بھی کھایا جا سکتا ہے۔

کدو کے بیج

کدو کے بیج میں زنک موجود ہوتا ہے جو قوت مدافعت کو بڑھاتا ہے۔زنک سے جسم میں پروٹین بنانے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے جو ناخنوں کی بہترین نشونما کا باعث بنتی ہے۔زنک کی کمی سے ناخن پر سفید نشان نمودار ہو جاتے ہیں،بالکل اسی طرح جیسے ناخن کو دبانے سے سفید رنگ نظر آنے لگتا ہے۔روزانہ کدو کے کے کچھ بیج کھانے سے آپ کے ناخن صحت مند اورمظبوط بن جا ئیں گے۔

بروکولی(گوبھی کا پھول)

بروکولی جسم کو وافر مقدار میں آئرن فراہم کرتی ہے جو صحت مند ناخنوں کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔ آئرن خون کے سرخ خلیوں اور ٹشوز میں آکسیجن کی مقدار کو بڑھاتا ہے۔آئرن کی کمی کے باعث ناخنوں میں لکیریں پڑ جاتی ہیں ۔ایسے ناخنوں کیلئے جو آسانی سے ٹوٹ جاتے ہیں اورجن کی رنگت پیلی پڑ جاتی ہے،بروکو لی کو کچایا پکا کر کھایا جائے۔

دودھ

دودھ میں کلشیئم کی وافر مقدار ناخنوں کو مظبوط بنانے کے ساتھ تیزی سے بڑھنے میں بھی مدد دیتی ہے۔کلشیئم کی کمی کی وجہ سے ناخن خشک اور کڑک ہو جاتے ہیں،اس کمی کو دور کرنے کے لئے روزانہ ایک گلاس دودھ پیءں۔ کلشیئم کو جسم میں مکمل طور پر جزب کرنے کے لئے دودھ کے ساتھ ایسی غذا کھائیں جس میں وٹامن ڈی موجود ہو جیسے انڈے اور مشروم وغیرہ۔

انڈے

پروٹین سے بھرپور غذائیں ناخن کی نشونماکے لئے بہت ضروری ہیں۔کیوں کہ ناخن کیراٹن(پروٹین کی ایک قسم)سے بنے ہوتے ہیں۔اس لئے پروٹین والی غذائیں کھا کر ناخنوں کوصحت مند اور مظبوط بنایا جاسکتا ہے۔انڈوں میں پروٹین کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے۔ناخن کو صحت مند بنانے کے لئے روزانہ دو انڈے کھائیں۔انڈے ابال کر یا کم تیل میں تل کر بھی کھائے جا سکتے ہیں۔

گاجر

گاجر کا روزانہ استعمال آپ کے ناخن کے ساتھ جلد اور بالوں کو بھی خوبصورت بناتا ہے۔گاجر میں موجود وٹامن اے ناخنوں کو خشک اور بد رنگ ہونے سے بچاتا ہے۔گاجر کو روزانہ کچا یا پکا کر کھایا جاسکتا ہے۔یاروزانہ ایک گلاس گاجر کا جوس بھی ناخنوں کو صحت مند بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔مزید یہ کہ گاجر آنکھوں اور قوت مدافعت کو بڑھانے میں بھی مدددیتی ہے۔

ٹماٹر

ٹماٹر میں وافر مقدار میں بائیوٹن اور لائسوپن پایا جاتا ہے جو ناخن کو چمکدار صحت مند اور خوبصورت بنانے میں مدد دیتے ہیں۔ ٹماٹر میں وٹامن اے اور سی بھی ہو تا ہے۔ٹماٹر نا صرف ناخنوں کے لئے اچھے ہیں بلکہ جلد کے لئے بھی بہترین ہیں۔ہوسکے تو ٹماٹر کو کچا کھایا جائے کیونکہ پکانے سے وٹامن سی ختم ہو سکتا ہے۔ناخن کی بہتر نشونما اور تیزی سے بڑھانے کے لئے ٹماٹر کے رس میں روزمیری آئل شامل کریں اور۵ سے ۱۰ منٹ کے لئے ناخن اس میں ڈبوئے رکھیں۔یہ ناخن کی نمی اور قدرتی رنگت کو برقرار رکھے گا۔

کیلا

کیلا پوٹاشیئم سے بھرپور ہوتا ہے جو توانائی کو بڑھاتا ہے ۔کیلے میں موجود سلیکا ناخن کو خوبصورت بناتا ہے اس میں موجود زنک ناخن کو مظبوط کرتا ہے۔اس میں وٹامن بی ۶ بھی ہوتا ہے جو ناخن کو صحت مند بنانے کا ذریعہ ہے۔

پانی

پانی کی کمی کا اثر آپ کے ناخنون پر بھی اسی طرح ہوتا ہے جیسا بقیہ جسم پر۔پانی کی کمی کی وجہ سے کیوٹیکل بن جاتے ہیں اور ناخن کمزور ہوجاتے ہیں ۔پانی کی کمی سے بچنے کے لئے دن بھر میں آٹھ سے دس گلاس پانی پینا چاہئے۔
ایسی غذا اور پھل کھائیں جس میں پانی کی وافر مقدار موجود ہو۔چائے ،کافی الکوحل اورسوڈا ڈرنک سے گریز کریں کیونکہ ان کا استعمال بھی پانی کی کمی کا باعث بنتا ہے۔

شکر قندی

شکر قندی قوت مدافعت کو بڑھانے کے ساتھ مظبوط اور صحت مند ناخن اور جلد کیلئے بھی بہترین ہے۔شکرقندی اینٹی اوکسیڈنٹ کیروٹین سے بھرپور ہوتی ہے۔جسے جسم وٹامن اے میں تبدیل کر دیتا ہے۔جو سیل کی نشونما کے لئے ضروری ہے اور ناخن کو صحت مند بناتا ہے ۔وٹامن اے کی کمی ناخن کو خشک اور کھردرا کردیتی ہے۔ آپ شکرقندی کو بیک کرکے اسٹیم کرکے اور روسٹ کرکے بھی کھاسکتے ہیں۔
ان غذاؤں کو اپنے ڈائٹ پلا ن میں شامل کرکے آپ اپنے ناخن خوبصورت اورمظبوط بناسکتے ہیں لیکن اسکے ساتھ ہی آپ کواپنے ناخنوں کا مکمل خیال اور دیکھ بھال بھی کرنا پڑے گی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...